ضلع الیکشن افسر ڈاکٹر شری کرشنا پانچال نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ایس آئی آر کے تحت ایسے ووٹرس ۳۰ ؍نومبر تک فارم جمع کرا سکتے ہیں۔ ۲۲ دسمبر کو حتمی ووٹر لسٹ شائع ہوگی۔
EPAPER
Updated: November 24, 2026, 11:39 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
ضلع الیکشن افسر ڈاکٹر شری کرشنا پانچال نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ایس آئی آر کے تحت ایسے ووٹرس ۳۰ ؍نومبر تک فارم جمع کرا سکتے ہیں۔ ۲۲ دسمبر کو حتمی ووٹر لسٹ شائع ہوگی۔
الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) کی جانب سے مہاراشٹر میں جاری اسپیشل انٹیسیو ریویژن (ایس آئی آر) کے تحت ایسے تمام ووٹروں کو ایک اور موقع فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے جو دیئے گئے پتے پر موجود نہیں تھے یا رہائش تبدیل کر لینے یا کسی اور وجہ سے اپنا انومریشن فارم (ای ایف) پُر نہیں کر سکے تھے۔ ممبئی اور تھانے سمیت ریاست کے ایسے ووٹرس ۳۰؍ نومبر تک اپنا انومریشن فارم متعلقہ بوتھ لیول آفیسر (بی ایل او) کے پاس جمع کرا سکتے ہیں۔ موصول ہونے والی درخواستوں پر بی ایل او اور الیکشن کمیشن کی جانچ کے بعد ۲۲؍ دسمبر ۲۰۲۶ء کو حتمی ووٹر لسٹ شائع کی جائے گی۔
اس سلسلے میں تھانے ضلع کلکٹر اور ضلع الیکشن افسر ڈاکٹر شری کرشنا پانچال نے پیر کو کلکٹر آفس میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایاکہ ’’ایس آئی آر سروے میں کئی ایسے ووٹرس سامنے آئے ہیں جو اپنے پتے پر موجود نہ ہونے، منتقلی یا کسی اور سبب سے متعلقہ بی ایل او کو اپنا انومریشن فارم پُر کر کے جمع نہیں کرا سکے تھے۔ اس وجہ سے ان کا نام غیر حاضر/ منتقل شدہ/ مکرر (ایک سے زیادہ)/ فوت شدہ (اے ایس ڈی ڈی) کی فہرست میں شامل کر دیا گیا تھا۔ ان ووٹروں کو اپنا نام ووٹر لسٹ میں برقرار رکھنے کیلئےایک اور موقع دیا جا رہا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے ان ووٹروں کے انومریشن فارم دوبارہ پرنٹ کر کے متعلقہ بی ایل او کے ذریعے تقسیم کئے جائیں گے۔ بی ایل او گھر جا کر یا فون کے ذریعے ووٹروں سے رابطہ کریں گے اوران کو یہ فارم پُر کر کے ۳۰؍ نومبر تک بی ایل او کے پاس جمع کرانا ہوگا۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ موصول ہونے والے فارموں پر ۱۰؍ دسمبر تک فیصلہ کیا جائے گا، اس کے علاوہ ۱۵؍ دسمبر تک ووٹر لسٹ کے ناموں پر دعوے اور اعتراضات داخل کئے جا سکیں گے جبکہ حتمی ووٹر لسٹ ۲۲؍ دسمبر کو شائع کی جائے گی۔
’’انومریشن فارم کے ساتھ اضافی فارم پُر کرنا ہوگا‘‘
ضلع کلکٹر ڈاکٹر شری کرشنا پانچال نے وضاحت کی کہ غیر حاضر اور منتقل ہونے والے ووٹروں کو اس بار انومریشن فارم کے ساتھ ایک اضافی فارم بھی بھرنا ہوگا۔ غیر حاضر رہنے والے ووٹروں کو اس اضافی فارم میں یہ تحریر کرنا ہوگا کہ پہلی مرتبہ جب ایس آئی آر کا فارم تقسیم کیا گیا تھا تو وہ گھر پر موجود نہیں تھے، تاہم وہ وہی اصل ووٹرس ہیں جن کا نام انومریشن فارم یا ووٹر لسٹ میں درج ہے۔ اسی طرح رہائش تبدیل کرنے والے ووٹرس کو اضافی فارم میں یہ لکھنا ہوگا کہ وہ اب نئے پتے پر منتقل ہو گئے ہیں، لہٰذا ان کا نام نئے پتے کی ووٹرلسٹ میں منتقل کر دیا جائے۔
یہ بھی پڑھئے: ٹھنڈ سے بچنے کیلئے آگ جلانے پر ۲؍ ہزار روپے جرمانہ
سیاسی جماعتوں کے بی ایل اے سے بھی اپیل
ضلع کلکٹر نے بتایاکہ ’’ووٹروں کیلئے اس خصوصی موقع کے حوالے سے سبھی سیاسی جماعتوں کے نمائندوں (بی ایل اے) کے ساتھ میٹنگ بھی منعقد کی گئی ہے اور انہیں اس عمل سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ہماری ان سے اپیل ہے کہ وہ ایسے ووٹروں میں بیدارلائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی بھی اہل ووٹر اپنے حق ِ رائے دہی سے محروم نہ رہے۔‘‘
آن لائن اور آف لائن سہولت
جن شہریوں کے نام مسودہ فہرست یا ’غیر حاضر/منتقل شدہ‘ فہرست میں شامل ہیں، وہ ۳۰؍ نومبر سے قبل اپنے علاقے کے بوتھ لیول آفیسر (بی ایل او) سے رابطہ کر کے یا سرکاری ووٹرس پورٹل پر آن لائن ’سیلف انومریشن فارم‘ بھر کر اپنا نام حتمی ووٹر لسٹ میں درج کرا سکتے ہیں۔
کلکٹر کی اپیل
ضلع کلکٹر نے تھانے ضلع (بشمول ممبرا، کلوا، تھانے، کلیان اور بھیونڈی) کے تمام اہل شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس آخری موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اپنے حق رائے دہی کو محفوظ بنائیں۔
اہم تاریخیں
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق اس نظرثانی مہم کے اہم مراحل درج ذیل ہیں:
فارم بھرنے کی آخری تاریخ: الیکشن کمیشن کے ترمیم شدہ شیڈول کے مطابق غیر حاضر یا رہ جانے والے ووٹروں کیلئے انومریشن فارم کی تقسیم اور وصولی کا عمل ۱۸؍ نومبر سے ۳۰؍ نومبر تک جاری رہے گا۔
فارموں کی جانچ اور نمٹارہ: جمع کئے گئے انومریشن فارموں کی جانچ پڑتال اور ان پر فیصلے کا عمل ۱۰؍ دسمبر تک مکمل کیا جائے گا۔
دعوؤں اور اعتراضات پر فیصلے: تمام دعوے اور اعتراضات ۱۵؍ دسمبر تک نمٹائے جائیں گے۔
حتمی ووٹرلسٹ کی اشاعت: تمام مراحل کی تکمیل کے بعد حتمی ووٹر لسٹ ۲۲؍ دسمبر کو شائع کی جائے گی۔