Updated: November 20, 2026, 10:03 PM IST
| San Francisco
مصنوعی ذہانت کی کمپنی اینتھروپک کی اسٹاک مارکیٹ میں شاندار انٹری نے ملازمین کی قسمت بدل دی۔ کمپنی کے ۹۶؍ فیصد ملازمین کے حصص کی مالیت ۱۰؍ لاکھ ڈالر سے تجاوز کرگئی جبکہ ۶۰۰؍ ملازمین کے حصص ایک کروڑ ڈالر سے بھی زیادہ مالیت کے ہوگئے۔ آئی پی او کے پہلے ہی دن حصص کی قیمت میں ۱۷؍ فیصد اضافہ ہوا، تاہم ماہرین نے مستقبل میں اتار چڑھاؤ کا امکان ظاہر کیا ہے۔
سی این این (CNN) نے Hill.com کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ مصنوعی ذہانت کی معروف کمپنی اینتھروپک (Anthropic) کی اسٹاک مارکیٹ میں شاندار شروعات نے اس کے تقریباً پورے عملے کو کروڑ پتی بنا دیا ہے۔ کمپنی کے سیکڑوں ملازمین کے پاس اب ایسے حصص ہیں جن کی مالیت ۱۰؍ کروڑ ڈالر سے بھی زیادہ ہے۔ چیٹ بوٹ ’کلوڈ‘ (Claude) بنانے والی کمپنی اینتھروپک میں ستمبر تک ۵۳۰۰؍ ملازمین کام کر رہے تھے۔ کمپنی نے اپنا ابتدائی عوامی حصص اجرا (IPO) فی شیئر ۸۳؍ ڈالر کی قیمت پر کیا۔ اس کے نتیجے میں تقریباً ۵۱۰۰؍ ملازمین، یعنی کمپنی کے ۹۶؍ فیصد عملے کے پاس موجود حصص کی مالیت ۱۰؍ لاکھ ڈالر سے تجاوز کرگئی۔
یہ بھی پڑھئے: اسرائیل: وزیر اعظم کی مدت کو۸؍ سال تک محدود کرنے کا بل کنیسٹ میں پیش
نجی کمپنیوں کے حصص کی مالیت پر نظر رکھنے والے ادارے Hill.com کے اعداد و شمار کے مطابق تقریباً ۲۸۰۰؍ ملازمین، جنہیں کمپنی کے اندرونی حلقوں میں ’اینٹس‘ (Ants) کہا جاتا ہے، کے حصص کی مالیت ایک کروڑ ڈالر سے زیادہ ہوگئی ہے۔ اس کے علاوہ ۶۰۰؍ ملازمین ایسے ہیں جن کے حصص کی مالیت ۱۰؍ کروڑ ڈالر سے تجاوز کرچکی ہے۔ انہیں دولت مندوں کے اس نادر طبقے میں شمار کیا جارہا ہے جسے ’سینٹی ملینیئرز‘ (Centi-millionaires) کہا جاتا ہے۔
سلیکن ویلی کے اسٹارٹ اَپ اداروں میں ملازمین کو تنخواہ کے ساتھ کمپنی کے حصص دینا عام روایت ہے۔ نئی کمپنیاں عموماً محدود نقد سرمایہ رکھتی ہیں، اس لیے وہ باصلاحیت افراد کو اپنی جانب راغب کرنے اور انہیں طویل عرصے تک کمپنی سے وابستہ رکھنے کیلئے حصص کی پیشکش کرتی ہیں۔ ملازمین کو بھی امید ہوتی ہے کہ مستقبل میں کمپنی کسی بڑی کمپنی کے ہاتھوں خریدی جائے گی یا اسٹاک مارکیٹ میں فہرست ہوجائے گی، جس سے ان کے حصص کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوسکتا ہے۔ تاہم بہت کم اسٹارٹ اَپ کمپنیاں ایسی تیز رفتار ترقی کرتی ہیں جیسی اینتھروپک نے کی ہے۔ ۲۰۲۱ء میں قائم ہونے والی اس کمپنی میں ۲۰۲۴ء کے اختتام تک ایک ہزار سے بھی کم ملازمین تھے، لیکن اس کے بعد عملے کی تعداد بڑھ کر ۵۳۰۰؍ تک پہنچ گئی۔
