Inquilab Logo

کل لاک ڈاؤن ۵؍ کا اعلان ممکن، نرمی کی توقع ،ریاستوں کو زیادہ اختیارات کی اُمید

Updated: May 30, 2020, 7:12 AM IST | Mumbai

لوک ٹرین اور میٹرو کی سروس بحال کرنے کا اختیار ریاستی حکومتوں کو ہوگا، کنٹین منٹ زون میں  سخت پابندیاں  جاری رکھنےکی ہدایت دی جاسکتی ہے۔

Prime Minister Narendra Modi Photo: INN
وزیر اعظم نریندر مودی۔ تصویر: آئی این این

اتوار(کل) جب لاک ڈاؤن-۴؍ کی مدت ختم ہونے جارہی ہے، وزیراعظم نریندر مودی لاک ڈاؤن۵؍ کا اعلان کرسکتے ہیں جس میں  اپنے رول کو محدود کرتے ہوئے مرکز پابندیوں  سے متعلق فیصلوں  کا اختیار ریاستوں  کو سونپ سکتاہے۔ البتہ تمام ریاستوں  کو یہ مشورہ دیا جائےگا کہ وہ کنٹین منٹ زون اور ان ۳۰؍ میونسپل علاقوں میں   سخت پابندیاں  برقرار رکھیں جہاں  ملک کے ۸۰؍ فیصد کورونا کے مریض ہیں ۔ ایک سرکاری افسر نے خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا ہے کہ ’’بہت قوی امکان ہےکہ پابندیاں  جاری رکھنے یا نرمیوں   کے اعلان کے معاملے میں  مرکز اپنا رول بہت محدود رکھےگا اور ریاستوں  کو اختیار دیا جائےگاکہ وہ مقامی سطح پر حالات کو دیکھ کر فیصلے کریں ۔‘‘البتہ بین الاقوامی پروازوں ، سیاسی اجتماعات، مالس اور سنیماہال پر مرکز کی جانب سے پابندیاں برقرار رکھی جاسکتی ہیں ۔ لازمی طورپر ماسک پہننے اور ایک دوسرے سے دوری بنائےرکھنے کے احکامات میں بھی کسی طرح کی ترمیم کا امکان کم ہے۔ اسکول کھولنے یا ٹرینوں  کی خدمات کی بحالی کافیصلہ ریاستوں کے اختیار میں  ہوگا۔
 اس بیچ وزیر داخلہ امیت شاہ نے جمعرات کو مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ لاک ڈاؤن میں توسیع کے امکانات پر بات چیت کی۔ ذرائع کے حوالے سے ملنے والی اطلاعات کےمطابق اکثر وزرائے اعلیٰ معاشی سرگرمیاں بحال کرنے اور پابندیوں کو کنٹین منٹ زون (جہاں کورونا کے کیس ملے ہیں ) تک محدود کرنے کے حق میں ہیں۔ ممبئی میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے امکانات پر گفتگو کرتے ہوئے آبی وسائل کے ریاستی وزیر جینت پاٹل نےبتایا کہ ’’ہم ۲۹؍ اور ۳۰؍ مئی کو حالات پر نظر ثانی کریںگے ۔ ۳۱؍ مئی کے بعد کچھ نرمیوں کا اعلان ہمارے ذہن میں ہےمگر اس کا انحصار وزیراعلیٰ نریندر مودی کی ہدایت پر ہوگا۔اگر وزیراعظم لاک ڈاؤن میں توسیع چاہتےہیں توہمیں اس پر عمل کرنا پڑے گا۔‘‘ این سی پی صدر شرد پوار نے مرحلہ وار طریقے سے احتیاط کے ساتھ لاک ڈاؤن ختم کرنے کی وکالت کی ہے۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ اُدھو ٹھاکرے زیادہ محتاط ہیں۔ وہ کہہ چکے ہیں کہ جس طرح اچانک لاک ڈاؤن نافذ ہواتھا اس طرح ایک جھٹکے اسے ہٹانا ٹھیک نہیں ہوگا۔انہوں نے اشارہ دیا ہے کہ کورونا کے معاملات کے بڑھنے کی صورت میں وہ لاک ڈاؤن ہٹانے کی تائید نہیں کریں گے۔
 مہاراشٹر میں بھی پیر سے نرمی کی امید
 مہاراشٹر میں  سرکاری افسران کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن میں  نرمی کا انحصارمرکز کی ہدایت پر ہے۔ تاہم ان اشاروں  کے بیچ کہ مرکزاس معاملے میں  زیادہ تر اختیارات ریاستوں  کو سونپ سکتا ہے، بی ایم سی اور حکومت کے اہلکاروں  کا کہنا ہے کہ جون میں  مرحلہ وار طریقے سےلاک ڈاؤن کے ہٹانے کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔ ریاست کےچیف سیکریٹری اجوائے مہتا کے مطابق دھیرے دھیرے پابندیاں  ہٹائی جائیں گی اور ہر مرتبہ عوام کو ۲؍ دن پہلے اس کی اطلاع دی جائےگی۔ بہرحال انہوں نے واضح کیا ہے کہ ابھی اندرون ریاست مختلف اضلاع کے درمیان سفر کی اجازت دیئے جانے کا امکان نہیں  ہےکیوں  کہ اس سے انفیکشن دوسرے علاقوں  میں  بھی پھیل سکتاہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK