Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسپتال میں بھی وانگ چک کی بھوک ہڑتال جاری، ’’سنسد چلو‘‘ مارچ کی حمایت کا اعلان، پولیس الرٹ

Updated: July 19, 2026, 4:06 PM IST | New Delhi

دہلی کے صفدر جنگ اسپتال میں زیرِ علاج سماجی کارکن سونم وانگ چک کی صحت مستحکم بتائی جا رہی ہے، جبکہ ان کے اعلان کردہ ’’سنسد چلو‘‘ مارچ پر سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ دوسری جانب دہلی پولیس نے پارلیمنٹ مارچ کی اجازت دینے سے انکار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔

Sonam Wangchuk`s wife among reporters. Photo: INN
سونم وانگ چک کی اہلیہ نامہ نگاروں کے درمیان۔ تصویر: آئی این این

سماجی کارکن سونم وانگ چک کو سنیچر کو طبی معائنے کیلئے دہلی کے صفدر جنگ اسپتال میں داخل کرایا گیا، جبکہ دوسری جانب کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے ۲۰؍ جولائی کو پارلیمنٹ کی جانب مجوزہ ’’سنسد چلو‘‘ مارچ کیلئے حمایت میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ تاہم، دہلی پولیس نے واضح کر دیا ہے کہ اس مارچ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جنتر منتر پر جاری احتجاج غیر قانونی ہے اور اگر مظاہرین پارلیمنٹ کی طرف پیش قدمی کی کوشش کریں گے تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ دہلی پولیس کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کی جانب مجوزہ مارچ کی اجازت نہیں دی جا سکتی کیونکہ اس سے دارالحکومت کے انتہائی حساس سیکوریٹی زون میں امن و امان کی صورتحال متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

یہ بھی پڑھئے: وانگ چک کی جبری اسپتال منتقلی پر اپوزیشن حملہ آور

سونم وانگ چک کی حالت مستحکم ہے: اسپتال انتظامیہ
ماحولیاتی کارکن اور تعلیمی اصلاحات کے علمبردار سونم وانگ چک کو طویل بھوک ہڑتال کے دوران صحت بگڑنے پر دہلی کے صفدر جنگ اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق ان کی حالت اس وقت مستحکم ہے، تاہم مسلسل طبی نگرانی ضروری قرار دی گئی ہے کیونکہ طویل فاقے نے ان کی صحت پر نمایاں اثرات مرتب کئے ہیں۔ 
سونم کی اہلیہ دہلی ہائی کورٹ سے رجوع
سونم وانگ چک کی اہلیہ گیتانجلی انگمو نے دہلی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ انہیں اپنی پسند کے نجی اسپتال منتقل کرنے کی اجازت دی جائے۔ دہلی ہائی کورٹ نے سونم وانگ چک سے متعلق سماعت کے دوران کہا ہے کہ عدالت کو معاملے کا وسیع تناظر بھی دیکھنا ہوگا۔ عدالت نے واضح کیا کہ سونم وانگ چک پولیس کی حراست میں نہیں ہیں۔ اتوار کو سماعت کے دوران جسٹس پشکرنا نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا، ’’عدالت کو بڑے تناظر میں معاملے کا جائزہ لینا ہے۔ وانگ چک زیرِ حراست نہیں ہیں، جبکہ ان کی اہلیہ، بھائی اور بہنوئی کو ان سے ملاقات کی اجازت دی جا چکی ہے۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: جنتر منتر پر کریک ڈائون ،سونم وانگ چک جبراً اسپتال منتقل

علاج سے انکار، احتجاج جاری رکھنے کا اعلان
اطلاعات کے مطابق سونم وانگ چک نے اسپتال میں بھی علاج لینے سے انکار کیا ہے اور کہا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات پر پیش رفت نہیں ہوتی وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔ ڈاکٹروں نے خبردار کیا ہے کہ پانی کی کمی اور جسم میں پوٹاشیم کی خطرناک حد تک کمی کے باعث ان کی صحت مزید متاثر ہو سکتی ہے۔ 
’’سنسد چلو‘‘ مارچ کی اپیل
اسپتال سے جاری اپنے تازہ پیغام میں سونم وانگ چک نے ۲۰؍جولائی کو ہونے والے’’سنسدچلو‘‘ مارچ کی حمایت کی اپیل کرتے ہوئے اسے ’’ ہندوستان کی دوسری آزادی کی تحریک‘‘ قرار دیا ہے۔ ان کے حامیوں نے بھی احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK