• Mon, 19 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جنوبی افریقہ کی انڈر ۱۹؍ ورلڈ کپ کی تاریخ کی دوسری سب سے بڑی فتح

Updated: January 19, 2026, 9:56 PM IST | New Delhi

جنوبی افریقہ نے تنزانیہ کے خلاف انڈر ۱۹؍ ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے ۱۴؍ویں میچ میں ۳۲۹؍ رنز سے شاندار کامیابی حاصل کی۔ یہ انڈر ۱۹؍ ورلڈ کپ کی تاریخ میں رنز کے اعتبار سے دوسری سب سے بڑی جیت ہے۔

South Africa`s Batter.Photo:INN
جنوبی افریقہ کے بلے باز۔ تصویر:آئی این این

جنوبی  افریقہ نے تنزانیہ کے خلاف انڈر ۱۹؍ ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے ۱۴؍ویں میچ میں ۳۲۹؍ رنز سے شاندار کامیابی حاصل کی۔ یہ انڈر ۱۹؍ ورلڈ کپ کی تاریخ میں رنز کے اعتبار سے دوسری سب سے بڑی جیت ہے۔اس فہرست میں آسٹریلیا سرفہرست ہے، جس نے ۲۰؍ جنوری۲۰۰۲ء کو کینیا کے خلاف ۴۳۰؍ رنز سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ تیسرے نمبر پر موجود  ہندوستان نے ۲۲؍ جنوری۲۰۲۲ء کو یوگانڈا کے خلاف ۳۲۶؍ رنز سے فتح حاصل کی تھی۔
ہائی پرفارمنس اوول میں کھیلے گئے گروپ ڈی کے اس مقابلے میں ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ساؤتھ افریقی ٹیم نے مقررہ اوورز میں ۵؍ وکٹوں کے نقصان پر۳۹۷؍ رنز بنائے۔ٹیم کے لیے جورِچ وان شالک وِک اور عدنان لگائیڈین نے۵ء۷؍ اوورز میں ۵۸؍ رنز کی شراکت قائم کی۔ جورچ وان شالک وک نے ۳۴؍ گیندوں پر۵؍ چھکوں اور ۲؍ چوکوں کی مدد سے ۴۷؍ رنز بنائے، جبکہ عدنان نے ۳۱؍گیندوں پر ۳۲؍ رنز کی اننگز کھیلی۔

ٹیم نے ۹۳؍ رنز کے مجموعی اسکور پر اپنے اوپننگ بلے بازوں کی وکٹ گنوا دی تھیں۔ اس کے بعد کپتان محمد بلبلیا اور جیسن رولز نے تیسرے وکٹ کے لیے  ۱۷۶؍ گیندوں پر ۲۰۱؍ رنز کی شاندار شراکت قائم کر کے ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔ محمد بلبلیا ۱۰۸؍ گیندوں پر ۱۱؍ باؤنڈریز کی مدد سے ۱۰۸؍ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ جیسن رولز نے۱۰۱؍ گیندوں پر۵؍ چھکوں اور ۱۰؍ چوکوں کی مدد سےناٹ آؤٹ ۱۲۵؍ رنز کی اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ پال جیمز نے۱۸؍ گیندوں پر تیز رفتار ۴۶؍ رنز بنائے۔

یہ بھی پڑھئے:فلم ’’دو دیوانے شہر میں‘‘ کاٹیزرجاری،عشق میں ڈوبے دیوانے بنے مرونال ٹھاکر اور سدھانت چترویدی

تنزانیہ کی جانب سے سمبا مباکی نے سب سے زیادہ ۲؍وکٹ حاصل کئے  جبکہ خالدی جمعہ اور الفریڈ ڈینیئل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں تنزانیہ کی ٹیم۲ء۳۲؍ اوورز میں صرف ۶۸؍ رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ ٹیم نے۱۳؍ رنز کے اسکور تک اپنے ۴؍ وکٹ گنوا  دیئے تھے۔ اس کے بعد لکش بکرانیا نے سمبا مباکی کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے ۲۶؍ رنز جوڑے، لیکن اس شراکت کے ٹوٹتے ہی ٹیم ایک بار پھر بکھر گئی۔

یہ بھی پڑھئے:لالیگا: ریئل سوسیڈاڈ نے بارسلونا کو ہرا کر خطاب کی دوڑ دلچسپ بنا دی

 سمبا مباکی نے ۱۷؍ رنز بنائے جبکہ اکرے پاسکل ہیوگو نے ناٹ آؤٹ ۱۲؍ رنز ٹیم کے کھاتے میں ڈالے، تاہم وہ تنزانیہ کو شرمناک شکست سے نہ بچا سکے۔ ساؤتھ افریقہ کی جانب سے بویانڈا ماجولا اور جیسن رولز نے ۲۔۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ یہ ٹورنامنٹ میں ساؤتھ افریقہ کی مسلسل دوسری جیت رہی، جبکہ تنزانیہ کو لگاتار دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK