میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی نےضابطہ ٔ اخلاق کے موثر نفاذ کیلئے پولیس، ایکسائز اور دیگر محکموں کے ذریعےاقدامات کا بھی حکم دیا۔
بی ایم سی الیکشن کے تعلق سے میونسپل اور دیگر افسران کی میٹنگ کا منظر۔ تصویر: آئی این این
ممبئی میونسپل کارپوریشن الیکشن کی تیاریاں جنگی پیمانے پر جاری ہیں۔ گزشتہ روز میونسپل کمشنربھوشن گگرانی جو ممبئی ضلع کے الیکشن آفیسر بھی ہیں، نے میونسپل افسران، ریٹرننگ آفیسر، پولیس، محکمہ ایکسائز کے افسران کی مشترکہ میٹنگ طلب کی تھی جس میں انہوںنے سبھی ریٹرننگ آفیسر کو ہدایت دی ہے کہ وہ پولنگ اسٹیشنوں کی حتمی فہرست تیار کرنے سے پہلے پولنگ اسٹیشنوں کا براہ راست معائنہ کریں۔ اس دوران انہوں نے ہدایت دی کہ افسران ضروری احتیاط برتیں تاکہ بی ایم سی کے انتخابات میں رائے دہندگان بے خوفی سے ووٹ دے سکیں۔
بھوشن گگرانی نے ہدایت دی کہ انتخابی عمل سے متعلق افسران اور ملازمین کو مقررہ مدت کے اندر تعینات کیا جائے اور انہیں تربیت دی جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ پولیس، ایکسائز اور دیگر محکموں کے ذریعے ضابطہ اخلاق کے موثر نفاذ کیلئے اقدامات کئے جائیں۔اس میٹنگ میں ایڈیشنل میونسپل کمشنر (شہر) ڈاکٹر اشونی جوشی، اسپیشل ڈیوٹی آفیسر (الیکشن) وجے بالموار، جوائنٹ کمشنر (ٹیکس اسیسمنٹ اینڈ کلیکشن) وشواس شنکروار، ڈپٹی کمشنر (اصلاحات) سنجوگ کبرے، ڈپٹی کمشنر (جنرل ایڈمنسٹریشن) کشور گاندھی، کوکن حلقہ کی ایڈیشنل کمشنر فروغ مقادم، ضلعی الیکشن آفیسر وجے کمار سوریہ ونشی اور۲۳؍ ریٹرننگ آفیسرموجود تھے۔
میونسپل کمشنر اور ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر بھوشن گگرانی نے کہا کہ ریاستی الیکشن کمیشن نے پولنگ اسٹیشنوں کے تعین کیلئے معیار طے کیا ہے۔ اس کے مطابق بی ایم سی کے علاقوں میں تقریباً ۱۰؍ ہزار ۱۱۱؍ پولنگ اسٹیشن ہیں جہاں بجلی سپلائی، پینے کے پانی کا انتظام، بیت الخلاء، ریمپ جیسی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ ریٹرننگ آفیسر اس کا معائنہ کر کے تصدیق کریں۔ اس کے بعد پولنگ اسٹیشن کی حتمی فہرست تیار کی جائے۔ ووٹروں کو اپنے نام تلاش کرنے میں مدد کرنے کیلئے پولنگ اسٹیشنوں کے قریب ’’ووٹر اسسٹنس سینٹر‘‘ قائم کیا جانا چاہئے۔ پولنگ اسٹیشنوں پر معلوماتی بورڈز لگائے جائیں۔ انہوںنے یہ بھی کہا کہ انتخابی عمل کیلئے ضروری افسران و ملازمین کی تعیناتی کا عمل جاری ہے۔ انتخابی عمل کیلئے تعینات افسران اور ملازمین کو تربیت دی جائے گی۔ ووٹنگ کے عمل، انتخابی قوانین، ماڈل ضابطہ اخلاق، ای وی ایم ہینڈلنگ اور پولنگ اسٹیشن پر ذمہ داریوں کے بارے میں تفصیلی رہنمائی کی جائے گی۔ انتخابی عمل کسی پریشانی کے بغیر انجام پا سکے، اس کیلئےتمام ملازمین کی تربیت لازمی ہے اور دی گئی ہدایات پر سختی سے عمل کیا جائے۔ ریٹرننگ آفیسر میونسپل کارپوریشن سرکل کے ڈپٹی کمشنر، انتظامی محکموں کے اسسٹنٹ کمشنر سے رابطہ کرے۔ یہ مشورہ بھی دیا کہ تال میل کے ساتھ کارروائی کی جانی چاہئے۔
بھوشن گگرانی کے بقول ضابطہ ٔاخلاق پر موثر اور سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے محکمہ پولیس، محکمہ ایکسائز اور دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر تمام ضروری احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کیا جائے۔