• Wed, 29 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مغربی کنارے میں اسرائیل کا آپریشن، ۳؍ فلسطینی شہید

Updated: October 29, 2025, 1:24 PM IST | Agency | Tel Aviv/Ramallah

اسرائیلی فورسیز کی گرفتاری مہم،مختلف شہروں اور قصبوں میں بڑے پیمانے پر چھاپے اور گرفتاریوں کی کارروائیوں میں آزاد کئے گئے قیدیوں اور نوجوانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا

Israeli army soldiers in the West Bank. Photo: INN
مغربی کنارےمیں اسرائیلی فوج کے جوان۔ تصویر: آئی این این
اسرائیلی فورسیز نے  منگل کو علی الصباح مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی علاقے جینن میں ایک کارروائی کے دوران۳؍ فلسطینیوں کو شہیدکر دیا۔ اسرائیلی پولیس کے مطابق تینوں افراد کو اس وقت گولی ماری گئی جب وہ ایک غار سے باہر نکل رہے تھے جسے اسرائیل نے عسکریت پسندوں کا ٹھکانہ قرار دیا ہے۔ فوج نے بعد ازاں غار کو فضائی حملے سے تباہ کر دیا لیکن کارروائی کی مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔  اسرائیلی فورسیز نے غار کو تباہ کرنے کے لئے کچھ ہی دیر بعد فضائی حملہ کیا۔ واضح رہےکہ دو سال قبل غزہ پر اسرائیلی حملے کے بعد سے اب تک مقبوضہ مغربی کنارے میںایک ہزار ۵۷؍ سے زیادہ فلسطینی شہید ،۱۰؍ ہزار۳؍سو زخمی اور۲۰؍ ہزارسے زیادہ گرفتار ہوئے ہیں جن میں ایک۶۰۰؍بچے بھی شامل ہیں۔
دریں اثناءاسرائیلی فورسیز نے مغربی کنارے کے مختلف شہروں اور قصبوں میں بڑے پیمانے پر چھاپے اور گرفتاریوں کی کارروائیاں کیں۔ اس دوران آزاد کئے گئے قیدیوں اور نوجوانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا جبکہ کئی فلسطینی زخمی ہوئے۔ فلسطینی ذرائع کے مطابق راملہ، سلفیت اور الخلیل سمیت مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوج نے گھروں پر دھاوا بول کر متعدد شہریوں کو حراست میں لے لیا اورمقامی افراد پر تشدد کیا۔فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے راملہ کے مغرب میں البریح اور دیر ابو مشعل کے شہروں پر چھاپے مارے اور گھروں کی تلاشی لینے کے بعد۶؍ فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔ انہوں نے چھاپوں کے دوران مقامی افراد پر حملہ بھی کیا۔ مغربی کنارے کے شمالی علاقے سلفیت گورنری میں اسرائیلی فورسیز نے دیر بلوت قصبے سے۶؍ شہریوں کو گھروں پر چھاپہ مار کر توڑ پھوڑ کے بعد گرفتار کر لیا۔ انہوں نے پڑوسی قصبے بدیہ پر بھی دھاوا بولا اور فتح کے لیڈر حسن القرم کے خاندان کے افراد پر حملہ کیا۔ الخلیل میں فورسیز نے الطبقہ اور صوریف کے قصبوں سے۴؍ شہریوں کو گرفتار کیا۔ بیت عوا کے قصبے میں صوتی بم سے۱۵؍ سالہ لڑکا شدید زخمی ہو گیا۔ آنسو گیس کی وجہ سے ایک خاتون بھی شدید متاثر ہوگئی۔ 
ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ مسلح آباد کاروں نے الخلیل کے جنوب میں واقع صحرائے یطا میں الزویدین گاؤں جانے والی مرکزی سڑک کو بند کر دیا جس سے مقامی افراد کی نقل و حرکت میں رکاوٹ پیدا ہو گئی۔ انہوں نے اپنے مویشیوں کو’مسافر یطا ‘ کے علاقے میں مقامی افراد کی زمین پر چھوڑ دیا اور ان کی فصلوں کو تباہ کر دیا۔
دریں اثناء اسرائیلی فورسیز نے گورنری کے داخلی راستوں پر فوجی چوکیاں قائم کر دیں اور مرکزی سڑکوں کو لوہے کے دروازوں اور مٹی کے ٹیلوں سے بند کر دیا۔
  مغربی کنارے کے شمالی علاقے نابلس میں اسرائیلی فورسیز نے بلاطہ پناہ گزین کیمپ سے ایک نوجوان کو اس کے گھر پر چھاپہ مار کر گرفتار کر لیا۔ انہوں نے فوجی گاڑیوں کے ساتھ القدس کے شمال میں واقع قلندیا پناہ گزیں کیمپ پر بھی چھاپہ مارا لیکن کسی گرفتاری کی اطلاع نہیں ملی۔ طولکرم میں بھی دو نوجوانوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ اسرائیلی فورسیز نے بیت لحم کے مشرق میں واقع قصبے جناتہ سے ایک اور نوجوان کو بھی گرفتار کیا اور اس کے گھر پر چھاپہ مار کر تلاشی لی گئی۔ 
اریحا میں فلسطینی قیدیوں کے کلب کے مطابق اسرائیلی فورسیزنے عقبہ جبر کیمپ سے ۱۵؍ سابق قیدیوں کو حراست میں لے لیا اور فیلڈ میں پوچھ گچھ کے دوران ان پر حملہ کیا۔ القدس میں اسرائیلی حکام نے ایک فلسطینی شہری کو العیسویہ قصبے میں اپنے گھر کو خود مسمار کرنے پر مجبور کیا۔ حکام نے دعویٰ کیا کہ یہ بغیر اجازت کے تعمیر کیا گیا تھا۔ انسانی حقوق کی تنظیمیں اسے ایک منظم اقدام سمجھتی ہیں جس کا مقصد اسرائیلی بستیوں کی توسیع کے بدلے شہر میں فلسطینیوں کی موجودگی کو کم کرنا ہے۔ یہ گرفتاریاں مغربی کنارے کے شہروں اور قصبوں میں اسرائیلی افواج کی طرف سے روزانہ کی جانے والی ایک جاری مہم کا حصہ ہیں۔ کئی علاقوں میں فلسطینی نوجوانوں اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوتی رہی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK