مسجد کی تعمیر ڈیولپر کی وعدہ خلافی کے سبب معلق۔ ٹرسٹیان کا الزام: بتائے بغیر عدالت میںنیا پلان داخل کیا گیا ہے، وکلاء سے صلاح ومشورہ کریں گے۔
EPAPER
Updated: September 01, 2025, 1:03 PM IST | Saeed Ahmad Khan | Mumbai
مسجد کی تعمیر ڈیولپر کی وعدہ خلافی کے سبب معلق۔ ٹرسٹیان کا الزام: بتائے بغیر عدالت میںنیا پلان داخل کیا گیا ہے، وکلاء سے صلاح ومشورہ کریں گے۔
:ایم آئی ڈی سی امبیڈکر نگر اندھیری (مشرق) میں واقع مدرسہ ومسجد رضویہ غوثیہ کے قریب گنپتی پنڈال ہے، اس وجہ سے احتیاطاً ٹرسٹیان نے پہلے سے ہی ۷؍سی سی ٹی وی کیمرے نصب کردیئے ہیں۔ اس کا مقصد اس موقع کے علاوہ مستقل طور پرمسجد اور اطراف میں نگرانی رکھی جاسکے۔ خاص بات یہ ہے کہ حالات کے پیش نظراورٹرسٹیان کی کوششوں کا مثبت نتیجہ یہ ہے کہ جمعہ کی نماز کے وقت گنپتی کے پنڈال میں پوجا پاٹھ اوردیگرسرگرمیاں روک دی جاتی ہیں تاکہ خلل نہ ہو۔ اس سےلاء اینڈ آرڈر کا بھی مسئلہ پیدا نہیں ہوگا۔
دوسری طرف پولیس کی جانب سے بھی مسلسل نگرانی رکھی جارہی ہے، پولیس کے جوان گشت کرتے رہتے ہیں تاکہ کسی قسم کا مسئلہ نہ ہو اورشرپسند عناصر گڑبڑ نہ کرسکیں۔
مسجد خدمت کمیٹی کے فعال رکن اقبا ل منیار نےنمائندۂ انقلاب کے استفسار پربتایا کہ ’’جہاں نمازادا کی جاتی ہے وہاں اورباہر کی جانب ۷؍سی سی ٹی وی کیمرےلگے ہوئے ہیں۔ اس سے روز انہ کی بنیاد پر اورخاص طور پرگنپتی کےدوران نگرانی میں کافی مدد مل رہی ہے۔ ‘‘
انہوں نے یہ بھی بتایاکہ ’’مسجد کی تعمیر ِ نو کا معاملہ ڈیولپر کے معاہد ہ کی خلاف ورزی کے سبب عدالت میں ہے مگر لاک ڈاؤن سے اب تک ایک بھی تاریخ نہیں پڑی ہے، جس سےہم سب کافی پریشان ہیں۔ ‘‘
انہوں نے یہ بھی بتایاکہ ’’ مسجد کے تعلق سے دیگر ٹرسٹیان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایسا معلوم ہوا ہے کہ بغیر ٹرسٹیان کو اعتماد میں لئے پہلے کے پلان کی جگہ ڈیولپر کےذریعے دوسرا پلان عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔ نئے پلان میں جس جگہ مسجد کے لئے متبادل جگہ دینے کا وعدہ کیا جارہا ہے یا جس جگہ کو دکھایا گیا ہے وہ بلڈنگ کے درمیان میں ہے اوراس کی حقیقت یہ ہے کہ وہاں جگہ ہے ہی نہیں، محض گمراہ کیا جارہا ہے۔ اس لئے اس تعلق سے پیریا منگل کو وکیل سے صلاح ومشورہ کیا جائے گا۔ معاہدے کی رو سے مسجد کے لئے جو جگہ دی گئی تھی، اس پربرسوں قبل بنیاد ڈالی جاچکی ہے، مگر شرپسندوں کی مخالفت کے سبب اب تک تعمیراتی کام آگے نہیں بڑھ سکا ہے۔ اب ایسا لگتا ہے کہ ایسا منصوبہ بنایا گیا ہے جس سے دھوکہ کرتے ہوئے مسجد کی جگہ ہی ختم کردی جائے، مگر ٹرسٹیان ایسا نہیں ہونے دیں گے، قانونی صلاح ومشورے کے بعد وہ بھی اپنی جانب سے حقیقت ِحال سے عدالت کو آگاہ کرائیں گے۔ ‘‘