اساتذہ کی تقرری میں بھی ڈومیسائل پالیسی نافذ ہوگی ، ٹی آرای ۵سے قبل ایس ٹی ای ٹی منعقدہوگا، اساتذہ اس کا مطالبہ کر رہے تھے۔
EPAPER
Updated: August 05, 2025, 1:46 PM IST | Javed Akhtar
اساتذہ کی تقرری میں بھی ڈومیسائل پالیسی نافذ ہوگی ، ٹی آرای ۵سے قبل ایس ٹی ای ٹی منعقدہوگا، اساتذہ اس کا مطالبہ کر رہے تھے۔
بہار اسمبلی انتخابات سے قبل ریاست میں ڈومیسائل پالیسی نافذ کردی جائے گی۔ اس کے تحت سبھی سرکاری نوکریوں میں باشندگان بہار کو ترجیح دی جائے گی ۔
بہارکے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے پیر کو سوشل میڈیا پر خود اس کا اعلان کیا۔ اس کے ساتھ ہی اسا تذہ کی تقرری میں ریاست کے باشندوں کو ترجیح دینے کےلئےمحکمہ تعلیم کومتعلقہ ڈومیسائل پالیسی نافذ کرنے کی سمت میںہدایت جاری کردی گئی ہے۔ نتیش کمار نے کہا کہ اساتذہ کی چوتھے مرحلے کی تقرری ہی سے اسے نافذ کیا جائےگا۔
وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے سوشل میڈیا ’ایکس‘پر لکھاکہ تعلیمی نظام کو مضبوط بنانے کے لئے اساتذہ کی بڑےپیمانے پر تقرری کی گئی ہے۔ نومبر ۲۰۰۵ء میںحکومت کے قیام کے بعد ہی سے ہم تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کے لئے مسلسل کام کر رہے ہیں۔ اس کے لئے بڑے پیمانے پراساتذہ کی تقرری کی گئی ہے۔ٹی آرای ۔۴ ؍سے ہی ڈومیسائل پالیسی نافذ کردی جائے گی جبکہ ۲۰۲۶ءمیں ٹی آرای۔۵منعقدکیاجائے گا۔ ٹی آرای ۔ ۵سے قبل ایس ٹی ای ٹی کاانعقاد کیاجائےگا۔اس کےلئے ہدایت جاری کردی گئی ہے۔
دریں اثناء بہار جنتادل یونائٹیڈ کے ریاستی صدر امیش کشواہا نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے اس فیصلے کو دور اندیشی اور تاریخی بتایا ہے۔
انہوںنے کہا کہ یہ فیصلہ ریاست کےکروڑوں نوجوانوں کو ملازمتوںمیں ترجیح دینے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹی آرای ۔۴؍امتحان ہی سے یہ پالیسی نافذ کردی جائے گی۔ اس سے قبل اس کے ضابطے میں ترمیم کردی جائےگی۔اس کا براہ راست فائدہ اہل اور تعلیم یافتہ نوجوانوںکو ملےگا۔ اس فیصلے سے اساتذہ تقرری امتحان کی تیاری کرنےوالے امیدواروں میں زبردست خوشی کی لہر ہے۔واضح رہے کہ ریاست میں ڈومیسائل پالیسی کے نفاذ کے لئےطلبہ گزشتہ کئی مہینوں سے دھرنا اور مظاہرہ کرتے رہے ہیں ۔ اس کے لئے یکم اگست کو اساتذہ امیدواروں نے پیدل مارچ بھی کیا تھا۔اس سے قبل وہ ’ڈومیسائل نہیں تو ووٹ نہیں ‘ کا نعرہ بھی دے چکے ہیں۔ حکومت نے ان کا یہ مطالبہ مان لیاہے۔
ڈومیسائل پالیسی کے تحت سرکاری نوکریوں میں بہار کے مستقل باشندوں کودیگرریاستوں کے امیدواروں پر ترجیح دی جائے گی۔ اس پالیسی کو نافذ کرنا طلبہ کا دیرینہ مطالبہ تھا جسے اب نتیش حکومت نے نافذ کرنے کااعلان کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل نتیش حکومت نے رسوئیا، نائٹ گارڈ ، فیزیکل ایجوکیشن اور ہیلتھ انسٹرکٹروں کے اعزازیہ میں بھی خاطر خواہ اضافے کا اعلان کیا تھا، جو اب نافذ ہوچکاہے۔