بارامتی میں پیش آنے والے المناک طیارہ حادثے میں جہاں ریاستی نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کا انتقال ہوگیا وہیں دیگر قیمتی جانیں بھی تلف ہوئیں۔ اس نجی طیارے میں اجیت پوار کے ساتھ ۳؍ اسٹاف ممبر اور ایک ذاتی سیکوریٹی افسر بھی سوار تھے، جو سبھی حادثے میں ہلاک ہو گئے۔
فلائٹ اٹینڈنٹ پنکی مالی۔ تصویر:پی ٹی آئی
بارامتی میں پیش آنے والے المناک طیارہ حادثے میں جہاں ریاستی نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کا انتقال ہوگیا وہیں دیگر قیمتی جانیں بھی تلف ہوئیں۔ اس نجی طیارے میں اجیت پوار کے ساتھ ۳؍ اسٹاف ممبر اور ایک ذاتی سیکوریٹی افسر بھی سوار تھے، جو سبھی حادثے میں ہلاک ہو گئے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق طیارے کے پائلٹ اِن کمانڈ کیپٹن سمت کپور تھے جن کے پاس۱۶؍ ہزار گھنٹوں سے زائد پرواز کا تجربہ تھا۔ ان کے ساتھ فرسٹ آفیسر کیپٹن شمبھاوی پاٹھک تھیں جو طیارے کی ہینڈلنگ، نیوی گیشن اور کمیونی کیشن میں معاونت کر رہی تھیں۔ کیپٹن شمبھاوی پاٹھک ایک تربیت یافتہ اور ماہر پائلٹ تھیں۔ انہوں نے نیوزی لینڈ سے کمرشیل پائلٹ لائسنس حاصل کیا تھا اور فلائٹ انسٹرکٹر ریٹنگ (اے) بھی رکھتی تھیں۔ وہ مدھیہ پردیش فلائنگ کلب میں اسسٹنٹ فلائٹ انسٹرکٹر کے طور پر خدمات انجام دے چکی تھیں۔ دفاعی پس منظر سے تعلق رکھنے والی شمبھاوی پاٹھک ایک فوجی افسر کی بیٹی تھیں جبکہ ان کی تعلیم ایئر فورس بال بھارتی اسکول سے مکمل ہوئی تھی۔
طیارے میں موجود فلائٹ اٹینڈنٹ پنکی مالی بھی حادثے کا شکار ہو گئیں۔ یہ اجیت پوار کے ساتھ ان کی چوتھی پرواز تھی اور وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داری اور لگن کیلئے جانی جاتی تھیں۔ پنکی مالی ورلی کی رہنے والی تھی۔ انہوں نے اس سفر سے قبل اپنے والد سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ پرواز کے دوران انہیں اجیت پوار سے متعارف کرائیں گی۔
ان کے والد شیوکمار مالی نے آخری گفتگو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ پنکی نے کہا تھا کہ وہ بارامتی جائیں گی اور وہاں سے ناندیڑ روانہ ہوں گی۔ اہلِ خانہ کے مطابق، پنکی اپنے کام پر فخر کرتی تھیں اور ممبئی میں اپنی جڑوں سے گہرا تعلق رکھتی تھیں۔
اجیت پوار کے ذاتی سیکوریٹی افسر ودیپ دلیپ جادھو بھی اس حادثے میں جاں بحق ہوئے۔ ان کے پسماندگان میں بیوہ اور ۲؍ کمسن بچے ہیں۔ پڑوسیوں کے مطابق اہلِ خانہ کو خبر دیر سے ملی جس کے بعد گھر میں صف ماتم بچھ گئی۔