• Sun, 27 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبرا کوسہ کیلئے پانی کی مقدار بڑھانے کا مطالبہ

Updated: September 27, 2026, 2:33 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbra

رکن اسمبلی جتیندر اوہاڑ نے تھانے میونسپل کمشنر سے اپیل کی کہ ممبرا، کلوا اور دیوا کیلئے ۱۰۰؍ ملین لیٹر اضافی پانی سپلائی کیا جائے۔

Mumbra-Kalwa MLA Dr. Jitendra Awhad. Photo: INN
ممبرا -کلو ا کےرکن اسمبلی ڈاکٹر جتیندر اوہاڑ۔ تصویر: آئی این این

ممبرا-کلوا کے رکن اسمبلی ڈاکٹر جتیندر اوہاڑ نے تھانے میونسپل کارپوریشن (ٹی ایم سی) کے کمشنر کو ایک خط ارسال کر کے مطالبہ کیا ہے کہ ممبرا، کلوا اور دیوا میں تیزی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر ان علاقوں کیلئے یومیہ ۱۰۰؍ ملین لیٹر اضافی پانی کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے۔ 
رکن اسمبلی ڈاکٹر جتیندر اوہاڑ نے میونسپل کمشنر کو ۲۴؍ ستمبر کو بھیجے گئے خط میں اس بات کی یاد دہانی کرائی ہے کہ فی الحال تھانے میونسپل کارپوریشن کے ذریعے مہاراشٹر انڈسٹریل ڈیولپمنٹ کارپوریشن (ایم آئی ڈی سی) سے یومیہ ۵۰؍ ملین لیٹر پانی لے کرممبرا، کوسہ، کلوا اور دیوا کے علاقوں کے شہریوں کو فراہم کیا جاتا ہے۔ چونکہ ان علاقوں میں تیزی سے آبادی بڑھ رہی ہے لیکن پانی کی مقدار میں کوئی اضافہ نہیں کیاگیا ہے اور اسی لئے موجودہ پانی کی فراہمی ناکافی ثابت ہو رہی ہے۔ ناکافی پانی سپلائی کرنے سے واٹر سپلائی سسٹم پر شدید دباؤ ہے۔ اس مسئلے پر پہلے بھی اسمبلی میں سوالات کے ذریعے حکومتِ مہاراشٹر کی توجہ مبذول کروائی جا چکی ہے۔ ڈاکٹر جتیندر اوہاڑ نے خط میں مزید لکھا ہے کہ ٹی ایم سی نے ممبرا، کلوا اور دیوا میں پانی کی فراہمی کو بہتر بنانے کیلئے پانی کی تقسیم کو منظم کرنے کیلئے ’واٹر سپلائی ری ماڈلنگ پروجیکٹ‘ پر کام شروع کیا ہے لیکن ایم آئی ڈی سی کی جانب سے پانی کے کوٹے میں اضافہ نہ ہونے کی وجہ سے مقامی شہریوں کو اس منصوبے کا اصل فائدہ نہیں مل پا رہا ہے۔ 
ایم آئی ڈی سی اور محکمہ آبپاشی کی 
مشترکہ میٹنگ کا مطالبہ 
ڈاکٹر جتیندر اوہاڑ نے میونسپل کمشنر کو تجویز دی ہے کہ ایم آئی ڈی سی اور محکمہ آبپاشی کی ایک مشترکہ میٹنگ طلب کی جائے۔ اس میٹنگ کے ذریعے ری ماڈلنگ پروجیکٹ کی ضرورت کے مطابق ۱۰۰؍ایم ایل ڈی یومیہ اضافی پانی فراہم کرنے کیلئے ایک وقت کا تعین کر کے مناسب اقدامات کا پروگرام تیار کیا جائے۔

یہ بھی پڑھئے: سڑک حادثات میں اموات پر قابو پانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ہوگا

دریں اثناءممبرا کلوا اسمبلی حلقہ کے این سی پی (شرد)کے صدر شمیم خان اس مطالبے کی مسلسل پیروی کر رہے ہیں اور اطلاع ہے کہ ٹی ایم سی کمشنر سوربھ راؤ نے ڈاکٹر جتیندر اوہاڑ کی اس تجویز پر مثبت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ شمیم خان کے مطابق ممبرا کوسہ میں ٹیکس ادا کرنے والے شہریوں کو پینے کا پانی میسر نہیں ہو پار ہا ہے جبکہ سڑکوں کے کنارے گاڑیوں کے واشنگ سینٹر پر پانی کی فراوانی ہے۔ انہوں نے ان غیر قانونی کنکشن کے خلاف بھی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ 
سیاسی جماعتوں نے مورچہ نکالا تھا
ممبرا کوسہ اور دیوا میں پانی کی شدید قلت کے پیش نظر مختلف سیاسی پارٹیوں کی جانب سے محکمہ آب رسانی کیخلاف مورچہ نکالا گیا تھا۔ ان میں این سی پی( شرد) ، این سی پی (اجیت)، شیو سینا (ادھو) اور ایم آئی ایم شامل تھی۔ اس کے بعدہی میونسپل کمشنر سوربھ راؤ نے محکمہ آب رسانی کو پانی کی چوری روکنے اور غیر قانونی کنکشن جنگی پیمانے پر منقطع کرنے کی کارروائی شروع کرنے کا حکم دیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK