• Wed, 21 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

الشرع اور ٹرمپ کا شام کی وحدت اور استحکام کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور

Updated: January 21, 2026, 4:42 PM IST | Agency

شام کے صدر احمد الشرع نے امریکی صدرٹرمپ سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور شام کی تازہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا،داعش اور کرد عوام کے موضوع پر بھی گفتگو۔

Syrian President Ahmed al-Sharaa and US President Donald Trump. Picture: INN
شام کے صدر احمد الشرع اورامریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ۔ تصویر: آئی این این
شام کے صدر احمد الشرع نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا جس کے دوران انھوں نے شام کی تازہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں لیڈروں نے شام کی علاقائی سالمیت اور استحکام کی حمایت اور داعش کے خلاف تعاون جاری رکھنے اور اس کے خطرات کو ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انھوں نے شامی ریاست کے فریم ورک کے اندر کرد عوام کے حقوق کی ضمانت دینے پر بھی زور دیا  اور ایک مضبوط اور متحد شام دیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا جو چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔ 
دونوں صدور نے ایک ایسے مضبوط اور متحد شام کے لیے مشترکہ امنگوں کا اظہار کیا جو علاقائی اور بین الاقوامی چیلنجوں کا سامنا کرسکے۔ شامی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’ثنا‘ کے مطابق اس ٹیلی فون کال کے دوران متعدد علاقائی معاملات پر بات چیت کی گئی، جبکہ شام کو ایک بہتر مستقبل کی جانب بڑھنے کیلئے نیا موقع فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ 
دوسری جانب یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کایا کالاس نے پیر کے روز شام میں مکمل طور پر تناؤ میں کمی کی ضرورت پر زور دیا، جو کہ حکومتی افواج اور سیرین ڈیموکریٹک فورسیز (ایس ڈی ایف) کے درمیان جنگ بندی سمیت ایک معاہدے تک پہنچنے کے بعد سامنے آیا ہے۔ 
کالاس نے ایک بیان میں کہا ’’شامی حکام اور سیرین ڈیموکریٹک فورسز کے درمیان جنگ بندی ملک کو دوبارہ بد امنی کے بھنور میں گرنے سے بچانے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ تناؤ میں کمی کے وعدوں کا مکمل احترام کیا جانا چاہئے اور شہریوں کا تحفظ یقینی بنانا چاہئے۔‘‘انہوں نے تمام فوجی کارروائیاں فوری طور پر روکنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین کا مقصدشام میں ایک جامع اور حقیقی سیاسی منتقلی کا حصول ہے۔ اس مقصد کے لیے ضروری ہے کہ فوجی، سیکوریٹی اور سوِل اداروں کو ریاست کے متحد ڈھانچے میں ضم کیا جائے، جس کے ساتھ ساتھ فعال سیاسی اور مقامی شرکت بھی شامل ہو۔ مزید برآں، کردوں کے حقوق کا مکمل تحفظ بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔
شامی حکومت نے اتوار کے روز کردوں کے زیر قیادت سیرین ڈیموکریٹک فورسز کے ساتھ ادغام کا ایک جامع معاہدہ کیا تھا، تاہم پیر کے روز بھی کشیدگی برقرار رہی۔ میدانی صورتحال کے حوالے سے، شامی فوج نے الرقہ میں الاقطان جیل کے گردونواح کو آرٹلری سے نشانہ بنایا جب اسے حوالے کرنے کے لیے ہونے والے رابطے ناکام ہو گئے، نیز فوج نے ایس ڈی ایف کے ایک قافلے کو بھی نشانہ بنایا جس نے جیل کی طرف پیش قدمی کی کوشش کی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK