Inquilab Logo

اردو کارواں کے ساتویں عشرۂ اردو کے انعقاد کا اعلان

Updated: November 26, 2023, 12:08 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

۲۸؍ نومبر سے ۱۱؍ دسمبر کے درمیان ممبئی ، تھانے ، ممبرا اور بھیونڈی میں اردو کا جشن مناتے ہوئے مختلف مقابلے منعقد کئے جائیں گے۔

The participants of the demonstration program organized under the Urdu Caravan, while Farid Khan, the spirit of this organization can be seen in the picture. Photo: INN
اردو کارواں کے تحت منعقد کئے گئے تمثیلی پروگرام کے شرکاء جبکہ تصویر میں اس تنظیم کے روح رواں فرید خان دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر : آئی این این

اردو کارواں کے سالانہ ادبی، ثقافتی و تعلیمی سرگرمیوں پر مبنی ساتویں ’عشرۂ اردو‘ کا انعقاد امسال ۲۸؍نومبر تا ۱۱؍ دسمبر کے درمیان ہوگا۔عشرۂ اردو کے تحت مختلف مقابلے اور پروگرام منعقد کرکے عروس البلاد ممبئی اور دیگر شہروں میں یہ فعال ادبی و ثقافتی تنظیماردو کے تئیں مثبت ماحول فراہم کرتی ہے اور اردو زبان و تہذیب کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اس بارے میں اردو کارواں کے روح رواں اور محب اردو فرید خان نے بتایا کہ ’’عشرہ ٔ اردو منانے کی روایت ہم نے ۷؍ سال قبل ڈالی تھی ۔ ہر سال یہ مقابلے اور مختلف پروگرام منعقد کئے جاتے ہیں جو اسکولوں اور کالجوں کی سطح پر ہوتے ہیں۔ ‘‘
  واضح رہے کہ گزشتہ ۷؍ سال کے دوران اردو کارواں نے ہر سال یہ عشرہ منعقد کیا ہے ۔ لاک ڈائون کے ۲؍ سال میں بھی ان کے حوصلہ پست نہیں ہوئے بلکہ انہوں نےپروگراموں اور لوگوں کے اجتماع پر پابندیوں کا حل یہ نکالا کہ آن لائن طریقے سے پورے مہاراشٹر میں یہ پروگرام منعقد کئے اور انہیں کامیابی سے ہمکنار کیا ۔
  فرید خان نے اس بارے میں کہا کہ لاک ڈائون کے حالات نے انہیں کافی حوصلہ دیا کہ وہ اردو کی گونج پوری دنیا میں پہنچانے کیلئے آن لائن طریقے اپنائیں اور انہوں نےاسے اپناکر کامیابی حاصل کی۔ اب تو یہ کارواں رواں دواں ہے اور اپنے انعقاد کے ۷؍ سال کامیابی کے ساتھ مکمل کر رہا ہے۔
  اس عشرۂ اردو کی اہم بات یہ بھی ہے کہ یہ مقابلے یا پروگرام کسی ایک جگہ پر نہیں بلکہ ممبئی ، بھیونڈی ، تھانے اور ممبرا کے مختلف تعلیمی اداروں میں منعقد ہوں گے جن میں ان شہروں کے اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ حصہ لیں گے ۔ساتھ ہی دو آن لائن مقابلے ریاستی سطح پر بھی منعقد ہوں گے۔ یاد رہے کہ گزشتہ ۳؍سال سے اردو کارواں کی اورنگ آباد شاخ بھی متوازی طور پر عشرۂ اردو کا انعقاد کررہی ہے۔امسال افتتاحی اجلاس کا موضوع ہے ’’میں ابن /بنت اردو ہوں۔‘‘
 مکمل تفصیلات حسب ذیل ہیں ۔ پہلے دن یعنی ۲۸؍ نومبر( منگل) کو افتتاحی تقریب اور تمثیلی مقابلہ (ادبی شخصیات ) برائے ڈی ایڈ اور جونیئر کالج (ممبئی و تھانہ اضلاع) جو خلافت ہاؤس بائیکلہ میں منعقد ہو گا۔ وقت صبح ۱۱؍ بجے ۔ دوسر ےدن آل مہاراشٹر مقالہ خوانی مقابلہ جو آن لائن ہو گا اور وقت ہو گا شام ساڑھے ۶؍ بجے۔تیسرےدن جمعہ یکم دسمبر ہو گا اور اس دن غزل سرائی مقابلہ برائے اساتذہ ہو گا جو انجمن اسلام معین الدین حارث ڈی ایڈ کالج ماہم میں منعقد ہو گا ۔ یہ مقابلہ دوپہر ڈھائی بجے شروع ہو گا ۔ 
 چوتھے دن یعنی ۲؍ دسمبر کو مشاعرہ کا اہتمام ہو گا جو اسلام جمخانہ مرین لائنس پر شام ساڑھے ۶؍ بجے سے شروع ہو گا ۔ پانچویں دن ۳؍ دسمبر کو آل مہاراشٹر افسانہ گوئی مقابلہ ہو گا جو آن لائن ہو گا ۔ اس پروگرام کا دوسرا حصہ اسی دن سہ پہر ۳؍ بجے منعقد ہو گا ۔ چھٹے دن پیر ۴؍ دسمبر کو اردو کارواں اور آئیٹا ممبئی ڈویژن کی مشترکہ پیشکش ہوگی جو خصوصی لیکچر بعنوان `’ایک معلم کی زندگی ‘ ڈی ایڈ کالج امام باڑہ میں ہو گا۔ اس کا وقت دوپہر ڈیڑھ بجے رکھا گیا ہے۔
 ساتویں دن ۵؍ دسمبر کو ڈراموں کا مقابلہ ہو گا جو امام باڑہ کالج میں صبح ۱۱؍ بجے سے منعقد ہو گا۔ آٹھویں دن ۶؍ دسمبر کو تقریری مقابلہ ہو گا جو بی ایم سی اسکول نہرو نگر کرلا ایسٹ میں منعقد ہو گا۔ وقت صبح ۱۱؍ بجے ہو گا۔ نویں دن(۷؍ دسمبر ) بیت بازی مقابلہ ہو گا جو اردو ڈی ایڈ کالج ماہم میں منعقد ہو گا اور اس کا وقت بھی صبح ۱۱؍ بجے ہو گا۔ اس کے بعد ۴؍ دنوں کا وقفہ ہو گا ۔ دسویں یعنی آخری دن پیر ۱۱؍ دسمبر کو اختتامی تقریب اور تقسیم انعامات کی تقریب خلافت ہائوس بائیکلہ میں منعقد ہو گی اور اس کا وقت دوپہر ۲؍ بجے ہو گا۔ اردو کارواں کے ذمہ داران نے اہل اردو سے شرکت کی درخواست کی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK