Updated: November 20, 2026, 2:00 PM IST
| London
’دی لاسٹ پلر: حج‘ کے نام سے تیار کئے جانے والے نئی ویڈیو گیم میں کھلاڑی ایک سابق کامیاب کاروباری شخص کا کردار ادا کریں گے جو مسجد الحرام میں گمنام صفائی کارکن بن کر حجاج کی خدمت کرتا ہے۔ گرینڈ تھیفٹ آٹو اور ریڈ ڈیڈ ریڈمپشن جیسے مشہور گیمز پر کام کرنے والے ایک سابق ڈیولپر کا یہ انفرادی منصوبہ حج کے مقدس مقامات، خدمت، ایمان اور انسانی جذبات کو ایک کہانی کے ذریعے پیش کرنے کی کوشش ہے۔
ویڈیو گیمز کی دنیا میں جہاں عموماً ایکشن، جنگ، مقابلے اور مہم جوئی کو مرکزی حیثیت حاصل ہوتی ہے، وہیں ’دی لاسٹ پلر: حج‘ ایک مختلف موضوع کے ساتھ سامنے آ رہا ہے۔ اس گیم کو کریسنٹ ڈائل گیمز نے تیار کیا ہے اور اس کی خاص بات یہ ہے کہ اسے راک اسٹار گیمز کے ایک سابق ڈیولپر نے تنہا تیار کیا ہے۔ اس ڈیولپر نے پہلے گرینڈ تھیفٹ آٹو (GTA) اور ریڈ ڈیڈ ریڈمپشن جیسے معروف گیمز پر کام کیا تھا۔ گیم کی کہانی ایک ایسے شخص کے گرد گھومتی ہے جو کبھی کامیاب کاروباری زندگی گزار چکا ہوتا ہے، لیکن بعد میں مسجد الحرام میں ایک گمنام صفائی کارکن کی حیثیت سے خدمات انجام دینے پہنچتا ہے۔ حج کے مختلف ایام کے دوران صفائی اور حجاج کی سہولت کے لیے کیے جانے والے معمولی کام اس کے لیے غم، یادوں، ایمان اور اپنی زندگی کے فیصلوں پر غور و فکر کا ذریعہ بنتے ہیں۔ کہانی میں اس شخص کی ذاتی زندگی اور اس کے ماضی کے راز بھی سامنے آتے ہیں۔
کھلاڑی کو مسجد الحرام کے سنگِ مرمر سے آراستہ صحنوں، خانہ کعبہ، میدانِ عرفات، منیٰ کے خیموں، صفا و مروہ کے راستے اور مزدلفہ کی رات جیسے مقامات میں گھومنے کا موقع ملے گا۔ گیم میں مختلف کام انجام دینے ہوں گے، جن میں راستوں کی صفائی، پتھروں اور عوامی مقامات کی دھلائی، گم شدہ اشیا ان کے مالکان تک پہنچانا اور زمزم کے پانی کے مراکز دوبارہ بھرنا شامل ہیں۔ اس کے علاوہ شدید گرمی میں آرام، پانی اور جسمانی توانائی کا خیال رکھنا بھی کھیل کا حصہ ہے۔ اس منصوبے کے ڈیولپر نے نومبر کے آغاز میں بتایا تھا کہ صارفین کی درخواستوں کے بعد گیم کو موبائل فون پر بھی چلانے کے قابل بنایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق اس میں لڑائی، غیر ضروری سنسنی یا ایسے کھیل کے عناصر شامل نہیں ہوں گے جو مقدس مقامات کے احترام کے منافی ہوں۔ اس کے بجائے توجہ سکون، خدمت اور حج کے ماحول کو سمجھنے پر رکھی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ہند رجب فاؤنڈیشن کا امریکہ سے سابق اسرائیلی وزیرِدفاع کے خلاف جنگی جرائم پر مقدمہ چلانے کا مطالبہ
گیم کے تخلیق کار نے واضح کیا ہے کہ یہ حج کا متبادل یا مذہبی مناسک کی مکمل نقل نہیں، بلکہ حج سے متاثر ایک افسانوی کہانی ہے۔ اس کا مقصد مقدس مقامات، حج کی تاریخ اور اس عبادت سے وابستہ انسانی تجربات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔ اس لیے اسے مذہبی فرائض کی ادائیگی کی تربیت دینے والی گیم کے طور پر پیش نہیں کیا گیا ہے۔ اس گیم کی ریلیز کی تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی اور اسٹیم پر اسے ’کمنگ سون‘ کے طور پر درج کیا گیا ہے۔ فی الحال اس کا صفحہ انگریزی زبان میں دستیاب ہے، جبکہ اسے ایڈونچر، انڈی اور سمیولیشن گیم کے زمرے میں رکھا گیا ہے۔