Inquilab Logo

’’بی جے پی کا ۴۰۰؍ سیٹیں جیتنے کا دعویٰ محض جملہ بازی ہے ‘‘

Updated: April 29, 2024, 10:49 AM IST | Raipur

آل انڈیا مہیلا کانگریس کی صدر الکا لامبا نے رائے پور میں کہا کہ اس بار ملک میں کوئی مودی لہر نہیں ہے اور بی جےپی کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے منصوبے پورے نہیں ہونگے۔

All India Mahila Congress President Alka Lamba. Photo: INN.
آل انڈیا مہیلا کانگریس کی صدر الکا لامبا۔ تصویر: آئی این این۔

آل انڈیا مہیلا کانگریس کی صدر الکا لامبا نےموجودہ انتخابات کی اہمیت بتاتے ہوئے انہیں ملک کی جمہوریت بچانے کی لڑائی قراردیا اورکہا کہ بی جے پی کا ۴۰۰؍ سیٹیں جیتنے کا دعویٰ صرف جملے بازی ہے۔ الکا لامبا نے یہاں کانگریس بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی جس نے گزشتہ۱۰؍ سال سے ملک میں بدانتظامی، ناانصافی اور آمریت کا ماحول بنا رکھا ہے، اس بار اس کی کوئی لہر نہیں ہے اور اس کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے منصوبے پورے نہیں ہوں گے۔ 
الکا لامبا نے کانگریس بھون میں ایک پریس کانفرنس میں وزیر اعظم نریندر مودی کو براہ راست نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم مودی کے۱۰؍ سالہ دور میں بدانتظامی، ناانصافی اور آمریت کا بول بالا رہا ہے لیکن اس بار ملک میں ان کے نام کی کوئی لہر نہیں ہے اور ان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے منصوبے پورے نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ملک کے ۱۴۰؍ کروڑ عوام کے وزیر اعظم ہیں اور انہیں لوگوں کے پاس جا کر بتانا چاہئے کہ انہوں نے پچھلے۱۰؍ سال میں کیا کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اور چھتیس گڑھ کی ڈبل انجن حکومت اپنے کام کی وضاحت کرنے کے بجائے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ 
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملک بھر میں ۳۳۰؍ پارلیمانی سیٹوں پر کانگریس کے امیدوار بی جے پی کو سیدھی ٹکر دے رہے ہیں۔ باقی نشستوں پر انڈیا گروپ کے مشترکہ امیدوار میدان میں ہیں۔ نکسل ازم اور آرٹیکل۳۷۰؍ کے مسئلہ پر بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر اس کا (بی جے پی) معاملہ موثر ہوتا تو اسے جموں و کشمیر کے لئے اتنی محنت نہیں کرنی پڑتی اور وہ ابھی تک یہاں اپنا امیدوار بھی کھڑا نہیں کر پائی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ بی جے پی ملک کے باقی حصوں میں ان مسائل سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہی ہے لیکن یہ کبھی پوری نہیں ہو گی۔ 
چھتیس گڑھ حکومت کی مہتاری وندن اسکیم پر سوال اٹھاتے ہوئے انہوں نے سوالیہ لہجے میں کہا کہ ملک میں مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے جس کے لیے پوری طرح سے بی جے پی ذمہ دار ہے اور ایک ہزار ہزار روپے کے مہتاری وندن سے خواتین کا کیا بھلا ہوگا۔ کانگریس کے منشور کو عوامی مفاد کا بتاتے ہوئے الکا لامبا نے کہا کہ اگر ان کی پارٹی حکومت بناتی ہے تو وہ کسانوں کے قرضوں کی ایک ایک پائی معاف کر دے گی اور اس کے ساتھ ہی زرعی آلات پر عائد ٹیکس کو بھی منسوخ کر دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی فوج میں اگنی ویر یوجنا کو ختم کر دیا جائے گا اور مستقل بحالی کا منصوبہ نافذ کیا جائے گا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ کانگریس کے منشور میں کسی کی جائیداد ضبط کرنے کی بات نہیں کی گئی ہے۔ واضح رہےکہ الکا لامبا انتخابات کے سلسلے میں چھتیس گڑھ سمیت ۲۲؍ ریاستوں کا دورہ کرچکی ہیں جہاں ان کے مطابق انہوں نے مشاہدہ کیا کہ ملک میں کوئی مودی لہر نہیں ہےاور بی جےپی اس مرتبہ ۱۸۰؍ سے ۲۰۰؍ سیٹوں تک محدود رہ جائیگی۔ 
تیسرے مرحلے میں بھی اپوزیشن کا کھاتہ نہیں کھلے گا:امیت شاہ
اترپردیش کے مین پوری پارلیمانی حلقے میں وزیر داخلہ ا میت شاہ نے ایک انتخابی مہم سے خطاب کرتے ہوئے اتوار کو دعویٰ کیا کہ تیسرے مرحلے میں بھی اپوزیشن کا کھاتہ نہیں کھل سکے گا۔ یہاں کشنی کے ڈی پی ایس اسکول کے کھیل میدان میں بی جے پی امیدوار جئے ویر سنگھ ٹھاکر کی حمایت میں منعقد ایک انتخابی ریلی میں وزیر داخلہ نے کہا کہ اتر پردیش میں ۸۰؍ میں سے ۸۰؍سیٹیں جیتنے کے بی جے پی کے ہدف کو حاصل کرنے کیلئے جےویر سنگھ کو مین پوری سے بھاری اکثریت سے جتانا ہوگا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ضمانت دی ہے کہ مفت اناج فراہم کرنے کی اسکیم ۲۰۲۹ءتک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت میں سڑکوں، ہوائی اڈوں اور میڈیکل کالجوں کی تعمیر کے میدان میں قابل ذکر کام کیا گیا ہے۔ یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں اتر پردیش میں قانون کی حکمرانی قائم ہے۔ شاہ نے کہا کہ سماج وادی پارٹی کے سربراہ نے لوک سبھا انتخابات میں اپنے خاندان کے پانچ افراد کو میدان میں اتار کر ثابت کر دیا ہے کہ سماجوادی ایک خاندانی پارٹی ہے۔ اتر پردیش میں دو شہزادے کھلے عام مودی جی کے خلاف مہم چلا رہے ہیں جبکہ کانگریس کی حکومت والی ریاستوں میں او بی سی کوٹہ کاٹ کر اقلیتوں کو ریزرویشن دیا گیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی گارنٹی ہے کہ وہ کسی کو او بی سی اور ایس سی کا کوٹہ نہیں کاٹنے دیں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK