Inquilab Logo

مرکز نے ہند میانمار سرحدی معاہدہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے: امیت شاہ

Updated: February 08, 2024, 5:24 PM IST | New Delhi

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج کہا کہ مرکزی حکومت نے اندرونی تحفظ اور شمال مشرقی ریاستوں کی آبادی ساخت کو درست رکھنے کیلئے ہندوستان میانمار سرحدی معاہدہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ حل وزیر اعظم نریندر مودی نے پیش کیا ہے۔ خیال رہے کہ حکومت نے ۲؍ دن قبل ہند میانمار سرحد کی احاطہ بندی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

Union Home Minister Amit Shah. Photo: INN
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ ۔تصویر: آئی این این

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ مرکز نے ملک کے اندرونی تحفظ اور شمال مشرقی ریاستوں کی کی آبادیاتی ساخت کو درست رکھنے کیلئے ہندوستان میانمارسرحدی معاہدہ ختم کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔وزرات خارجہ اسے ختم کرنے کے عمل میں ہےاور  وزرات داخلہ نے اس سرحدی معاہدہ کی فوری معطلی کا مشورہ پیش کیا ہے۔ خیال رہے کہ سرحدی معاہدہ (فری موومنٹ ریجائم) ایف ایم آر کے ذریعے ہندوستان اور میانمار کی سرحدوں کے قریب رہنے والے افراد بغیر کسی کاغذات کے ایک دوسرے کی سرحد میں ۱۶؍ کلومیٹر اندر تک داخل ہو سکتے ہیں۔

امیت شاہ نے اپنے ایکس پوسٹ میں لکھا کہ یہ ہماری سرحدوں کو محفوظ رکھنے کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی نے یہ حل پیش کیاہے۔ وزرات داخلہ نے فیصلہ کیا ہے کہ اندرونی تحفظ اور شمال مشرقی ریاستوں کی آبادی ساخت کو درست رکھنے کیلئے ہندوستان اور میانمار کے درمیان سرحدی معاہدہ ختم کر دیا جائے۔خیال رہے کہ یہ فیصلہ امیت شاہ کے ایک ہزار ۶۴۳؍کلومیٹر لمبی ہند میانمارسرحد کی احاطہ بندی کرنے کے فیصلے کےدو دن بعد سامنے آیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: پاکستان: انتخابات کے دوران سیکوریٹی مقاصد کیلئے موبائل فون خدمات عارضی طور پر معطل

ہند میانمار سرحد، جو منی پور، ناگالینڈ اوراروناچل پردیش سے ہو کر گزرتی ہے، فی الحال ہند میانمار سرحدی معاہدہ کی پاسداری کر رہی ہے۔اسے ۲۰۱۸ء میں انڈیا ایکٹ ایسٹ پالیسی کے تحت نافذ کیا گیا تھا۔میانمار سرحد کی احاطہ بندی کرنے کا فیصلہ امپھال وادی کے میتی گروپ کے مطالبے کے بعد سامنے آیاہے۔ میتی برادری نے الزام عائد کیا تھا کہ قبائیلی عسکریت پسند اکثر اس سرحد کے ذریعے ہندوستان میں داخل ہوتے ہیں۔
منگل کو وزیر داخلہ نے کہا تھا کہ ہند میانمار سرحد کی احاطہ بندی کرنے کے علاوہ بہتر نگرانی کیلئے گشتی گاڑیاں بھی چلیں گی۔تاہم، احاطہ بندی کرنے کیلئے ۲؍ پائلٹ پروجیکٹ پر کام کیا جا رہا ہے۔ 
امیت شاہ نے مزید کہا تھا کہ ان پروجیکٹوں کے ذریعے اروناچل پردیش اور منی پور میں ایک کلومیٹر کی احاطہ بندی کی جائے گی۔ منی پور میں تقریباً ۲۰؍  کلومیٹر پر محیط احاطہ بندی کے کام کو بھی منظوری دی گئی ہے جسے جلد شروع کیاجائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK