دونوں کھلاڑیوں نے موجودہ ایشین گیمز میں دوسرا تمغہ حاصل کیا۔
EPAPER
Updated: September 25, 2026, 1:31 PM IST | Agency | Nagoya
دونوں کھلاڑیوں نے موجودہ ایشین گیمز میں دوسرا تمغہ حاصل کیا۔
ہندوستان کی نشانے بازی کی جوڑی اننت جیت سنگھ نروکا اور پریناز دھالیوال نے اپنی شاندار کارکردگی جاری رکھتے ہوئے جمعرات کو ایشیائی کھیلوں میں مکسڈ اسکیٹ ٹیم مقابلے میں کانسہ کا تمغہ جیتا۔ ہندوستانی جوڑی نے فائنل میں ۴۴؍ہٹس کے ساتھ اپنا سفر مکمل کیا اور جنوبی کوریا کے ساتھ برابری پر رہی۔ تاہم، وہ ٹائی بریکر میں ہار گئی اور اسے کانسہ کے تمغے پر ہی اکتفا کرنا پڑا، جبکہ چین نے طلائی اور کوریا نے چاندی کا تمغہ جیتا۔
یہ تمغہ اننت جیت اورپریناز دونوں کیلئے ان کھیلوں میں دوسرا پوڈیم مقام تھا، جو اسکیٹ مقابلوں میں ان کی مسلسل اچھی کارکردگی کو ظاہر کرتا ہے۔ اننت جیت نے اس سے پہلے مردوں کے اسکیٹ ٹیم مقابلے میں ہندوستان کو کانسہ کا تمغہ دلانے میں مدد کی تھی جبکہ پریناز اس ہندوستانی خواتین کی اسکیٹ ٹیم کا حصہ تھیں جس نے بھی کانسہ کا تمغہ جیتا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: ممبئی انڈینس نے ڈبلیو پی ایل ۲۰۲۷ء سے قبل لیوک ولیمز کو ہیڈ کوچ مقرر کیا
اس جوڑی نے کوالیفکیشن میں ۱۵۰؍میں سے ۱۳۸؍ اسکور کرکے چوتھا مقام حاصل کیا تھا اور مکسڈ اسکیٹ فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ ہندوستانی جوڑی نے کوالیفکیشن میں ۴۴، ۴۷؍ اور ۴۷؍ کا اسکور کرکے تمغوں کے مرحلے میں اپنی جگہ پکی کی۔چین ۱۴۵؍ کے اسکور کے ساتھ کوالیفکیشن میں سب سے آگے رہا۔
اننت جیت کیلئےیہ کانسے کا تمغہ ان کے ایشیائی کھیلوں کے بڑھتے ہوئے ریکارڈ میں ایک اور کامیابی ہے جبکہ پریناز کے مسلسل۲؍تمغے یہ ظاہر کرتے ہیں کہ وہ ہندوستان کی اسکیٹ ٹیم کی ایک اہم رکن کے طور پر ابھری ہیں۔