Hill کے بانی اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر اینڈریو بینسن نے جمعرات کو سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کا اتنی کم مدت میں اس قدر دولت مند ہوجانا خاص طور پر حیران کن ہے۔ ان کے مطابق، ’’سب سے زیادہ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ یہ سب کچھ اتنی تیزی سے ہوا ہے۔‘‘ انہوں نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ اینتھروپک میں ملازمین کے کمپنی چھوڑنے کی شرح بہت کم رہی ہے۔ بینسن کے مطابق کسی کمپنی کے ابتدائی دور میں اس سے وابستہ ہونا، ملازم کی دولت میں اضافے کے لحاظ سے کسی اعلیٰ عہدے پر فائز ہونے سے بھی زیادہ فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ اینتھروپک کے ابتدائی برسوں میں شامل ہونے والے ملازمین کے حصص کی مالیت ان سینئر عہدیداروں سے بھی زیادہ ہوسکتی ہے جو کمپنی کی ترقی کے کافی بعد اس کا حصہ بنے۔
یہ بھی پڑھئے: بی جے پی اورشیوسینا شندے میں دوریاں بڑھنے لگیں
اینتھروپک کے آئی پی او سے پیدا ہونے والی دولت کا حجم دیگر بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے اسٹاک مارکیٹ میں داخلے کے مقابلے میں بھی غیر معمولی ہے۔ مثال کے طور پر خلائی ٹیکنالوجی کی کمپنی اسپیس ایکس (SpaceX) دو دہائیوں سے زیادہ عرصے تک نجی ملکیت میں رہی، اس کے بعد جون میں اس نے اسٹاک مارکیٹ میں قدم رکھا۔ اس کے آئی پی او کے نتیجے میں تقریباً ۲۲؍ ہزار ملازمین میں سے ۴؍ ہزار ۴۰۰؍ افراد کروڑ پتی بن گئے۔ اس کے برعکس اینتھروپک نے اس سے کہیں کم ملازمین اور قیام سے لے کر اسٹاک مارکیٹ میں فہرست ہونے تک کے مختصر عرصے میں تقریباً اسی نوعیت کی دولت پیدا کردی ہے۔
اینتھروپک کے آئی پی او کی ایک اور غیر معمولی بات یہ تھی کہ کمپنی کے بانیوں کے علاوہ دیگر ملازمین اور اندرونی سرمایہ کاروں کو بھی اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار شروع ہونے کے پہلے ہی دن اپنے کچھ حصص فروخت کرنے کی اجازت دی گئی۔ عام طور پر اسٹاک مارکیٹ میں کسی کمپنی کی فہرست سازی کے بعد ملازمین اور ابتدائی سرمایہ کاروں کو ایک مخصوص مدت تک اپنے حصص فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہوتی۔ اس پابندی کو ’لاک اَپ پیریڈ‘ (Lock-up Period) کہا جاتا ہے، جو عموماً ۳؍ سے ۶؍ ماہ تک جاری رہتا ہے۔ تاہم اینتھروپک نے اس معاملے میں ایک مختلف طریقہ اختیار کیا اور مرحلہ وار پابندیوں پر مشتمل ایک پیچیدہ نظام متعارف کرایا۔ اس کے تحت بانیوں کے علاوہ دیگر اندرونی افراد کو اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار شروع ہوتے ہی اپنے مجموعی حصص کا ۱۰؍ فیصد تک فروخت کرنے کی اجازت مل گئی۔ البتہ یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ جمعرات کو کمپنی کے کتنے ملازمین اور دیگر اندرونی سرمایہ کاروں نے اس سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے حصص فروخت کیے۔
