• Sat, 22 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’بنا کیو آر کوڈ والی تمام ہورڈنگز کو فوراً نکال دیا جائے‘‘

Updated: November 22, 2025, 2:15 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

ہائی کورٹ نے ایک بار پھر سیاسی لیڈران اور کارکنان کی جانب سے لگائی جانے والی غیر قانونی ہورڈنگز اور ان پرکارروائی کی تفصیلات طلب کیں۔

The court has ordered action against hoardings without QR codes and illegal hoardings. Photo: INN
بغیرکیوآرکوڈ اور غیرقانونی ہورڈنگز کے خلاف عدالت نے کارروائی کا حکم دیا ہے۔ تصویر:آئی این این
کئی غیر سرکاری تنظیموں اور ایک شہری کی جانب سے غیر قانونی ہورڈنگز کے خلاف داخل کردہ عرضداشتوں پر ہونے والی شنوائی کے دوران ریاست کے الگ الگ شہری انتظامیہ، افسران اور وکلاء نے غیر قانونی ہورڈنگز لگانے والوں کے خلاف کارروائی کرنے اور اس پر روک لگانے کے ضمن میں مشورہ دیا ۔کورٹ فراہم کردہ تفصیلات اور مشوروں کو سننے کے بعد یہ حکم دیا   کہ بنا کیو آر کوڈ اوراس ضمن میں تفصیلات فراہم نہ کرنے والی تمام ہورڈنگز کو شہری انتظامیہ کا متعلقہ محکمہ فوری طور پر  نکال دے ساتھ ہی عدالت نے غیر قانونی ہورڈنگز، پوسٹرس اور بینرس لگانے والوں کے خلاف کی جانے والی کارروائی اور جرمانہ کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم بھی دیا۔
عوامی مقامات سے غیر قانونی ہورڈنگز کو ہٹانے کی اپیل کرتے ہوئے بامبے ہائی کورٹ کی دو رکنی بنچ کے جسٹس ریوتی موہیتے ڈیرے اور جسٹس سندیش پاٹل کے روبرو کئی سماجی و غیر سرکاری تنظیموں نے جس میں ستارا اور سسواراج فاؤنڈیشن نامی تنظیموں نے عرضداشت داخل کی ہے ۔دوران سماعت حکومت کی جانب سے بریندر سراف نے بنا کیو آر کوڈ کے بینرس، پوسٹرس اور ہورڈنگز لگانے پر فوری کارروائی کرنے کے ضمن میں برتی جانے والی کوتاہیوں کا اعتراف کیا ۔ مذکورہ  فاؤنڈیشن کے ایڈوکیٹ ادے ورنکجیکر نے   سڑکوں اور عوامی مقامات  پر سیاسی ہورڈنگز میں اضافے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’جب تک ہائی کورٹ اس ضمن میں سخت قدم نہیں اٹھائے گی، یہ سلسلہ یوں ہی جاری رہے گا۔ اکثر پولیس اور شہری انتظامیہ سیاسی ہورڈنگز کو ہٹانے میں ناکام رہی ہے۔‘‘ وکیل نے مزید کہا کہ ماضی میں اس کی کئی مثالیں موجود ہیں ۔
دریں اثناء تھانے میونسپل کارپوریشن کے وکیل مندار لیمے نے حلف نامہ داخل کیا اور  ۹۰؍ فیصد ہورڈنگزلگانے کے اجازت   اور ۱۰؍ فیصد غیر قانونی ہورڈنگز لگانے والوں کے خلاف کارروائی کئے جانے کی اطلاع دی اور انہیں نوٹس دے کر  جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے ۔تاہم ناسک میونسپل کارپوریشن کے ایڈوکیٹ روہت سکھادیو نے کورٹ کو بتایا کہ ناسک میونسپل کارپوریشن نے کیو آر کوڈ کو لازمی قرار دیتے ہوئے اسے لگانے کے لئے درکار تمام تفصیلات حاصل کی جاتی ہے اور تفصیلات فراہم کرنے نہ کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جاتی ہے ۔
اس تعلق سے وکیل منوج کونڈےنے جرمانہ کی رقم میں اضافہ کی تجویز پیش کی تھی جبکہ ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کے وکیل شاہد انصاری نے ہورڈنگز کے تعلق سے آندھرا پردیش کارپوریشن کے طریقہ کار کو اپنانے کا مشورہ دیا   ۔ بعد ازیں دو رکنی بنچ نے سبھی فریق کی فراہم کردہ تفصیلات اور مشورہ کو سننے کے بعدتمام شہری انتظامیہ کو سیاسی جماعتوں کے ذریعہ لگائے جانے والے غیر قانونی پوسٹرس، بینرس اور ہوڈرنگز کے اعداد شمار فراہم کرنے، ان پر کارروائی اور جرمانہ کی رقم کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت دی ۔ اس کے علاوہ عدالت نے مذکورہ بالا معاملہ میں کارروائی کے وقت یکسانیت برتنے کا بھی حکم دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK