Inquilab Logo

بلیا میں اکھلیش کی ریلی، سماجوادی پارٹی کو یقین،فریب دینے والی حکومت کوعوام اُکھاڑ پھینکیں گے

Updated: March 02, 2022, 11:48 AM IST | Agency | Ballia

سماجوادی سربراہ نےکہا کہ موجودہ اسمبلی انتخابات’بلیا بنام چھلیا‘کا ہے، بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے انہوں نے ایک بار پھر دُہرایا کہ اس کے چھوٹے لیڈران چھوٹا او ر بڑے لیڈران بڑا جھوٹ بولتے ہیں

Akhilesh Yadav`s participation in a big rally in Blia strongly criticized BJP..Picture:INN
بلیا میں اکھلیش یادو کی ایک بڑی ریلی میں شرکت، بی جے پی پر شدید تنقید کی۔ تصویر: آئی این این

سماج وادی پارٹی(ایس پی) صدر اکھلیش یادو نےبی جے پی حکومت پر لوگوں کو دھوکہ دینے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ موجودہ اسمبلی انتخابات’بلیا بنام چھلیا‘(فریب دہی کرنے والا)کا ہے اوریہاں کے عوام  فریب دینے والی حکومت کو اکھاڑ پھینکیں گے۔
  یہاں ایک کارکن سمیلن سے خطاب کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے منگل کو کہا کہ بی جے پی نے عوام کو ہرموقع پر دھوکہ دیا ہےاور  ان کے ساتھ چھل کیا ہے۔ یہ الیکشن  فریب دہی کرنے والوں اور بلیا کے درمیان دکھائی دے رہا ہے۔ انقلابیوں کی یہ سرزمین بلیا کے لوگ اپنی طاقت سے اس حکومت کو دھول چٹانے کا کام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پیر کو وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریر لوگوں نے سنی ہوگی۔ اب تو بی جے پی کے اتحادی بھی جان چکے ہیں کہ بی جے پی کے لوگ جھوٹ بولتے ہیں۔ چھوٹے لیڈر چھوٹا جھوٹ بولتے ہیں اور بڑے لیڈر بڑا جھوٹ بولتے ہیں اور سب سے بڑا لیڈر سب سے بڑا جھوٹ بولتا ہے۔ 
 کسانوں کی آمدنی دُگنی کرنے کا وعدہ جھوٹا نکلا اور نوجوانوں کو روزگار نہیں ملا۔ کسانوں کو کھاد کیلئے ترسنا پڑا اور دھان کی فصل بھی خریدی نہیں گئی۔ اکھلیش یادو نے دعویٰ کیا کہ موجودہ الیکشن میں ایس پی کا اتحاد ۳۰۰؍سے زیادہ سیٹیں جیت کر مکمل اکثریت کی حکومت بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آنے پر کسانوں، نوجوانوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
کل  پھر انتخابی مہم میں  ملائم سنگھ نظر آئیں گے

  ضلع مین پوری کی کرہل اسمبلی حلقے میں اپنے بیٹے اور سماج وادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو کیلئے ووٹ کی اپیل کرنے والے پارٹی  کے بانی ملائم سنگھ یادو اب اپنے جگری دوست آنجہانی پارس ناتھ یادو کے بیٹے اور سابق ایم ایل اے لکی یادو کیلئے ووٹ مانگیں گے۔ ملائم سنگھ نے ابھی تک صرف کرہل سیٹ سے عوامی ریلی سے خطاب کیا ہے اور اب پارس ناتھ یاد وکے بیٹے کے انتخابی مہم میں شرکت کیلئے جونپور کے ملہنی اسمبلی حلقے میں ۳؍ مارچ کو خطاب کریں گے۔وزیر اعظم مودی بھی اسی دن یہاں ریلی کریں گے۔ملائم کی یہ ریلی چھٹے مرحلے کیلئے ۵۷؍سیٹوں میں جاری ووٹنگ کے دن ہوگی۔ اس طرح سے جونپور میں ملائم کی ریلی سے ایس پی پوروانچل  میں سبقت حاصل کرنے کی کوشش میں ہے۔ انہوں نے ۲۰۱۷ء بھی میں محض۲؍ ہی ریلیاں کی تھیں اور یہ دونوں سیٹیں ایس پی نے جیت  لی تھیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK