Inquilab Logo Happiest Places to Work

ابھی جنگ کا نتیجہ واضح نہیں ہے، جیت کا جشن نہ منایا جائے: امیت ٹھاکرے

Updated: May 20, 2025, 12:53 PM IST | Agency | Mumbai

راج ٹھاکرے کے بیٹے امیت ٹھاکرے کا وزیراعظم کے نام خط، عوام کو باخبر بنانے اور ذہنی طور پر تیار کرنے پر زور۔

MNS young leader Amit Thackeray. Photo: INN
ایم این ایس کے نوجوان لیڈر امیت ٹھاکرے۔ تصویر: آئی این این

ایم این ایس سربراہ راج ٹھاکرے کے فرزند امیت ٹھاکرے نے وزیراعظم کے نام ایک خط لکھ کر اپیل کی ہے کہ وہ ملک میں  آپریشن سیندور کی کامیابی پر ہونے والے جشن کو رکوائیں کیونکہ ہندوستانی فوج کو جیت حاصل نہیں ہوئی ہے بلکہ فی الحال جنگ بندی کی ہے۔ یاد رہے کہ امیت ٹھاکرے کے والد راج ٹھاکرے پہلے پہلگام حملے پر سوال اٹھا چکے ہیں۔ 
  پیر کے روز راج ٹھاکرے کے بیٹے امیت ٹھاکرے نے وزیراعظم کے نام ایک خط لکھا ہے جسے انہوں نے سوشل میڈیا پر بھی شیئر کیا ہے۔ انہوں نے لکھا ہے ’’ حالیہ واقعات پر غور کریں تو ملک میں  کئی سنگین معاملات پر اب بھی غیر یقینی صورتحال ہے۔ مثال کے طور پر پہلگام میں ہونے والا دہشت گردانہ حملہ، جس میں ۲۶؍ افراد کو اپنی جان گنوانی پڑی تھی۔ یہ واقعہ اب بھی عوام کے دلوں میں تازہ ہے۔ ان دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی ہو یہی ملک کے عوام کی خواہش ہے۔ ‘‘ امیت ٹھاکرے کہتے ہیں ’’ اس کے علاوہ ہند۔ پاک سرحد پر گزشتہ دنوں متعدد فوجیوں اور باشندوں نے اپنی قیمتی جانیں گنوائی ہیں۔ اس پس منظر میں جیت کا جشن منانے سے بہتر کے عوام کے اندر اس تعلق سے معلومات، اور حساسیت پیدا کی جائے۔ امیت ٹھاکرے کا کہنا ہے کہ ’’ ہرچندکہ جنگ بندی کا اعلان ہو چکا ہے لیکن پاکستان کی تاریخ کو مدنظر رکھتے ہوئے اس پر اعتماد کرنا مشکل ہے۔ وہ اس سے پہلے دغابازی کر چکا ہے۔ لہٰذا عوام کو چوکنا رکھنے اور جنگ کی صورتحال میں انہیں کیا کرنا چاہئے اس تعلق سے باخبر رکھنے کی ضرورت ہے۔ نیز ذہنی طور پر انہیں اس صورتحال کیلئے تیار کرنا بھی حکومت کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ ‘‘
  امیت ٹھاکرے کا کہنا ہے ’’ مودی جی! عوام کو آج بھی آپ کے اوپر اعتماد ہے۔ اسی لئے میں اس خط کے ذریعے آپ سے گزارش کر رہا ہوں کہ جنگ کا نتیجہ چونکہ غیر واضح ہے اس لئے فتح کا جشن منانا ترک کیا جائے۔ ملک کیلئے شہید ہونے والے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کی خاطر تھوڑا سا صبر رکھا جائے۔ 
 یاد رہے کہ اس سے قبل امیت ٹھاکرے کے والد راج ٹھاکرے میڈیا کے سامنے یہ سوال اٹھاچکے ہیں کہ پہلگام میں دہشت گرد داخل کیسے ہوئے اور وہ ۲۶؍ لوگوں کو قتل کرنے کے بعد کہاں چلے گئے؟ موجودہ صورتحال میں آپریشن سیندور کے تعلق سے اپوزیشن کے علاوہ ماہرین بھی مودی حکومت سے سوال کر رہے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK