• Sun, 27 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سرکاری اسپتالوں میں ادویات کے معیار کی جانچ کااعلان

Updated: September 27, 2026, 2:35 PM IST | Mumbai

ریاستی محکمہ صحت نقلی ادویات کا پتہ لگانے والا آلہ فراہم کرےگا، اس کی مدد سے ان ادویات کو چیک کیا جائےگا۔

Maharashtra Health Minister Prakash Abitkar addressing the meeting. Photo: INN
میٹنگ کے دوران مہاراشٹر کے وزیر صحت پرکاش ابیتکرخطاب کرتےہوئے۔ تصویر: آئی این این

ریاست کے سرکاری اسپتالوں اور صحت کے مراکز میں فراہم کی جانے والی ادویات کے معیار کی جانچ کی جائے گی۔ اس کیلئے نقلی ادویات کا پتہ لگانے والا آلہ فراہم کیا گیا ہے۔ وزیر صحت پرکاش ابیتکر نے اس ڈیوائس کی مدد سے ان ادویات کو چیک کرنے کی ہدایات دی ہیں ۔ 
اس تعلق سے آروگیہ بھون میں منعقدہ میٹنگ میں وزیر صحت کی جانب سے انتظامیہ کو ہدایات دی گئیں۔ 
ریاست میں صحت عامہ کے اداروں کو فراہم کی جانے والی ادویات کے معیار کو جانچنے کیلئے ان آلات کے استعمال پر ماہرین کی موجودگی میں ایک پریزنٹیشن دیا گیا۔ اس کے بعد حکومت کے فیصلے پر ریاست کے ۸؍ حلقوں میں سے ہر ایک کو آلات دستیاب کرائے گئے۔

یہ بھی پڑھئے: ۲؍اکتوبرکوممبئی میں تاجروں کا ’نویوپی آئی ڈے‘ منانے کا اعلان

اس موقع پر یہ بھی بتایا گیا کہ مہاراشٹر میڈیکل گڈز پروکیورمنٹ اتھاریٹی کے ذریعے آلات کو سنبھالنے کیلئے ڈپٹی ڈائریکٹر کے دفتر میں ’ڈرگ مینوفیکچرنگ‘ کے سینئر افسران کی تربیت مکمل ہو چکی ہے۔ 
محکمہ صحت کے مذکورہ ۸؍حلقوں میں اگلے ماہ تک ادویات کے معیار کی خصوصی جانچ کی مہم چلائی جائے گی۔ اس مہم میں نئی موصول ہونے والی ادویات کے نمونوں کے ساتھ صحت کے اداروں میں موجود ادویات کے ذخیرے کو بھی چیک کیا جائے گا۔ ہر حلقے کے اضلاع کیلئے ادویات کے معائنے کا شیڈول طے کیا جائے گا اور فیلڈ انسپکشن کی جائے گی۔ معائنہ کا عمل، اس کی تعمیل، معائنہ کی گئی ادویات کی تعداد اور تفصیلی معائنہ کی رپورٹ ہر ہفتے جمع کرانی ہوگی۔ 
وزیر صحت ابیتکر نے کہا کہ ’’معیاری ادویات کی فراہمی اور شہریوں کی صحت کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتے ہوئے ادویات کے معیار کی جانچ کے عمل کو مزید سختی سے نافذ کیا جائے گا۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK