افتتاح میں معروف قانون داں ، سماجی کارکنان اور معززین شہر نے شرکت کی ۔
EPAPER
Updated: July 19, 2026, 10:28 AM IST | Mumbai
افتتاح میں معروف قانون داں ، سماجی کارکنان اور معززین شہر نے شرکت کی ۔
’’اے پی سی آر بے آواز طبقے کی آوازہے، یہ انسانی حقوق کے تحفظ اور انصاف کے حصول کی ایک تنظیم ہے۔ ‘‘ یہ باتیں جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر کے امیر مولانا الیاس خان فلاحی نے کہی۔ اور موقع تھا بلارڈ اسٹیٹ ممبئی کے ریکس چیمبر میں شہری حقوق کے تحفظ کیلئے جدوجہد کرنے والی نمائندہ تنظیم اسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس(اے پی سی آر) مہاراشٹر کے نئے دفتر کے افتتاح کا۔
اے پی سی آر کے دفتر کے افتتاح کی تقریب میں ملک کے ممتاز قانون داں اور اس برادری سے تعلق رکھنے والوں کی بڑی تعداد، انسانی حقوق کے کارکنان اور سماجی و مذہبی لیڈروں نے شرکت کی۔ خصوصی طور پر جسٹس ابھیئے تھپسے، سینئر ایڈوکیٹ میہیر دیسائی، ایڈوکیٹ گایتری سنگھ، پروفیسر وجے راگھون، جماعت اسلامی مہاراشٹر کے حلقہ سیکریٹری ظفر انصاری، ایڈوکیٹ روی پی جادھو، ایڈوکیٹ کنال پھولے، سندھیا گوکھلے، مولانا اقبال چونا والا، فادر ایس ایم مائیکل، ڈولفی ڈیسوزا اور دیگر معززین و سماجی کارکنان نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھئے: ایک ٹیچر والے اسکولوں کی تعداد میں اضافہ
اے پی سی آر مہاراشٹر کے سیکریٹری شاکر شیخ نے بتایا کہ پہلے اے پی سی آر کا دفتر کرلا میں تھا جہاں متاثرین اور وکلاء کو پہنچنے میں کافی پریشانیوں کا سامنا کرناپڑتا تھا نیز وقت بھی کافی لگتا تھا۔ بلارڈ اسٹیٹ سی ایس ٹی میں دفتر کی منتقلی کی وجہ سے ہمیں مظلوموں کی دادرسی کرنے اور انہیں قانونی امداد پہنچانے میں آسانی ہوگی۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیاکہ اسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس مظلوں اور بے گناہوں کی لڑائی اور قوت کے ساتھ لڑے گی۔
انہوں نے عوام اور سماجی و انسانی حقوق کے کارکنان کا بھی شکریہ ادا کیا کہ ان کی جانب سے برابر تعاون مل رہا ہے۔ دفتر کے افتتاح میں سپریم کورٹ کے وکیل یوسف حاتم مچھالہ اور اے پی سی آر کے قومی سیکریٹری ندیم خان بھی شریک تھے۔