رتناگیری میں چوکیدار کے گھر گوشت ملنے پر ہندوتوا وادی تنظیم کے دبائو میں پولیس نے چوکیدار کی بیوی اور دوست کو بھی گرفتار کیا
EPAPER
Updated: June 05, 2025, 5:38 AM IST | Ratnagiri
رتناگیری میں چوکیدار کے گھر گوشت ملنے پر ہندوتوا وادی تنظیم کے دبائو میں پولیس نے چوکیدار کی بیوی اور دوست کو بھی گرفتار کیا
سکل ہندو سماج نے ایک بار پھر بڑے کے گوشت کے نام پر ہنگامہ کھڑا کرنے کی کوشش کی۔ اس بار رتناگیری میں مبینہ طور پر بڑے جانور کی ہڈیاں ملنے پرماحول کشیدہ کرنے کی کوشش کی گئی۔ تحقیقات کے دوران شہر کے ماروتی مندر علاقے میں ایکتا مارگ پر واقع یشودا اپارٹمنٹ کے چوکیدار کے کمرے میں مبینہ طور پر بڑے کا گوشت ملا جس کے بعد سکل ہندو سماج نے ہنگامہ کھڑ کر دیا اور پولیس کو چوکیدار، اس کی بیوی اور اس کے ایک دوست کے خلاف معاملہ درج کرنے پر مجبور کیا۔ پولیس نے سب سے پہلے چوکیدار کی بیوی کو گرفتار کیا، کیونکہ جس وقت گوشت بر آمد ہوا ، وہی گھر پر موجود تھی۔
اطلاع کے مطابق، منگل کی شام رتناگیری شہر کے ماروتی مندر کے قریب ایکتا مارگ پر ایک جگہ پر کسی بڑے جانور کی ٹانگیں پڑی ہوئی ملیں۔ رات میں جب سکل ہندو سماج کے عہدیداروں اور شہریوں کو اس کا علم ہوا تو انہوں نے وہاں بھیڑ جمع کرلی اور ہنگامہ شروع کر دیا۔ پولیس بھی وہاں پہنچ گئی۔ سکل ہندو سماج نے مطالبہ کیا جن لوگوں نے یہ ہڈیاں پھینکی ہیں۔ پولیس نے آس پاس کے سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھے تو معلوم ہوا کہ ۳؍ افراد ایک دو پہیہ گاڑی پر وہاں آئے تھے۔ ان میں سے ایک ہاتھ میں تھیلا لے کر وہاں سے چلا گیا۔معلوم ہوا کہ یہ شخص وہاں ایک اپارٹمنٹ میں چوکیدار کے طور پر کام کر رہا تھا۔ جب اس کے کمرے کی تلاشی لی گئی تو پولیس کو وہاں بڑے جانور کے گوشت کی باقیات ملیں۔ پولیس نے پنچ کے سامنے اس کا پنچنامہ کیا اور چوکیدار کی بیوی کو حراست میں لے لیا ۔
اس کے بعد پولیس نے چوکیدار اور موٹر سائیکل پر اس کے ساتھ سوار دیگر شخص کو بلاکرپوچھ تاچھ کی۔ منگل کی رات دیر گئے پولیس نےان دونوں کو حراست میں لے لیا۔ اس وقت وہاں موجود پوری ہندو برادری نے اس معاملے میں فوری اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔گئو رکھشک سشیل کدم کی جانب سے اس معاملے میں شکایت درج کروائی گئی ۔ فی الحال یہ نہیں معلوم ہو سکا ہے کہ سڑک کنارے جو ہڈیاں پھینکی گئی تھیں وہ کس جانور کی تھیں اور انہیں کس نے پھینکا تھا۔ البتہ پولیس نے چوکیدار کے گھر سے گوشت کی باقیات ملنے پر معاملہ درج کیا ہے۔ اس کے بعد پولیس نے ایکتا مارگ پر واقع یشودا اپارٹمنٹ کے چوکیدار رنجیت دمائی، اسکی بیوی آرتی دمائی کے علاوہ رنجیت کے دوست ناصر ملا کے خلاف معاملہ درج کیا۔ ان تینوں کے خلاف انڈین پینل کو ڈ ۲۰۲۳ء کی دفعہ ۲۹۹؍ ، ۳۲۵؍ ، ۲۳۸؍ ، ۳؍(۵) اور مہاراشٹرا اینیمل پروٹیکشن ایکٹ ۱۹۷۶ء کی دفعہ ۵؍ اے ، ۵؍ بی ، ۵؍ سی ، ۹؍ اے اور ۱۰؍ عائد کی گئیں۔
یاد رہے کہ رتنا گیری میں اس سے قبل بھی رام نومی کے موقع پر ماحول خراب کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ اپنی اشتعال انگیزی کیلئے مشہور ریاستی وزیر نتیش رانے کا تعلق کوکن ہی سے ہے اور ان کے والد نارائن رانے رتنا گیری ہی سے رکن پارلیمان ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ یہاں ہندوتوا وادی تنظیموں کو بڑا زور ہے۔ خیر سے مذکورہ معاملے میں جس چوکیدار کے گھر سے گوشت کی باقیات ملی ہیں وہ اور اس کی بیوی غیر مسلم ہیں،ورنہ ماحول کو کشیدہ کرنے میں دیر نہیں لگتی۔ پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے کہ یہ گوشت کس جانور کا ہے اور کہاں سے لایا گیا تھا۔