• Thu, 29 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایس ایس سی طلبہ کو امتحان کیلئے حوصلے اور خوداعتمادی کےساتھ تیاری کرنے کا مشورہ

Updated: January 29, 2026, 1:34 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

’کاوش‘ کے ’ہم ہوں گے کامیاب‘پروگرام میں ماہرین تعلیم، رول ماڈلز اور مسابقتی امتحا ن میں اُردو میڈیم سے کامیاب اُمیدوارنے اظہار خیال کیا۔

A scene from the `Hum Honge Kamyab` program of `Kavish` at Shanmukhanand Hall, King Circle.  Picture: INN
کنگ سرکل کے شانمکھا نند ہال میں ’کاوش‘ کے ’ہم ہوں گے کامیاب‘ پروگرام کا ایک منظر۔ تصویر: آئی این این
ایس ایس سی  طلبہ کی رہنمائی کیلئے تعلیمی تنظیم ’کاوش‘ کی جانب سے بدھ کو کنگ سرکل کے شانمکھا نند ہال میں۱۱؍واں ’ہم ہوں گے کامیاب‘ پروگرام منعقد کیا گیاجس میں ممبئی و اطراف کے ہائی اسکولو ںکے تقریباً ۲؍ہزار ۷۰۰؍طلبہ نےشرکت کی۔ پروگرام کا آغاز ملت ہائی اسکول جوگیشوری کے ۳؍ طالب علموں کی تلاوت قرآن پاک سےہوا۔ عبدالحفیظ سر نے پروگرام کےاغراض ومقاصداور تنظیم ھٰذا کاتعارف پیش کیا ۔
کاوش کے صدرڈاکٹر کاظم ملک نے گول سیٹنگ کے عنوان پر طلبہ کو اہم معلومات فراہم کرتے ہوئے  ان کی رہنمائی کی۔ تعلیمی کائونسلر عامر انصاری نے طلبہ کودسویں کےامتحان کی تیاری سے متعلق اہم معلومات دیںاور ۲۰۲۶ء سے ۲۰۳۰ء کےدرمیان ہونےوالے انٹرنس امتحانات کی تفصیلات فراہم کیں ۔کاوش سےوابستہ منور ملک، قاسم وزیر اور نفیس سیدنے ایس ایس سی کےطلبہ کو اسٹڈی ٹپس ، ٹائم مینجمنٹ اور پیپر پریزنٹیشن کے بارےمیں بتایا۔ ڈاکٹر ناہید دوے نے بورڈ امتحان سے متعلق طلبہ میں پائے جانےوالے ذہنی دبائواور خوف کودور کرنے کیلئے اپنے تجربات بیان کئے ،ساتھ ہی خود اعتمادی کےساتھ امتحان کی تیاری کرنےکامشورہ دیا۔ 
پروگرام میں ممبئی کےعلاوہ دیگر اضلاع کے رول ماڈلز نے شرکت کی۔جنہوںنے مختلف حالات میں اعلیٰ تعلیم کےذریعے کامیابی حاصل کی ہے۔ان میں گھاٹ کوپر کے جاوید کھتری  بھی شامل رہے جنہوں نے چھوٹی عمرمیں بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ وہ ایک کامیاب انٹرپریونرکی حیثیت سے اپنی صلاحیت کا لوہامنواچکےہیں۔رضااحمد خان (انٹرنیشنل وائنڈ سرفنگ پلیئر ) کاتعلق اُدیشہ سے ہے، وہ اپنی نمایاںکارکردگی سے متعدد میڈل حاصل کرچکےہیں۔ اکولہ کے عزیراحمدشیخ نےجج بننےکاشرف حاصل کیاہے، اسی طرح روشن شاہ حسین شاہ جن کاتعلق ایک غریب خانوادہ سے رہا مگر انہوںنے اپنی محنت ،  لگن، جنون اور دلچسپی سے ایم پی ایس سی امتحان۲۰۲۴ءمیں کامیابی حاصل کی ۔ وہ محکمہ آب میں اسسٹنٹ انجینئر کے طورپر اپنی خدمات پیش کررہے ہیں۔
دھولیہ کے محمد کاشف غلام ربانی کےوالددرزی ہیں،وہ اپنی محنت سےچارٹرڈ اکائونٹینٹ بنے۔ کراری مریم جنید، بی ایس سی اورایم ایس سی کےعلاوہ اسپیس فزکس اینڈ اسپیس ویدر میںپی ایچ ڈی کررہی ہیں۔ محمد معصوم دانش، آئی آئی ٹی دہلی سےکمپیوٹر سائنس انجینئر نگ کاکورس مکمل کرکے کسٹم اورجی ایس ٹی میں سپرنٹنڈنٹ کےعہدہ پر فائز ہیں اور شارحہ انصاری بحیثیت نیوٹریشن اپنی خدمات پیش کررہی ہیں۔ان سبھی کامیاب رول ماڈلز نے اپنے تعلیمی سفرمیں آنے والی دشواریوں ، مالی مشکلات اورآزمائشوںکی تفصیلات بیان کیں۔ ناگفتہ بہ حالات میں مستقل مزاجی سے تعلیمی سفرکی تکمیل اور کامیاب منصب پر فائز ہونے کی روداد بیان کرنےکےساتھ انہوںنے طلبہ کو حوصلے اوراعتماد کے ساتھ تعلیمی شعبہ میں کارکردگی پیش کرنےکی صلاح دی۔
ریجنل اکیڈمک اتھاریٹی ممبئی کے پرنسپل منیشا رمیش پواراورتعلیمی کائونسلر اخلاق شیخ نے ریاستی محکمہ تعلیم کے مائی کرئیر ایڈوائزرایپ کےتعلق سے اہم معلومات فراہم کیں۔اس موقع پر بیسٹ پرنسپل کاایوارڈ کے ایم ای سوسائٹی ہائی اسکول کی پرنسپل جویریہ قاضی، بیسٹ کرئیر کائونسلر کا اعزاز جیونت مرلی دھرکلکرنی اور لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر نثار خان کو تفویض کئےگئے۔
دھولیہ کے، اُردو میڈیم سے یوپی ایس سی امتحان پاس کرنے والے عاصم کفایت خان نے اس پروگرام میں مہمان خصوصی کےطورپر شرکت کی۔ انہوں نےاُردو میڈیم سے یوپی ایس سی کا مشکل ترین امتحان پاس کرنےپر خوشی کا اظہار کیا۔ اپنے تعلیمی سفر سے طلبہ کو روشناس کراتےہوئے کہا کہ جنون کامیابی کی سیڑھی ہے ۔ میری ضدتھی کہ میں یوپی ایس سی اُردو میڈیم سے کروں گا، سو کیا، اللہ تعالیٰ نےمیری خواہش پوری کی چنانچہ آپ لوگ بھی اپنا ایک ہدف طے کریں ،اِن شاء اللہ کامیابی آپ کےقدم چومے گی۔‘‘پروگرام کےآخری حصہ میں معروف ڈراما نگار عدنان سرکھوت کاڈراما بھی پیش کیا گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK