ستارا اور سانگلی ضلع کو آپریٹیو بینکوں کے اقتدار سے بی جے پی بے دخل، اسکی اتحادی شندے شیوسینا نے کانگریس اور این سی پی (اجیت) کا ساتھ دیا۔
EPAPER
Updated: November 20, 2026, 2:58 PM IST | Agency | Mumbai
ستارا اور سانگلی ضلع کو آپریٹیو بینکوں کے اقتدار سے بی جے پی بے دخل، اسکی اتحادی شندے شیوسینا نے کانگریس اور این سی پی (اجیت) کا ساتھ دیا۔
ریاست میں مہایوتی کے اتحادیوں کے درمیان ناچاقی اور اختلاف بڑھتا ہی جارہا ہے۔ ستارا اور سانگلی ضلع کوآپریٹو بینکوں کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کے عہدوں کے انتخابات میں سیاسی اختلافات کھل کر سامنے آگئے ہیں۔ان انتخابات میں نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کی شیوسینا نے بی جے پی کے بجائے کانگریس اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے ساتھ ہاتھ ملا لیا ہے۔اس باعث دونوں اضلاع میں بی جے پی اقتدار سے باہر ہوگئی ہے۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق ستارا میں اس سیاسی پیش رفت کو چند ماہ قبل ہوئے ضلع پریشد کے صدر کے انتخاب سے جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے۔مہاراشٹر میں حکمراں مہایوتی کے اتحادیوں کے درمیان سیاسی اختلافات ایک بار پھر کھل کر سامنے آگئے ہیں۔ بدھ کے روز ستارا اور سانگلی ضلع کوآپریٹو بینکوں کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخابات میں ایکناتھ شندے کی شیوسینا نے بی جے پی سے الگ موقف اختیار کیا۔ سانگلی میں شیوسینا نے کانگریس کے ساتھ مل کر اقتدار حاصل کیا، جبکہ ستارا میں اجیت پوار کی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے ساتھ اتحاد کرکے بینک کی کمان اپنے ہاتھ میں لے لی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: سابقہ راک اسٹار گیمز ڈیولپر کا منفرد اقدام، حج کے تجربے پر مبنی ویڈیو گیم تیار
دلچسپ بات یہ ہے کہ بدھ کی صبح ایک طرف ایکناتھ شندے کی شیوسینا کے لیڈر کانگریس کی سینئر لیڈر سونیا گاندھی کی کتاب کی مخالفت کر رہے تھے، وہیں دوسری جانب سانگلی میں شیوسینا شندے کے مقامی لیڈر کانگریس کے ساتھ مل کر ضلع کوآپریٹو بینک کے اقتدار میں شامل ہوگئے۔
سانگلی میں۲۲؍ سال بعد کانگریس کا چیئرمین
سانگلی ضلع کوآپریٹو بینک میں مجموعی طور پر۲۱؍ ڈائریکٹر منتخب ہوئے تھے۔ ان میں بی جے پی کے پانچ، ایکناتھ شندے کی شیوسینا کے تین اور اجیت پوار کی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے دو ارکان شامل تھے۔ وہیں کانگریس کے ۶؍ اور شرد پوار کی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے ۵؍ارکان منتخب ہوئے تھے۔اس طرح بینک میں کسی بھی ایک سیاسی پارٹی کے پاس واضح اکثریت نہیں تھی۔ بی جے پی کے سابق رکن پارلیمنٹ سنجے کاکا پاٹل کے کردار کو اقتدار کے سیاسی حساب کتاب میں اہم تصور کیا جا رہا تھا۔تاہم چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخابات میں شندے کی شیوسینا نے کانگریس سے ہاتھ ملا لیا۔ اس کے بعد کانگریس کے مہندر لاڈ چیئرمین اور شیوسینا کے تاناجی پاٹل وائس چیئرمین منتخب ہوئے۔اس انتخاب کے ساتھ ہی سانگلی ضلع کوآپریٹو بینک کے چیئرمین کے عہدے پر۲۲؍ سال بعد کانگریس کی واپسی ہوئی۔
ستارا میں بی جے پی کے سب سے زیادہ ارکان، پھر بھی....
ستارا ضلع مرکزی کوآپریٹو بینک کے انتخابات میں مجموعی طور پر۲۱؍ ارکان منتخب ہوئے ۔ ان میں بی جے پی کے نو، اجیت پوار کی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے آٹھ اور ایکناتھ شندے کی شیوسینا کے چار ارکان شامل تھے۔خاص بات یہ ہے کہ ستارا میں بی جے پی اور ایکناتھ شندے کی شیوسینا نے مل کر انتخاب لڑا تھا۔ اسکے باوجود چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخابات کے وقت سیاسی حالات بدل گئے۔این سی پی اجیت پوار کے مکرند پاٹل اور شیوسینا کے وزیر شمبھوراج دیسائی ایک ساتھ آگئے۔ اس کے بعد نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے ادے سنگھ پاٹل چیئرمین اور شیوسینا کے دیپک چوہان وائس چیئرمین منتخب ہوئے۔اس طرح سب سے زیادہ ۹؍ ارکان ہونے کے باوجود بی جے پی چیئرمین اور وائس چیئرمین کے عہدوں سے محروم رہی۔