• Sat, 28 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اردو اسکولوں کے طلبہ میں اخباربینی کو فروغ دینے کیلئے’آل دھولیہ اردو انقلاب ممبئی کوئز‘ مقابلہ

Updated: November 28, 2026, 3:17 PM IST | Ismail Shad | Dhule

’الحاج ضمیر احمد ملّا سر فاونڈیشن ‘کی جانب سے ۲۹؍نومبر کو مقابلے کا انعقاد، طلبہ میں مطالعہ اور اخبار بینی کے ذوق کو فروغ دینےکیلئے پہل۔

A student noting down an important point in their notebook while studying the educational revolution. Photo: INN
ایک طالبعلم، تعلیمی انقلاب کے مطالعہ کے دوران کوئی اہم نکتہ اپنی بیاض میں لکھتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

اردو اسکولوں کےطلبہ میں اخبار بینی کے ذوق کو پروان چڑھانے کیلئے شہر کے ایک ادارے ’الحاج ضمیر احمد ملا سر فاؤنڈیشن‘کی جانب سے’ اردو انقلاب کوئز کمپیٹیشن‘ کااعلان کیا گیا ہے۔ یہ کوئز مقابلہ۲۹؍نومبر بروز اتوار کو صبح ۱۱؍ بجے حبیبی اردو اسکول نزد سلاٹر ہاؤس دھولیہ میںمنعقد کیا جائے گا۔اس تنظیم کی جانب سے کہا گیا کہ ترغیبِ مطالعہ کے پیشِ نظر ماہِ نومبر میں یومِ اردو (۹؍ نومبر) اور قومی یومِ تعلیم(۱۱؍ نومبر) منایا گیا، اسی کے مدنظر طلبہ کے اندر حالات حاضرہ سے واقفیت کی عادت ڈالنے،ان میں عام معلومات کو بڑھانے کا ذوق و شوق پیدا کرنے اورمقابلہ جاتی امتحانات کی ذہن سازی کرنے کے مقصد سےاس مقابلے کو منعقد کیا جارہا ہے۔ چونکہ طلبہ کی ہمہ جہت ترقی میں اسکولی نصاب اور درسی کتاب کے ساتھ دیگر مشمولاتی سرگرمیوں کا اہم کردار ہوتا ہے۔ مقابلہ جاتی عہد میں درسی و نصابی معلومات کے ساتھ عصرِ حاضر سے واقفیت ناگزیر ہے۔ حالات، واقعات سے باخبر رہنے کا اہم وسیلہ اخبار ہے۔ اخبارات کے مطالعے سے ذخیرہ الفاظ میں اضافہ، زبان کی سمجھ، اظہارِ خیال اور خود اعتمادی میں بہتری ہوتی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: سندھو درگ: آم اور کاجو کے باغات میں اے آئی تکنیک کے پائلٹ پروجیکٹ آغاز

ششم سے نہم جماعت تک کے طلبہ شرکت کے اہل 

اس ضمن میں مذکورہ تنظیم کے صدر انصاری عتیق احمد ضمیر احمد ملّا سر نے بتایا کہ شہر کے اردو اسکولوں میں اس مقابلے کا سرکیولر دیوالی کی تعطیلات سے قبل ہی تقسیم کردیا گیا ہے،اردو انقلاب کوئز کمپیٹیشن ۲؍ گروپ پر مشتمل ہے۔جماعت ششم اور ہفتم جونیئر گروپ اور ہشتم و نہم سنیئر گروپ،  ہر گروپ میں ایک اسکول سے چار طلبہ پر مشتمل ٹیم شرکت کی مجاز ہوگی۔

کوئز مقابلےکی تیاری ایسے کرنی ہوگی

شریک مقابلہ طلبہ کو’’ روز نامہ انقلاب ممبئی‘‘۲؍نومبر سے ۲۲؍نومبر۲۰۲۶ءبشمول تعلیمی انقلاب کا بغور مطالعہ کی ہدایت دی گئی تھی۔معلوم ہوکہ ان ایام کے اخبار سے ۵۰؍ کثیر متبادل معروضی سوالات’ایم سی کیوز‘دیے جائیں گے۔ ہر دو گروپ میں حاصل کردہ نمبرات کی بنیاد پر اولین ۳؍ طلبہ کو پہلا، دوسرا، تیسرا انعام ٹرافی، کتابیں، قلم ،سرٹیفکیٹ اور مخصوص مدت کے لئے مفت انقلاب اخبار دیا جائے گا۔ ہر دو گروپ میں شامل ٹیم کی مجموعی مارکس کی بنیاد پر مثالی اسکول ایوارڈ کی شیلڈ دی جائے گی۔  حاصل کردہ اطلاعات کے مطابق حبیبی اردو اسکول میں منعقد ہونے والے مقابلےکی تقریب کی صدارت انصاری محمد شریف (نگراں صبح نو لائبریری) فرمائیں گے۔ جونیئر گروپ کا افتتاح ڈاکٹر محمد مصطفیٰ مسعودانصاری(سیکریٹری ڈاکٹر عبدالتواب انصاری ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی) کے ہاتھوں عمل میں آئے گا، جبکہ سینئر گروپ کا افتتاح الحاج شکیل احمد شمعون (ارژنگِ ادب) کریں گے۔تقریب میں بطور مہمانانِ خصوصی شہر و خطے کی معروف صحافتی و تعلیمی شخصیات شرکت کریں گی، جن میں شکیل شاہین (سینئر صحافی)، تواب انصاری (ایڈیٹر خاندیش جن سنگرام)،ریحان شیخ (ایڈیٹر بانے دار لیکھنی)،انصاری محمد سلیم (ایڈیٹر سچا ہتھیار)، سیف الرحمٰن (ایڈیٹر شرم کشٹ)،انیس کھاٹک (ایڈیٹر گریٹ ہندوستان)، عبدالواحد کاکر (نمائندہ نو بھارت)، اشفاق کھاٹک (نمائندہ سکاڑ)، قاضی عبدالحق (نمائندہ آپلا مہاراشٹر)،عابد محمد سلیم (صحافی) ،جمیل احمد محمد صابر (صدر مدرس حبیبی پرائمری اسکول، دھولیہ) شامل ہیں۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK