Inquilab Logo

کیجریوال پر ایک اورشکنجہ، رہائی کی اُمید بندھی تو این آئی اے جانچ کی سفارش کردی گئی

Updated: May 07, 2024, 8:31 AM IST | Fazeel Ahmed | New Delhi

لیفٹیننٹ گورنر ونئے کمار سکسینہ کے اقدام کو عام آدمی پارٹی نے ایک اور سازش قراردیا، ای ڈی کیس میں گرفتاری کے خلاف پٹیشن پر آج سپریم کورٹ میں شنوائی۔

Amid the possibility of Kejriwal`s release, the Lt. Governor has created a new problem for him. Photo: INN
کیجریوال کی رہائی کے امکانات کے بیچ لیفٹیننٹ گورنر نے ان کیلئے نئی مصیبت کھڑی کردی ہے۔ تصویر : آئی این این

ان امیدوں کے بیچ کہ منگل کو سپریم کورٹ عام آدمی  پارٹی کے سربراہ اور دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کو عبوری ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے سکتاہے، دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر  ونئے کمار سکسینہ نے  ان کے خلاف  این آئی اے جانچ کی سفارش کردی ہے۔  یہ سفارش ممنوعہ خالصتانی تنظیم سے پارٹی کیلئے  فنڈ لینے کے الزام میں کی گئی ہے۔  سکسینہ نے اس سلسلے میں وزارت داخلہ کو خط لکھا ہے، جس میں ان پر دہشت گرد تنظیم ’سکھ فار جسٹس‘ سے فنڈ لینے کا الزام لگایا گیا ہے۔کیجریوال پر۱۶؍ ملین امریکی ڈالر لینے کا الزام لگاتے ہوئے دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے این آئی اے کی تحقیقات کی سفارش کی ہے۔ عام آدمی پارٹی نے اسے بڑی سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایل جی بی جے پی کے ایجنٹ کی طرح کام کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: ناسک لوک سبھا سیٹ پر مہایوتی کا راستہ اب بھی اتنا آسان نہیں

دراصل ایل جی وی کے سکسینہ کو وشو ہندو مہا سنگھ کی طرف سے ایک تحریری شکایت موصول ہوئی تھی، جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ اروند کجریوال کی قیادت والی ’آپ‘ نے دیویندر پال بھلر کی   رہائی   اور عوام میں  خالصتان حامی جذبات کو فروغ دینے کیلئےانتہا پسند خالصتانی گروپوں سے۱۶؍ ملین روپے وصول کئے ہیں۔ اس کے بعد وی کے سکسینہ نے مرکزی وزیر داخلہ سے این آئی اے تحقیقات کی سفارش کی ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ چونکہ شکایت ایک وزیر اعلیٰ کے خلاف  ہے اور اس کا تعلق ایک کالعدم دہشت گرد تنظیم سے ملنے والی سیاسی فنڈنگ کاہے، اس لئے   شکایت کنندہ کے فراہم کردہ  الیکٹرانک شواہد کی فارنسک سمیت مکمل تحقیقات کی ضرورت ہے۔
  ’آپ‘ لیڈر اور دہلی کابینہ کے وزیر سوربھ بھاردواج نے  اسے بڑی سازش قرار دیتے ہوئے  کہا ہےکہ’’ ایل جی صاحب بی جےپی کے ایجنٹ کی طرح کام کررہے ہیں۔وزیر اعلیٰ کے خلاف بڑی سازش کی جارہی ہے۔ایل جی نے بی جے پی کے اشارے پر یہ سب کیا ہے، کیونکہ بی جے پی دہلی میں ساتوں سیٹیں ہار رہی ہے اور اس ڈر سےوہ بوکھلا گئی ہے۔‘‘قابل ذکر ہے کہ وزیر اعلی اروند کیجریوال اس وقت دہلی کی تہاڑ جیل میں ہیں ، ان کو سی بی آئی اور ای ڈی نے مختلف معاملات میں ملزم بنایا ہے۔ ۲۱؍ مارچ کو  انہیں گرفتار کیا گیا تھا  منگل کو سپریم کورٹ میں  شنوائی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK