جون کے اوائل میں یوکرین کی جوابی کارروائی کے بعد انٹونی بلنکن کا کیف کا پہلا دورہ ، صدر ولادیمیرزیلنسکی اور دیگر سے ملاقات۔
EPAPER
Updated: September 08, 2023, 12:43 PM IST | Agency | Washington/Kyiv
جون کے اوائل میں یوکرین کی جوابی کارروائی کے بعد انٹونی بلنکن کا کیف کا پہلا دورہ ، صدر ولادیمیرزیلنسکی اور دیگر سے ملاقات۔
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے یوکرین سے روسی افواج کے خلاف جوابی حملے کی حمایت کے اظہار کے لئے بدھ کو کیف کا دورہ کیا ہے۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کہ واشنگٹن اس بات کو یقینی بنانا چاہتا ہے کہ اس کے اتحادی کے پاس دفاع کی بہتر صلاحیت ہو۔
بلنکن کیف پر روس کے تازہ فضائی حملے کے چند گھنٹے کے بعد پہنچے تھے۔اس حملے میں یوکرینی دارالحکومت میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ امریکہ محکمہ خارجہ کے ایک سینئر عہدیدار نے صحافیوں کو بتایا کہ اپنے دو روزہ دورے میں بلنکن ممکنہ طور پر امریکہ کی جانب سے ایک ارب ڈالر سے زیادہ مالیت کے نئے امدادی پیکیج کا اعلان بھی کریں گے۔
اس عہدیدار نے بتایا کہ جون کے اوائل میں یوکرین کی جوابی کارروائی کے بعد انٹونی بلنکن کا کیف کا یہ پہلا دورہ ہے۔ امریکی وزیر خارجہ نے جمعرات کو میزبان وزیرخارجہ دمترو کلیبا سے بات چیت کی ہے اور یوکرین کے صدر ولادیمیرزیلنسکی سے ملاقات کی۔
بلنکن کا کہنا تھا ، ’’ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ یوکرین کے پاس وہ سب کچھ ہوجس کی اسے ضرورت ہے، نہ صرف جوابی حملے میں کامیاب ہونے کیلئے بلکہ اس کے پاس وہ ہو جو اسے طویل مدت کیلئے درکار ہے، تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ اس کے پاس ایک مضبوط ِّجارحیت کی روک تھام کا بندوبست ہے۔‘‘
انہوں نے یہ بھی کہا ،’’ ہم اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر امدادی کام جاری رکھنے کے لئے پُرعزم ہیں۔ وہ ایک مضبوط معیشت اور مضبوط جمہوریت کی تعمیرنو کی حمایت کرتے ہیں ۔‘‘میڈیا رپورٹس میں نامعلوم امریکی حکام کے حوالے سے کہا گیا ،’’یوکرین کا جوابی حملہ بہت سست روی کا شکاررہا ہے اور ناقص حکمت عملی کی وجہ سے اس میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے جس پر یوکرین کے حکام برہم ہو گئے تھے۔‘‘اس پس منظر میں یہ دورہ اہم ہے۔