’’دھرندھر‘‘ کی شاندار کامیابی کے بعد اکشے کھنہ اور ’’درشیم ۳‘‘ کے درمیان پیدا ہونے والا تنازع نئے انکشافات کے باعث مزید توجہ حاصل کر رہا ہے۔ پروڈیوسر کے بیانات اور سوشل میڈیا ردِعمل کے باوجود، اکشے کھنہ کی جانب سے اب تک کوئی جواب سامنے نہیں آیا ہے۔
EPAPER
Updated: December 29, 2025, 5:12 PM IST | Mumbai
’’دھرندھر‘‘ کی شاندار کامیابی کے بعد اکشے کھنہ اور ’’درشیم ۳‘‘ کے درمیان پیدا ہونے والا تنازع نئے انکشافات کے باعث مزید توجہ حاصل کر رہا ہے۔ پروڈیوسر کے بیانات اور سوشل میڈیا ردِعمل کے باوجود، اکشے کھنہ کی جانب سے اب تک کوئی جواب سامنے نہیں آیا ہے۔
باکس آفس پر ’’دھرندھر‘‘ کی ریکارڈ توڑ کامیابی کے بعد اکشے کھنہ ہر طرف موضوعِ بحث بن گئے ہیں۔ جہاں ایک طرف انہیں ’’دھرندھر‘‘ میں شاندار اداکاری پر بے پناہ پذیرائی مل رہی ہے، وہیں دوسری جانب وہ ایک تنازع کی زد میں بھی آ گئے ہیں۔ حال ہی میں پروڈیوسر کمار منگت نے دعویٰ کیا کہ اکشے کھنہ نے زیادہ فیس کے مطالبے اور وِگ پہننے کی تجویز پر ’’درشیم ۳‘‘ چھوڑ دی تھی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اکشے کا مؤقف تھا کہ ’’دھرندھر‘‘ کی کامیابی ان کی وجہ سے ممکن ہوئی۔ تاہم، اب کمار منگت کا ایک اور انٹرویو سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے، جس میں انہوں نے ایک نیا انکشاف کیا ہے۔ ٹائمز آف انڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اکشے کھنہ نے ’’دھرندھر‘‘ کی ریلیز سے صرف ایک دن قبل ’’درشیم ۳‘‘ سے علاحدگی اختیار کی تھی۔
یہ بھی پڑھئے: سالِ رفتہ ۲۰۲۵ء: باکس آفس پر سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ۱۰؍ ہالی ووڈ فلمیں
کمار منگت کے مطابق’’مجھے نہیں معلوم کہ اکشے نے یہ فیصلہ کیوں کیا۔ انہوں نے ۴؍ دسمبر کو ’’دھرندھر‘‘ کی ریلیز سے ایک دن پہلے ’’درشیم ۳‘‘ چھوڑ دی۔ ٹرائلز کے دوران انہیں بخوبی اندازہ تھا کہ ’’دھرندھر‘‘ اچھی کارکردگی پیش کرے گی۔ انہوں نے پیسوں کی وجہ سے فلم نہیں چھوڑی کیونکہ فلم کے متعلق پیشین گوئیاں مضبوط تھیں اور ہم ان کے مطالبات ماننے پر بھی آمادہ تھے۔‘‘ اس نئے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے شدید ردِعمل ظاہر کیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ اکشے کھنہ کو بلاوجہ بدنام کیا جا رہا ہے اور یہ سب منفی پی آر کا نتیجہ لگتا ہے۔ دوسرے صارفین کا کہنا تھا کہ اکشے کے خلاف مہم انہیں نیچا دکھانے کی کوشش محسوس ہوتی ہے جبکہ بعض نے اسے بالی ووڈ کا روایتی پی آر گیمز قرار دیا۔ ایک صارف نے یہاں تک مطالبہ کیا کہ اکشے کھنہ کو جھوٹی خبروں پر قانونی کارروائی کرنی چاہئے۔
یہ بھی پڑھئے: راجیش کھنہ کسی بھی کردار میں اترنے کی صلاحیت رکھتے تھے
فی الحال، اکشے کھنہ نے ’’درشیم ۳‘‘ سے متعلق اس پورے تنازع پر کوئی باضابطہ ردِعمل نہیں دیا ہے۔ واضح رہے کہ ابھیشیک پاٹھک کی ہدایتکاری میں بننے والی ’’درشیم ۳‘‘ میں اجے دیوگن، تبو، شریا سرن اور جے دیپ اہلاوت مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے۔ فلم ۲؍ اکتوبر ۲۰۲۶ء کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