• Sat, 22 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

رشبھ پنت کے سامنے سیریز برابر کرنے کا چیلنج

Updated: November 22, 2025, 2:34 PM IST | Agency | Guwahati

آج سے ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کا آغاز،گل نہیں کھیلیں گے۔

Team India captain Rishabh Pant addressing a press conference. Photo: PTI
ٹیم انڈیا کے کپتان رشبھ پنت پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے۔ تصویر:پی ٹی آئی
گوہاٹی ایک ایسا شہر جس نے پہلے کبھی ٹیسٹ میچ کی میزبانی نہیں کی ہے، آج پہلی بار ٹیسٹ کرکٹ کے ساتھ مرکز توجہ بننے والا ہے، کولکاتا میں شکست کے بعد ہندوستان ۲؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر سے پیچھے ہے۔ ایسے میں شبھ من گل کی عدم موجودگی میں ٹیم کی کپتانی کے فرائض انجام دینے والے کپتان رشبھ پنت کے سامنے میچ جیت کر سیریز میں ایک ایک کی برابری حاصل کرنے کا چیلنج ہوگا۔ 
دوسری طرف جنوبی افریقہ بھی مکمل یقین کے ساتھ تاریخ رقم کرنے کیلئے میدان میں اترے گی۔ ہندوستانی سرزمین پردوصفر سے جیت ان کے بالکل قریب ہے اور وہ اسے حاصل کرنے کے لئے پُرجوش ہیں۔ 
ٹاس ہمیشہ کی طرح فیصلہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔ اس نئے وکٹ پر پہلے بلے بازی کرنا زیادہ کارآمد دکھائی دیتا ہے، امید ہے کہ پچ شروع سے ہی غیر متوقع باؤنس اور ٹرن فراہم کرے گی۔ ہندوستان یشسوی جیسوال اور کے ایل راہل کو اس امید کے ساتھ اننگز کے آغاز کیلئے بھیجے گا کہ وہ نئی گیند کا سامنا کر سکیں۔ 
رِشبھ پنت پر بھی نظریں مرکوز ہوں گی۔ اگر وہ جلد کریز پر آ گئے تو ان کی زبردست ہٹنگ یا پریشر میں کھیلنے کی صلاحیت میچ کا رخ بدل سکتی ہے۔ اس  میچ میں کلدیپ یادو، رویندر جڈیجہ اور اکشر پٹیل کا کردار انتہائی اہم ہوگا۔ پچھلے میچ میں جنوبی افریقہ کے گیند بازوں نے ہندوستانی اسپنرز سے بہتر گیند بازی کی تھی، اسی لئے توقع ہے کہ ہندوستان اس بار ابتدا سے ہی اسپن اٹیک پر زیادہ دھیان دے گا۔ 
جنوبی افریقہ کی بلے بازی ٹیمبا باوما، ایڈن مارکرم اور رائن ریکلٹن پر زیادہ منحصر ہو گی جبکہ مڈل آرڈر ویان ملڈر، ٹرسٹن اسٹبس اور کائل ویرین جیسے کھلاڑی ہیں جو ہندوستان کے لئے مشکلات کھڑی کر سکتے ہیں۔ 
گوہاٹی میرےلئے خاص ہے:پنت
گوہاٹی میں اپنی پہلی ٹیسٹ کپتانی کے موقع پر رشبھ پنت نے اس مقام کو اپنے لئے خاص قرار دیا۔ انہوں نے کہا’’سب سے پہلے، میں کہوں گا کہ یہ گراؤنڈ میرے دل کے بہت قریب ہے۔ میرا ون ڈے ڈیبیو بھی یہیں ہوا تھا۔ اب میں یہاں اپنا پہلا ٹیسٹ بطور کپتان کھیل رہا ہوں، اس لئے یہ جگہ ہمیشہ میرے لئے خاص رہے گی اور میرا خیال ہے کہ یہ پورے گوہاٹی کیلئے بھی خاص ہے۔
اپنے قائدانہ انداز کے بارے میں کپتان رشبھ پنت نے کہا کہ وہ کھلاڑیوں کو آزادی دینا چاہتے ہیں تاکہ وہ خود کو بہتر طور پر ظاہر کر سکیں۔ ’’میں ایسا کپتان بننا چاہتا ہوں جو کھلاڑیوں کو آزادی دے۔ میں چاہتا ہوں کہ کھلاڑی میرے آس پاس سیکھیں اور آخرکار ٹیم کیلئے بہتر فیصلہ کریں۔ یہی اصل مقصد ہے اور ظاہر ہے میں اپنی معلومات سے فیلڈ میں ان کی ہر ممکن مدد کرنے کی کوشش کروںگا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK