Inquilab Logo

قرض کی قسطوں کی ادائیگی میں  مزید ۳؍ ماہ کی چھوٹ، شرح سود میں بھی کمی

Updated: May 23, 2020, 4:02 AM IST | New Delhi

لاک ڈاؤن سے نڈھال معیشت کو متحرک کرنے کیلئے ریزرو بینک کی ایک اور کوشش، گورنر شکتی کانت داس نے شرح نمو منفی رہنے کااندیشہ ظاہر کیا۔

Shakti Kant Das Photo: INN
شکتی کانت داس۔ تصویر: آئی این این

 کورونا وائرس کے بڑھتے معاملات اور ۲؍ ماہ سے جاری لاک ڈاؤن کے سبب نڈھا معیشت کو متحرک کرنے کے مقصد سے ریزرو بینک آف انڈیا کی مانیٹری پالیسی کمیٹی نےجمعہ کو ریپو اور ریورس ریپو کی شرح میں ۴۰؍ بنیادی پوائنٹس کی تخفیف کااعلان کیا جس سے گھر، گاڑی اور دیگر قرض سستے ہونے کی امید ہے۔ اس کے ساتھ ہی قرضوں کی قسط کی ادائیگی میں  مزید ۳؍ مہینوں کی چھوٹ دیدی گئی ہے ساتھ ہی بینکوں   کو اس بات کی اجازت دی گئی ہے کہ کارپوریٹ کمپنیوں  کو اضافی قرض دے سکتی ہیں ۔ 
 ریزرو بینک کے گورنر شکتی کانت داس نے بتایا کہ مانیٹری پالیسی کمیٹی نے کورونا کی وجہ سے گھریلو اور عالمی صورتحال کا جائزہ لیا ہے اور اس سلسلہ میں ہونے والی وسیع بحث کے بعد اکثریت کی بنیاد پر ریپو ریٹ میں  کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت ریپوریٹ گھٹ کر ۴؍ فیصد اور ریورس ریپو ریٹ ۳ء۳۵؍ فیصد ہوگیاہے۔ اس کے ساتھ ہی ریزرو بینک نے بینکوں  کو ہوم لون، گاڑیوں کےلون اور پرسنل لون کی ادائیگی میں   صارفین کو مزید ۳؍ مہینے کی چھوٹ دینے کااختیار دے دیا ہے۔ شکتی کانت داس نے کہا کہ اقتصادی اور مالیاتی حالات انتہائی سنگین ہیں ۔ عالمی معیشت گہری کساد بازاری کی طرف جا رہی ہے۔ عالمی مینوفیکچرنگ اور خریداری انڈیکس اپریل میں ۱۱؍ ماہ کی کم ترین سطح پر آ گیا۔ گھریلو سطح پر ۲؍ماہ کے لاک ڈاؤن میں معیشت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ صنعتی پیداوار میں ۶۰؍ فیصد کا تعاون کرنے والی ملک کی ۶؍بڑے صنعتی ریاستوں میں سے بیشترریڈ یا اورینج زون میں ہیں ۔ ہر طرح کی اشیاء کی مانگ میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔ انہوں   نےکہا کہ ’’ اس کے پیش نظر رواں مالی سال میں ترقی کی شرح کے منفی رہنے کی کا اندیشہ ہے۔‘‘ انہوں نے مئی کے آخر تک شر طوں کے ساتھ لاک ڈاؤن ختم ہونے کی امید ظاہر کی اور کہا کہ پہلی سہ ماہی میں ترقی کی شرح پر بھاری دباؤ رہے گا۔ 
صنعتی دنیا نے خیر مقدم کیا
ہندوستانی صنعتی دنیا نے ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کے ذریعہ ریپو ریٹ میں  کمی کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے مارکیٹ میں سرمایہ کی دستیابی بڑھے گی اور معیشت کو رفتار ملے گی۔ہندوستانی صنعت اور کامرس فیڈریشن نے آر بی آئی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ مارکیٹ میں سرمایہ بڑھانے کی اشد ضرورت ہے اور آر بی آئی کی یہ پہل اس سمت میں مناسب قدم ہے۔ پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس کے صدر ڈی کے اگروال نے کہا ہے کہ سرمایہ کی دستیابی صنعتوں کے سامنے اہم مسئلہ ہے اور ریپو کی شرح گھٹنے سے اس کے حل میں مدد ملے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK