۳۸۶؍ نشیبی مقامات پر ۴۱۷؍ پمپ نصب کئے جائیں گے ۔گاڑیوں پر مبنی ڈیزل جنریٹر سیٹ اور گشتی پمپنگ سسٹم کو بھی تیار رکھنے کا حکم۔
EPAPER
Updated: May 12, 2025, 12:57 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
۳۸۶؍ نشیبی مقامات پر ۴۱۷؍ پمپ نصب کئے جائیں گے ۔گاڑیوں پر مبنی ڈیزل جنریٹر سیٹ اور گشتی پمپنگ سسٹم کو بھی تیار رکھنے کا حکم۔
امسال مانسون کے دوران ممبئی کے نشیبی علاقوں خصوصاً سب وے میں برسات کا پانی نہ بھر جائے اس کیلئے برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن(بی ایم سی) کی جانب سے خصوصی توجہ دینے اور ان مقامات سے پانی کی نکاسی کیلئے پمپ نصب کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ امسال ممبئی کے ۳۸۶؍ مقامات سے برساتی پانی کی نکاسی کیلئے ۴۱۷؍ پمپ نصب کرنے کا یقین دلایا گیا ہے۔ ممبئی کے ایڈیشنل میونسپل کمشنر (پروجیکٹس) ابھیجیت بانگر نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی ہےکہ وہ ایسا نظم کریں کہ پمپنگ سسٹم پوری صلاحیت کے ساتھ کام کرتے رہیں اور گاڑیوں پر مبنی ڈیزل جنریٹر سیٹ اور گشتی پمپنگ سسٹم کو بھی تیار رکھا جائے تاکہ نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا نہ ہو اور وہ ٹریفک اور شہریوں کی آمد و رفت جاری رہے۔
ایڈیشنل میونسپل کمشنر نے نالوں کی صفائی پر مامور انجینئروں کو متنبہ کیا کہ اگر نالوں اور ندیوں سے کیچڑ نکالنے اور نقل و حمل کے عمل میں کوئی بے ضابطگی ہوئی تو ان کے خلاف بھی کارروائی کی جاسکتی ہے۔ ایڈیشنل میونسپل کمشنر نے سنیچر کو مغربی مضافاتی علاقوں میں نالے کی صفائی اور نشیبی علاقوں / سب وے سے پانی کی نکاسی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی میں ۳۸۶؍مقامات پر برسات کا پانی جمع ہوتا ہے۔ گزشتہ سال پانی کو نکالنے کیلئے ۴۸۲؍ سبمرسیبل پمپ لگائے گئے تھے۔ بارش کے پانی کی نکاسی کے نیٹ ورک کی توسیع اور پچھلے سال کے دوران بہتری کے کاموں کی وجہ سے امسال۴۱۷؍ بوسٹر پمپس کی ضرورت ہوگی۔ اس دوران پمپ لگانے کی ذمہ دار افسران کو یہ ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ برسات کے دوران کوئی پمپ بند نہ پڑے۔ ایڈیشنل میونسپل کمشنر نے جن علاقوں کا دورہ ان میں واکولہ ندی، (کنکیا پل)، ایس این ڈی ٹی نالا (گزدھربند پمپنگ اسٹیشن)، اوشیوارا ندی (ملاڈ)، پیرامل نالا (گوریگاؤں ویسٹ)، رام چندر نالا (ملاڈ ویسٹ)، وغیرہ شامل ہیں ۔
نالوں کےاطراف لوہے کی جالی کارگر
ایڈیشنل کمشنر نے کہاکہ چند نالوں کے اطراف لوہے کی جالی لگانافائدہ مند ثابت ہوا ہے اور نالوں میں پھینکنے جانے والے کوڑا کرکٹ میں ۹۰؍ فیصد کی کمی آئی ہے۔ انہی خطوط پر گنجان آباد علاقوں میں نالوں کے دونوں طرف لوہے کے جال لگائے جائیں۔ نیز نالے کے کناروں پر جمع فضلہ اور ملبہ کو فوری طور پر ٹھکانے لگایا جائے۔