جمعرات کو نیس ڈیک (Nasdaq) اسٹاک مارکیٹ میں حصص کی خرید و فروخت شروع ہونے کے بعد اینتھروپک دنیا کی سب سے زیادہ مالیت رکھنے والی عوامی کمپنیوں میں شامل ہوگئی۔ اس کی مجموعی مارکیٹ ویلیو تقریباً ۷۶ء۱؍ ٹریلین ڈالر یعنی تقریباً ۱۶۴؍ لاکھ کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔ مصنوعی ذہانت کی یہ کمپنی اپنے چیٹ بوٹ ’کلوڈ‘ (Claude) کے باعث دنیا بھر میں معروف ہے۔ کمپنی نے اپنے ابتدائی عوامی حصص اجرا میں فی شیئر ۸۳؍ ڈالر قیمت مقرر کی تھی۔ تاہم اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار شروع ہوتے ہی اس کے حصص کی قیمت بڑھ کر ۵۳ء۱۱۱؍ ڈالر ہوگئی، جس سے کمپنی کی مارکیٹ ویلیو تقریباً ۲؍ ٹریلین ڈالر کے قریب پہنچ گئی۔ بعد ازاں حصص کی قیمت میں کمی آئی اور کاروبار کے اختتام پر یہ ۱۷ء۹۷؍ ڈالر پر بند ہوئے۔ اس کے باوجود یہ قیمت آئی پی او کی مقررہ قیمت سے تقریباً ۱۷؍ فیصد زیادہ تھی۔ تاہم اینتھروپک کی اسٹاک مارکیٹ میں آمد ایسے وقت میں ہوئی ہے جب مصنوعی ذہانت کے شعبے میں بھاری سرمایہ کاری کے باعث ممکنہ مالیاتی بلبل (AI Bubble) کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔ گزشتہ ایک سال کے دوران چند بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں نے ہی مصنوعی ذہانت کے بنیادی ڈھانچے (AI Infrastructure) پر ایک ٹریلین ڈالر سے زیادہ خرچ کیے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: سابقہ راک اسٹار گیمز ڈیولپر کا منفرد اقدام، حج کے تجربے پر مبنی ویڈیو گیم تیار
اینتھروپک پہلی ایسی کمپنی ہے جو مکمل طور پر مصنوعی ذہانت کے کاروبار سے وابستہ ہے اور اسٹاک مارکیٹ میں فہرست ہوئی ہے۔ اس لیے سرمایہ کاروں کے پاس اس کی مارکیٹ ویلیو کا دوسری ہم پلہ کمپنیوں سے موازنہ کرنے کیلئے زیادہ مثالیں موجود نہیں ہیں۔ بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے Quilter Cheviot میں ٹیکنالوجی ریسرچ کے سربراہ بین بیرنگر نے کہا کہ کمپنی کے حصص کی خرید و فروخت کے آغاز پر پیدا ہونے والا جوش و خروش وقت کے ساتھ کم ہوسکتا ہے۔ انہوں نے اسپیس ایکس کی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ رواں سال اسٹاک مارکیٹ میں فہرست ہونے کے پہلے دن اس کے حصص کی قیمت میں تقریباً ۱۰؍ فیصد اضافہ ہوا تھا، جس سے اس کی مارکیٹ ویلیو ۲ء۲؍ ٹریلین ڈالر تک پہنچ گئی تھی۔ تاہم ایک ماہ کے اندر ہی اسپیس ایکس کے حصص کی قیمت ابتدائی تجارتی سطح سے نیچے آگئی اور اس کے بعد بھی ان میں زیادہ تر گراوٹ ہی دیکھی گئی ہے۔ اسی طرح Saxo UK کے سرمایہ کاری حکمت عملی کے ماہر نیل ولسن نے بھی کہا کہ سرمایہ کاروں کے پاس فی الحال اینتھروپک کی مارکیٹ ویلیو کا درست اندازہ لگانے اور اس کا دوسری کمپنیوں سے موازنہ کرنے کیلئے کوئی واضح مثال موجود نہیں ہے۔ ان حالات میں ماہرین کا خیال ہے کہ اینتھروپک کے حصص کی قیمت میں آئندہ دنوں میں نمایاں اتار چڑھاؤ دیکھا جاسکتا ہے۔