زیر زمین سرنگوں کے ذریعہ ہزاروں ملین مکعب فٹ پانی کو عروس البلاد لانے کے امکانات کا جائزہ۔
EPAPER
Updated: November 24, 2026, 11:23 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai
زیر زمین سرنگوں کے ذریعہ ہزاروں ملین مکعب فٹ پانی کو عروس البلاد لانے کے امکانات کا جائزہ۔
مہاراشٹر حکومت کوئنا ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ سے بجلی پیدا کرنے کے بعد سمندر میں بہہ جانے والے اضافی پانی کو ممبئی منتقل کرنے کے منصوبے پر غور کررہی ہے۔ اس تجویز پر عمل درآمد کی صورت میں ممبئی کو سالانہ تقریباً ۶۷؍ ٹی ایم سی (ہزار ملین مکعب فٹ) اضافی پینے کا پانی دستیاب ہوسکتا ہے۔ وزیر آبی وسائل گریش مہاجن نے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کی صدارت میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد اس تجویز کی تفصیلات فراہم کیں۔ فی الحال کوئنا پروجیکٹ سے بجلی پیدا کرنے کے بعد پانی وشیسٹی ندی میں چھوڑ دیا جاتا ہے جو بحیرۂ عرب میں جا گرتا ہے۔ حکومت اس پانی کو زیر زمین سرنگوں اور پائپ لائنوں کے ذریعے ممبئی پہنچانے کے امکانات کا جائزہ لے رہی ہے۔گریش مہاجن کے مطابق یہ منصوبہ ممبئی اور میٹروپولیٹن خطے کی آئندہ ۵۰؍ برسوں کی پانی کی ضروریات کو پورا کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ال نینو کے خدشات کے درمیان اپریل تا ستمبر دالوں کی درآمدات میں ۶۰؍ فیصد اضافہ
تاہم، اس پر حتمی فیصلہ کرنے سے پہلے تکنیکی امکانات، پانی کی منتقلی کے راستے، سرنگوں اور پائپ لائنوں کی تعمیر، ماحولیاتی اثرات اور مجموعی لاگت کا جائزہ لیا جائے گا۔ دریں اثنا، مغربی مہاراشٹر کے بعض علاقوں میں اس تجویز پر اعتراضات سامنے آئے ہیں اور مطالبہ کیا گیا ہے کہ ممبئی کو پانی فراہم کرنے سے پہلے ستارا، سانگلی اور دیگر خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کی ضروریات اور آبی حقوق کو یقینی بنایا جائے۔