• Thu, 19 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بیرونی دنیا سے کٹے ہوئے امیزون کے قبیلے نے برازیلی حکام سےغذائی خوراک مانگ لی، تشویش کی لہر دوڑ گئی

Updated: November 19, 2026, 7:02 PM IST | Brasília

برازیل کے امیزون جنگلات میں بیرونی دنیا سے کٹے ہوئے ’آوا‘ قبیلے کے چند افراد نے حکام سےغذائی خوراک (شکر قندی) مانگ کر واپس جنگل کا رخ کیا ہے۔ اس غیر معمولی واقعے پر انسانی حقوق کی تنظیموں نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ جنگلات میں غیر قانونی دراندازی اور ماحولیاتی تبدیلیوں نے ان تنہا قبائلیوں کی بقا کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

Representative Image. Photo: X.
علامتی تصویر۔ تصویر: ایکس۔

برازیل کے امیزون جنگلات کے ایک مقامی قبیلے نے حال ہی میں مقامی حکام سے رابطہ کر کےغذا طلب کی ہے۔ غیر منافع بخش انسانی حقوق کی تنظیم `سروائیول انٹرنیشنل نے۲۰؍ نومبر کو اطلاع دی کہ `آوا قبیلے کے۲۰؍ افرادجو الگ تھلگ زندگی گزارتے ہیں اور بیرونی دنیا سے ان کا کوئی رابطہ نہیں ہےحکام سے شکر قندی لے کر واپس برساتی جنگلات میں چلے گئے۔ اس واقعے نے اس قبیلے کی خیریت کے حوالے سے شدید تشویش پیدا کر دی ہے، کیونکہ خدشہ ہے کہ انہیں کسی سنگین مسئلے کا سامنا ہے۔ موسمیاتی تبدیلی، زمینوں کے سکڑنے اور دیگر عوامل نے الگ تھلگ رہنے والے قبائل کی زندگی انتہائی دشوار بنا دی ہے۔ آوا قبیلے کے لوگ شکاری اور جنگلات سے خوراک جمع کرتے ہیں اور دہائیوں سے اسی طرز پر زندگی گزار رہے ہیں۔ سروائیول انٹرنیشنل کی ڈائریکٹر کیرولین پیئرس نے کہا، ’’یہ اس بات کا ایک تشویشناک اشارہ ہے کہ بیرونی دنیا سے کٹے ہوئے لوگوں کے جنگلات میں مسلسل دراندازی کس طرح ان خود کفیل مقامی باشندوں کو حقیقی خطرے میں ڈال رہی ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: ناورو: پہلی بار حزب اختلاف کا خاتمہ، تمام اراکین پارلیمان حکومت میں شامل

آوا قبیلہ دنیا کے ان آخری قبائل میں سے ایک ہے جن کا بیرونی دنیا سے کوئی رابطہ نہیں رہااور انہیں موسمیاتی تبدیلی کے علاوہ لکڑی کاٹنے والوں، کسانوں اور دیگر غیر قانونی دراندازوں سے شدید خطرات لاحق ہیں۔ اس قبیلے کے لوگ سینکڑوں سالوں سے امیزون کے برساتی جنگلات میں مقیم ہیں۔ ۱۸۰۰ء کی دہائی میں یورپی آباد کاروں کے حملوں کے بعد انہوں نے بیرونی دنیا سے ہر قسم کا رابطہ منقطع کر لیا تھا۔ آوا قبیلے کو ۱۹۸۰ء کی دہائی کے وسط میں جا کر رہائشی علاقے ملے، جبکہ باقاعدہ حد بندی شدہ زمین کے حصول میں مزید کئی سال لگ گئے۔ اس دوران ان میں سے بہت سے لوگ دراندازوں کا نشانہ بنے، جس کی وجہ سے ان کی آبادی گھٹ کر محض ۳۰۰؍ کے قریب رہ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: فوری اقدامات نہ ہوئے تو غزہ جنگ بندی ختم ہوسکتی ہے: بورڈ آف پیس کا انتباہ

پیئرس نے کہا کہ یہ تازہ ترین واقعہ اس قبیلے کو درپیش مشکلات کو اجاگر کرتا ہے اور برازیل کی حکومت کو چاہئےکہ وہ ’’اراریبویا کے جنگلات کو ان لکڑی کاٹنے والوں اور مویشی پالنے والوں سے بچانے کیلئے مزید وسائل مختص کرے جو قانون کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسے تباہ کر رہے ہیں۔‘‘ آوا قبیلے کی مدد کیلئے کام کرنے والا ایک اور گروہ گواجاجارا برادری کے مقامی افراد کی ایک ٹیم ہے، جسے `فاریسٹ گارڈینز (جنگل کے محافظ) کے نام سے جانا جاتا ہے۔ ان میں سے کچھ رضاکار لکڑی کاٹنے والوں کو پیچھے دھکیلنے اور دراندازوں کو قبیلے کے علاقے سے دور رکھنے کی کوشش میں اپنی جانیں بھی گنوا چکے ہیں۔ تاہم، آوا قبیلے کے افرادغذا مانگنے کیلئے باہر کیوں آئے، اس کی اصل وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK