۴۰؍ہزار افراد کو فائدہ پہنچنے کی امید،ایم ایم آر ڈی اے ڈیزائن اور تعمیر کی رقم لے کر میٹرو اسٹیشن سے رہائشی اور نجی تجارتی اداروں تک بریج تعمیر کرے گا۔
گودریج کمپنی کے سربراہ ایم ایم آر ڈی اے کمشنر کو چیک دیتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این
’لاسٹ مائل کنکٹیوٹی‘ کے نام پر میٹرو اسٹیشنوں سے براہ راست بڑے نجی تجارتی اداروں اور رہائشی کمپلیکس تک پہنچنے کیلئے ’فٹ اوور بریج‘ کی تعمیر کیلئے ’ایم ایم آر ڈی اے‘ نے خصوصی منصوبہ متعارف کرایا ہے جس کے تحت میٹرو اسٹیشن سے کمپنی یا رہائشی کمپلیکس تک ایف او بی تعمیر کرانے کے خواہشمندوں کو نہ صرف پورے ’فٹ اوور بریج‘ کے ڈیزائن بنانے اور تعمیر کا خرچ برداشت کرنا پڑے گا بلکہ کام کی نگرانی کیلئے ایم ایم آر ڈی اے کو پورے خرچ کی ۶؍ فیصد رقم الگ سے ادا کرنی ہوگی۔ اس اسکیم کے تحت وکھرولی میں گودریج کمپنی آگے آئی ہے اور اس سے قبل میٹرو ۷؍ سے اوبیرائے مال تک بریج کی تعمیر کو این او سی دیا گیا تھا۔ممبئی میٹروپولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھایٹی نے سنیچر کو اطلاع دی ہے کہ میٹرو ۴؍ کے اسٹیشن سے گودریج اینڈ بوئس کے درمیان فٹ اوور بریج کی تعمیر کے لئے ’نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ‘ (این او سی) دے دیا گیا ہے۔ اس تعمیر سے نہ صرف یہاں کے ملازمین بلکہ کسی کام سے یہاں آنے والے افراد کو بھی اس دفتر تک پہنچنے کے لئے ایل بی ایس روڈ کی مصروف سڑک پر جانے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی جس سے راہگیروں کی تحفظ کا مسئلہ حل ہوگا، وقت کی بچت ہوگی اوراس کی بھی امید ہےکہ بہت سے افراد نجی گاڑیوں کے بجائے میٹرو اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ سے سفر کرنے کو ترجیح دینے لگیں گے۔
گودریج انٹرپرئزیس اسٹیٹس ڈویژن، گودریج انٹرپرائز گروپ کے نائب صدر اور تجارتی سربراہ انوپ میتھیو نے ایم ایم آر ڈی اے کمشنر آئی اے ایس افسر سنجے مکھرجی کو دیگر افسران کی موجودگی میں اس بریج کے پروجیکٹ کیلئے ۱۰؍ کروڑروپے کا چیک دیا ہے۔ یہ رقم اب کسی بھی صورت میں کمپنی کو واپس نہیں کی جائے گی۔اس کے علاوہ ڈیزائن اور تعمیر کے دیگر اخراجات بھی کمپنی ادا کرے گی۔
ایم ایم آر ڈی اے کی جانب سے اس طرح کے دیگر منصوبے زیر غور ہیں جن میں میٹرو لائن ۲؍ بی پر بھارت ڈائمنڈ بورس تک ایف او بی کی تعمیر بھی شامل ہے۔ اگر یہ پروجیکٹ مکمل ہوجاتا ہے تو تقریباً ۴۰؍ ہزار افراد کو اس سے فائدہ پہنچنے کا امکان ہے۔