۲۰۲۴ء کی ووٹرلسٹ من و عن محفوظ رکھی جائے۔ کل جماعتی وفاق مہاراشٹر کا مطالبہ۔
EPAPER
Updated: October 05, 2026, 12:20 PM IST | ZA Khan | Aurangabad
۲۰۲۴ء کی ووٹرلسٹ من و عن محفوظ رکھی جائے۔ کل جماعتی وفاق مہاراشٹر کا مطالبہ۔
کل جماعتی وفاق مہاراشٹر کے صدر ضیاء الدین صدیقی نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے جاری ایس آئی آرکے عمل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایس آئی آر کے دوران سامنے آنے والی تمام گڑبڑیوں اور خامیوں کو فوری طور پر دور کیا جائے اور۲۰۲۴ء کی ووٹر لسٹ کو من و عن محفوظ رکھا جائے تاکہ کسی بھی اہل ووٹر کا نام فہرست سے حذف نہ ہو۔
ایک بیان میں ضیاء الدین صدیقی نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے حوالے سے روز بروز جو اطلاعات سامنے آرہی ہیں، ان سے یہ خدشات بڑھ رہے ہیں کہ بڑی تعداد میں لوگوں کے نام ووٹرلسٹ سے غائب ہونے کی شکایات سامنے آرہی ہیں۔ ان کے مطابق انتخابی فہرستوں کی تیاری اور نظرثانی کا عمل مکمل شفافیت، غیر جانبداری اور کسی بھی بیرونی دباؤ سے آزاد ہوکر انجام دیا جانا چاہئے کیونکہ ووٹرلسٹ میں نام کا موجود ہونا ہر اہل شہری کے جمہوری حق سے براہِ راست وابستہ ہے۔
یہ بھی پڑھئے:پونے: ایم پی ایس سی امتحان میں بے ضابطگیوں کیخلاف زبردست احتجاج
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ایک آئینی اور اہم ادارہ ہے اس لئے اس کی کارکردگی پر عوام کا اعتماد برقرار رہنا ضروری ہے۔ ضیاء الدین صدیقی کے مطابق مختلف اداروں کی خودمختاری اور غیر جانبداری کے حوالے سے ملک میں جو سوالات اٹھتے رہے ہیں، ان کے پیش نظر الیکشن کمیشن کو مزید محتاط انداز میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر انتخابی فہرستوں میں کسی بھی سطح پر غلطی، بے ضابطگی یا نااہل طریقے سے نام حذف کئے جانے کی شکایت سامنے آتی ہے تو اس کی فوری اور شفاف جانچ ہونی چاہئے۔ایک سوال کے جواب میں کل جماعتی وفاق مہاراشٹر کے صدر نے واضح کیا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے خلاف مختلف مطالبات پر ملک میں جو احتجاج کیا جارہا ہے، کل جماعتی وفاق مہاراشٹر اس احتجاج کا حصہ ہے اور وہ احتجاج کرنے والوں کے ان مطالبات کی حمایت کرتا ہے جن کا مقصد انتخابی عمل میں شفافیت، غیر جانبداری اور ووٹر کے حق کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