Inquilab Logo Happiest Places to Work

ڈاکٹر کے خلاف تشدد کا ایک اور افسوسناک واقعہ

Updated: August 24, 2026, 3:27 PM IST | Ejaz Abdul Ghani | Kalyan

ڈاکٹر کے خلاف تشدد کا ایک اور افسوسناک واقعہ، بدتمیزی کرنے سے منع کرنے پر مریض کے بیٹے کا ڈاکٹر پر حملہ، گلا دبایا، پولیس میں کیس درج۔

CCTV footage of an assault on a doctor at a clinic in Kalyan East. Picture: Inquilab
کلیان مشرق کے ایک کلینک میں ڈاکٹرکےساتھ مارپیٹ کا سی سی ٹی وی فوٹیج۔ تصویر:انقلاب

ڈومبیولی کے سرکاری اسپتال میں پیش آئے حالیہ شرمناک واقعہ کی گونج ابھی تھمی بھی نہیں تھی کہ کلیان مشرق سے ایک اور سنگین معاملہ سامنے آیا ہے جہاں صرف تمیز سے گفتگو کی تلقین کرنے پر ایک نوجوان نے ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر کو گالی گلوچ کا نشانہ بناتے ہوئے ان پرحملہ کیا اور مارا پیٹا۔ پولیس نے متاثرہ ڈاکٹر کی شکایت پر ملزم کے خلاف سنگین دفعات کے تحت کیس درج کرلیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: جاپان ماؤنٹ فیوجی: تھکن کی شکایت کرنے پر ۷؍ سالہ بچے کو والد نے تنہا چھوڑ دیا

تفصیلات کے مطابق پونہ لنک روڈ پر واقع بھانو جیوت اسپتال میں سنیچر کی رات تقریباً ساڑھے ۱۰؍ بجے جیونت دیشمکھ نامی مریض اپنے ۳۰ ؍سالہ بیٹے ونیت دیشمکھ کے ہمراہ معائنے کے لئے پہنچے۔ او پی ڈی میں موجود ۴۱؍ سالہ ڈاکٹر یوگیندر جیسوال نے مریض کا معائنہ کیا اور ضروری دوائیں تجویز کرتے ہوئے خوراک اور پرہیز کے متعلق ہدایات دیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: ایران کا آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں سے فیس لینے کا فیصلہ

ڈاکٹر جیسوال کے مطابق معائنے کے بعد جب مریض جانے لگے تو ان کے بیٹے ونیت نے انتہائی توہین آمیز لہجہ میں سوالات پوچھنا شروع کر دیا۔ ڈاکٹر نے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام ہدایات اور پرہیزکے بارےمیں انہیں دوبارہ سمجھایا تاہم ملزم کا گستاخانہ رویہ برقرار رہا۔ جب ڈاکٹر نے شائستگی سے ٹوکتے ہوئے کہا کہ وہ عزت سے مخاطب ہوں تو ملزم طیش میں آگیا۔ اس نے چیختے ہوئے کہا’’ کیوں بے ، تو کوئی بہت بڑا ڈاکٹر بن گیا ہے‘‘ ، اور گالیاں دیتے ہوئے ڈاکٹر پر جھپٹ پڑا۔ ملزم نے کیبن کے اندر ہی ڈاکٹر کے ساتھ مار پیٹ کی اور کافی دیر تک ان کا گلا دبائے رکھا۔ کمرے میں موجود اسٹاف نے فوری مداخلت کر کے ڈاکٹر کی جان بچائی۔ اس ضمن میں کولسے واڑی پولیس نے دورانِ علاج سرکاری و پیشہ ورانہ فرائض میں رکاوٹ ڈالنے اور جان لیوا حملہ کرنے کے الزام میں ونیت دیشمکھ کے خلاف کیس درج کرکے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK