• Sat, 28 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی: اسٹریٹ فوڈوینڈرس کو فوڈسیفٹی کی خصوصی تربیت دی جائے گی

Updated: November 28, 2026, 11:54 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

نیسلے انڈیا اور میونسپل کارپوریشن کے اشتراک سے۳۰؍نومبر کو تربیتی پروگرام۔ صاف صفائی اورعوام کو معیاری کھانا فراہم کرنے پرزور دیا جائے گا۔

In the first phase, 200 street food vendors will be trained. Photo: INN
پہلے مرحلے میں ۲۰۰؍ اسٹریٹ فوڈوینڈرس کو تربیت دی جائے گی۔ تصویر: آئی این این

شہر میں سڑکوں کے کنارے کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والے اسٹال مالکان اور دیگر فوڈ وینڈرس کو غذاکے تحفظ کے اصولوں سے واقف کرانے اور کھانے پینے کی اشیاء کے معیار کو بہتر بنانے کے مقصد سے میونسپل کارپوریشن نے خصوصی تربیتی پروگرام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے تحت پہلے مرحلے میں۲۰۰؍ اسٹریٹ فوڈ وینڈرس کو ’فوڈ سیفٹی ٹریننگ اینڈ سرٹیفکیشن‘ کی تربیت دی جائے گی  تاکہ وہ محفوظ اور صحت بخش غذائی اشیاء کی تیاری، ذخیرہ کرنے اور فروخت کے مقررہ طریقوں سے واقف ہوسکیں۔

میونسپل کارپوریشن کی جانب سے جاری پریس نوٹ کے مطابق یہ تربیتی پروگرام۳۰؍ نومبر۲۰۲۶ء کو کومبڑپاڑہ میں واقع سوَرگِیہ راجیا گجینگی کلچرل ہال میں منعقد ہوگا۔ نیسلے انڈیا لمیٹڈ کے اشتراک اور میونسپل کارپوریشن کے تعاون سے منعقد ہونے والا یہ پروگرام فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز اتھاریٹی آف انڈیا (ایف ایس ایس اےآئی )، نئی دہلی کے ’ایٹ رائٹ انیشیٹیو‘ کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:بھیونڈی: جدید تدریسی چیلنجز سے نمٹنے کیلئےاساتذہ کا تربیتی ورکشاپ

اس تربیت کے ذریعے کھانے پینے کا کاروبار کرنے والے افراد اور اس کے ذمہ داروں کو فوڈ سیفٹی سپروائزر کے طور پر تیار کیا جائے گا  تاکہ وہ اپنے کاروبار میں غذاکے تحفظ کے مقررہ اصولوں پر عمل کرسکیں۔ اس میں کھانے کی تیاری کے دوران صاف صفائی، حفظانِ صحت، اشیائے خوردونوش کو محفوظ رکھنے اور صارفین کو معیاری غذا فراہم کرنے کے طریقوں سے واقف کرایا جائےگا۔

پہلے مرحلے میں شامل ہونے والے۲۰۰؍ اسٹریٹ فوڈوینڈرس کا رجسٹریشن فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے ذریعے کیا جائے گا۔ میونسپل کارپوریشن کے ڈپٹی کمشنر (مارکیٹ اینڈ لائسنس) بال کرشن شِرساگر نے اس پروگرام کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد شہر کے اسٹریٹ فوڈ کاروبار سے وابستہ افراد کو غذاکے تحفظ کے معیارات کے مطابق تربیت فراہم کرنا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK