Inquilab Logo

اسپین: نظام تنفس میں دشواری کے بڑھتے واقعات کے بعد اسپتالوں میں ماسک لازمی

Updated: January 09, 2024, 8:39 PM IST | Madrid

ملک کے اسپتالوں میں بخار، کووڈ اور سانس میں دشواری کے معاملات میں اضافہ ہورہا ہے۔ ایسی صورت میں وزارت صحت نے اسپتالوں اور صحت عامہ کے اداروں میں ماسک کو لازمی قرار دیا ہے تاکہ ان بیماریوں کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔ کووڈ ۱۹؍ کے نئی قسم کے پھیلاؤ سے بچنے کیلئے مختلف ممالک احتیاطی تدابیر اپنا رہے ہیں۔

People sit for OPD in a hospital in Spain. Photo: PTI
اسپین کے ایک اسپتال میں لوگ او پی ڈی کیلئے بیٹھے ہیں۔ تصویر: پی ٹی آئی

اسپین کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ سانس لینے میں دشواری پیش آنے کے بڑھتے معاملات میں اضافہ کے سبب بدھ سے ملک کے تمام دوا خانوں، صحت عامہ کے مراکز اور اسپتالوں میں ماسک پہننا لازمی ہوگا۔ نو قائم شدہ متحدہ اقلیتی حکومت نے اسپین کے ۱۷؍ خود مختار علاقوں میں سے زیادہ تر کی مخالفت کے با وجود حفظان صحت کی ان تدابیر کو عائد کر دیا ہے۔
پیر کووزیر صحت مونیکا گارسیا نے کہا کہ ’’ہم یہ کہہ رہے ہیں کہ جب آپ صحت کے مراکز میں داخل ہوں تو ماسک پہن لیں اور جب آپ وہاں سے نکلیں تو ماسک نکال دیں۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ ’’میرے خیال میں یہ کوئی ڈراما نہیں ہے۔یہ احتیاط کے پہلے مرحلے کی ایک بنیادی اور سادہ سی تدبیر ہے۔‘‘
حالیہ ہفتوں میں اسپین کے اسپتالوں میں بخار،کووڈاورسانس کی دیگر شکایتوں میں اضافہ کے سبب مریضوں کی کافی بھیڑ بھاڑ ہے اور عملہ انتہائی دبائو کا شکار ہے۔ واضح رہے کہ گارسیا نے یہ تدابیر نافذ کرنے کا فیصلہ مقامی صحت انتظامیہ کے ساتھ ملاقات میں کسی بھی طرح کے معاہدہ پر پہنچنے میں ناکامی کی صورت میں کیا ہے جن میں سے اکثر نے ماسک کے استعمال کا مشورہ دیا تھا۔ صحت عامہ کا اختیار مقامی حکومتوں کےپاس ہوتا ہے گو کہ اشد ضرورت کے وقت مرکزی حکومت اس میں مداخلت کر سکتی ہے۔
حالیہ مہینوں میںاسپین کے چھ خطوں نے پہلے ہی تدابیر متعارف کرائیں تھیںاور سڑکوں ،آمد ورفت کے عوامی ذرائع اور صحت کے مراکز پر عمومی طور پر ماسک کا استعمال کیا جا رہا تھا ۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال جولائی میں اسپین نے کووڈ ۱۹؍ کے خاتمے کا سرکاری اعلان کیا تھا۔یہ کہا گیا تھا کہ اب عوام کوصحت اور نگہداشت کے مرکز پر ماسک پہننا ضروری نہیں۔گزشتہ دو برسوں میں اسپین نے ماسک کے استعمال کو بتدریج ختم کیا، پہلے عوام کے درمیان اور بعد میں عوامی ذرائع آمد ورفت میں۔
واضح رہے کہ وبائی حالات کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے ایک کروڑ چالیس لاکھ معاملے درج کئے گئے تھے جبکہ ایک لاکھ بیس ہزار اموات واقع ہوئی تھیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK