وہائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولائن لیوٹ کے مطابق ہم غزہ میں امن قائم کرنے کیلئے پُرعزم ہیں،یرغمالوں کی رہائی اولین ترجیح ہے۔
وہائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولائن لیوٹ۔ تصویر: آئی این این
وہائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولائن لیوٹ نے کہا ہے کہ غزہ کے معاملے پر تمام فریقین رضامند ہیں، غزہ میں امن قائم کرنے کیلئے پُرعزم ہیں۔ وہائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان کیرولائن لیوٹ نے کہا کہ غزہ امن معاہدے پر عملدرآمد کیلئے فریم ورک پر بات چیت ہورہی ہے، اب یہ یقینی بنانا ہے کہ اسرائیل کی سیکوریٹی کو خطرات باقی نہ رہیں۔
کیا ٹرمپ انتظامیہ امن معاہدے کے بعد فلسطین کو ریاست کی حیثیت سے تسلیم کرے گا؟ اس سوال کا جواب دیتے ہوئے وہائٹ ہاؤس کی ترجمان نے کہا کہ معاہدے سے آگے آنے والے حالات پر ابھی تبصرہ نہیں کروں گی۔
وہائٹ ہاؤس کی ترجمان نے مزید کہا کہ غزہ امن معاہدے پر عملدرآمد کرانے پر ابھی توجہ مرکوز ہے، غزہ سے متعلق ٹیکنوریٹ پر مشتمل گورننگ باڈی کے ناموں کو حتمی شکل نہیں دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ غزہ میں جنگ بندی چاہتے ہیں، یرغمالوں کی رہائی اولین ترجیح ہے، غزہ منصوبے پر تکنیکی سطح کی بات چیت جاری ہے۔ کیرولائن لیوٹ نے کہا کہ امریکی انتظامیہ عمل تیزی سے آگے بڑھانے کیلئے بھرپور کوششیں کررہا ہے۔ تمام فریقین اس بات پر متفق ہیں کہ جنگ کا خاتمہ ضروری ہے، تمام فریقین صدر ٹرمپ کے۲۰؍ نکاتی فریم ورک پر متفق ہیں۔
وہائٹ ہاؤس کی ترجمان نے کہا کہ تکنیکی ٹیمیں اسرائیلی یرغمالوں اور سیاسی قیدیوں کی فہرستوں کا جائزہ لےرہی ہیں۔ ٹرمپ چاہتے ہیں کہ یرغمالوں کی رہائی کے بعد پائیدار امن کے اگلے مرحلے کی طرف بڑھا جائے۔
ترجمان نے کہا کہ ڈونالڈ ٹرمپ کا مؤقف ہے کہ غزہ ایسا علاقہ نہیں ہونا چاہئے جو اسرائیل یا امریکہ کی سلامتی کیلئے خطرہ بنے۔
وہائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولائن لیوٹ نے پریس کانفرنس میں مزید کہا کہ امریکی صدر کینیڈین وزیراعظم کی وہائٹ ہائوس میں میزبانی کریں گے، حکومتی شٹ ڈاؤن کی وجہ سے لوگ مالی مشکلات کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہاکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہیں ادا نہیں کی جاسکیں گی، ڈیموکریٹ آج رات ووٹ دےکر امریکی قوم سے یکجہتی کا اظہار کریں۔ ترجمان نے یہ بھی کہا کہ ڈیموکریٹ کے بل میں ڈھائی ارب ڈالرز غیرقانونی تارکین وطن اور غیرامریکی شہریوں کیلئے رکھے گئے، ڈیموکریٹ غیرقانونی تارکین وطن کو امریکی شہریوں پر ترجیح دے رہے ہیں۔ سینیٹ میں فنڈنگ بل پر ووٹنگ ہوگی۔