• Mon, 10 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایک اور زمین گھوٹالہ ، وجے وڈیٹیوار کا پرتاپ سرنائیک پر۴۰۰؍ کروڑ کی زمین ۳؍ کروڑ میں خریدنے کاالزام

Updated: November 09, 2025, 8:41 AM IST | Mumbai

مہاراشٹر میں ایک کے بعد ایک زمین گھوٹالے سامنے آ رہے ہیں۔ ان گھوٹالوں میںمہا یوتی حکومت کے وزیروں کے ملوث ہونے کا انکشاف کیا جا رہا ہے۔

Minister Pratap Sarnaik
وزیر پرتاپ سرنائیک

مہاراشٹر میں ایک کے بعد ایک زمین گھوٹالے سامنے آ رہے ہیں۔ ان گھوٹالوں میںمہا یوتی حکومت کے وزیروں کے ملوث ہونے کا انکشاف کیا جا رہا ہے۔ پونے میں جین ہوسٹل کی زمین فروخت کرنےکا الزام مرکزی وزیرمرلی دھر موہول پر لگا تھا جو بی جے پی سے تعلق رکھتے ہیں۔ اس کے بعد این سی پی سربراہ اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے بیٹے پارتھ پوار کا معاملہ سامنے آیا۔ پارتھ پوار پر الزام ہے کہ انہوں نے سرکاری زمین کو غیر قانونی طریقے سے خریدا ہے۔ اب کانگریس کے سینئر لیڈر وجے وڈیٹیوار نے الزام لگایا ہے کہ شیوسینا (شندے) سے تعلق رکھنے والے پرتاپ سرنائیک نے ۴۰۰؍ کروڑ روپے کی ایک سرکاری زمین کو صرف ۳؍ کروڑ روپے میں اپنے نام کر لیا۔ پرتاپ سرنائیک نے اس الزام کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ ان کا خود نہیں معلوم ہے کہ انہوں نے ایسی کوئی زمین خریدی ہے ۔  
  ایک روز قبل ایک یو ٹیوب چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وجے وڈیٹیوار نے الزام لگایا کہ ’’ وزیر پرتاپ سرنائیک نے اپنے ایک تعلیمی ادارے کیلئے ممبئی کے میرا بھائندر علاقے میں ۴؍ ایکڑ زمین خریدی ہے ، بازار میں جس کے دام ۴۰۰؍ کروڑ روپے ہے لیکن سرنائیک نے اسے صرف ۳؍ کروڑ روپے میں حاصل کیا ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ آپ مہاراشٹر کو لوٹ کر کھا لیجئے ہم آنکھیں بند کئے بیٹھتے ہیں۔ ‘‘
   وجے وڈیٹیوار نے کہا ’’ اس وقت ریاست میں زمینوں کی گھوٹالے بازی جاری ہے۔ سب سے زیادہ زمین گھوٹالے پونے میں ہو رہے ہیں۔ یہ گھوٹالا مجموعی طور پر ایک لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا ’’بلڈر، ڈیولپر اور سیاستداں، تینوں مل کر مہاراشٹر کی زمینیں ہڑپ رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے پارتھ پوار کے زمین گھوٹالے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ’’ اس زمین کا معاہدہ منسوخ کر دیا گیا ہے ۔ اس معاملے میں ملوث لوگوں کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے لیکن میرا سوال یہ ہے کہ جو شخص کمپنی کا مالک( پارتھ پوار) ہے وہ کیسے اس معاملے میں قصور وار نہیں ہے؟ اس کے خلاف معاملہ کیوں درج نہیں کیا گیا ہے؟ 
پرتاپ سرنائیک کی وضاحت
  وڈیٹیوار کے الزام کا جواب دیتے ہوئے وزیر پرتاپ سرنائیک نے کہا ہے کہ ’’ مجھے ۳؍ کروڑ روپے میںزمین ملی ہے ۔ یہ خبر سن کر وہ زمین دیکھنے کی غرض سے میں صبح جلدی ممبئی آ گیا۔ مجھے خود نہیں معلوم کہ میں نے کہاں زمین لی ہے۔ زمین کی قیمت ۲۰۰؍ کروڑ روپے ہے یہ سن کر میں خوشی سے پھولا نہیں سما رہا ہوں۔  اتنے سستے میں اگر زمین مل جاتی ہے تو پھر اسے دیکھ لینا بے حد ضروری ہے۔ ‘‘ سرنائیک نے کہا ’’ ٹھیک ہے میں ریاست کا وزیر ہوں اس لئے اتنے سنگین الزام پر عوام کے سامنے وضاحت کرنا میرا فرض ہے لیکن وڈیٹیوار صاحب جلد اس معاملے کی تفصیلات پیش کرنے والے ہیں۔ اس کے بعد میں اس تعلق سے مزید گفتگو کروں گا۔ فی الحال مجھے یہ نہیں معلوم ہے کہ اتنی سستی زمین میں نے کب خریدی۔ ‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK