Inquilab Logo Happiest Places to Work

آسٹریلیا کے سرمایہ کاروں سے مواقع کا فائدہ اٹھانے کی اپیل

Updated: July 10, 2026, 1:01 PM IST | Agency | Melbourne

وزیر اعظم مودی نےمیلبورن میں’ آسٹریلیا-انڈیا سی ای او فورم‘ اور’اکنامک روڈ میپ بزنس پروگرام‘ سے خطاب کیا، دونوں فورمز میں اہم شخصیات کی شرکت۔

Prime Minister Narendra Modi With Participants Of The Australia-India CEO Forum. Photo: PTI
وزیراعظم نریندر مودی’ آسٹریلیا-انڈیا سی ای او فورم‘ کے شرکاء کے ساتھ ۔ تصویر: پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے آسٹریلیا کے سرمایہ کاروں سے ہندوستان میں طویل مدتی سرمایہ کاری کے مواقع کا فائدہ اٹھانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مینوفیکچرنگ، متبادل توانائی، اہم معدنیات، کان کنی، بنیادی ڈھانچہ، ہوا بازی، لاجسٹکس، جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) جیسے شعبوں میں مل کر کام کر سکتے ہیں۔
 
 
مودی نے اپنے دورہ آسٹریلیا کے دوسرے دن جمعرات کی صبح آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانیز کے ساتھ میلبورن میں مشترکہ طور پر آسٹریلیا-ہندوستان چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) فورم اور اکنامک روڈ میپ بزنس پروگرام سے خطاب کیا۔ ان دونوں پروگراموں میں ہندوستان اور آسٹریلیا کے بڑے چیف ایگزیکٹیو افسران اور صنعت کاروں، آسٹریلیا کے اہم ریٹائرمنٹ فنڈز اور ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کے نمائندوں اور آسٹریلیا کی معروف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز نے شرکت کی۔ مودی نے سی ای او فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی مضبوط اقتصادی ترقی، پالیسی اصلاحات، ڈیجیٹل تبدیلی اور تیزی سے ترقی کرتے ہوئے اختراعی ایکو سسٹم سے آسٹریلیا کے شراکت داروں کے لئے نئے کاروباری مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔
ہندوستانی اور آسٹریلوی معیشتوں کے باہمی تعاون کا ذکر کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ مینوفیکچرنگ، متبادل توانائی، اہم معدنیات، کان کنی، بنیادی ڈھانچہ، شہری ترقی، ہوا بازی، لاجسٹکس، جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، مالیاتی ٹیکنالوجی (فن ٹیک)، فوڈ پروسیسنگ اور ڈیجیٹل معیشت جیسے شعبوں میں ہندوستان میں وسیع مواقع دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا وسیع پیمانہ اور آسٹریلیا کی مہارت دونوں ممالک کے لئے یکساں طور پر فائدہ مند ثابت ہوگی۔
مودی نے آسٹریلیا کے سرمایہ کاروں کو ہندوستان میں طویل مدتی سرمایہ کاری کے مواقع کا فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔ انہوں نے ہندوستان میں آسٹریلوی یونیورسٹیوں کی بڑھتی ہوئی موجودگی کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اعلیٰ تعلیم، تحقیق، اختراع اور ہنر کے فروغ میں گہرے تعاون سے دونوں ممالک کی صلاحیتیں مستقبل کی ضروریات کے مطابق تیار ہوں گی اور عالمی مواقع کا بھی بہتر فائدہ اٹھا سکیں گی۔ سی ای او فورم کے بعد مودی نے اکنامک روڈ میپ بزنس پروگرام سے بھی خطاب کیا جس میں دونوں ممالک کے۲۰۰؍ سے زائد چیف ایگزیکٹیو افسران اور صنعت کاروں نے شرکت کی۔ انہوں نے ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان فطری ہم آہنگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ جمہوری اقدار، انڈو پیسیفک خطے کے تئیں یکساں نقطہ نظر، مضبوط عوامی روابط اور مضبوط سیاسی سمجھ بوجھ دونوں ممالک کے درمیان کاروباری شراکت داری کو فروغ دینے اور خوشحال بنانے کے لئے سازگار بنیاد فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے۲۰۲۲ء کے اقتصادی تعاون اور تجارتی معاہدے کی بنیاد پر تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور مجوزہ جامع اقتصادی تعاون کے معاہدے کو جلد ہی حتمی شکل دینے کی اپیل کی، تاکہ کاروباری تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے صنعت کاروں پر زور دیا کہ وہ دونوں ممالک کی باہمی صلاحیتوں کا فائدہ اٹھا کر خاص طور پر نایاب معدنیات، لیتھیم، بیٹریاں، الیکٹرانکس، الیکٹرک گاڑیاں، سیمی کنڈکٹرز، مصنوعی ذہانت اور دفاعی سپلائی چین کے شعبوں میں مل کرکام کریں۔
 
 
مودی نے مشورہ دیا کہ دوطرفہ کاروباری تعلقات کو اگلے درجے پر لے جانے کیلئے ہندوستانی ریاستوں اور آسٹریلوی صوبوں کے درمیان ان کی مخصوص صلاحیتوں کی بنیاد پر متحرک اقتصادی شراکت داریاں قائم کرنا اہم ہے۔ دونوں فورمز میں ہونے والی بات چیت سے مثبت ماحول اور نتیجہ خیز خیالات کا ذکر کرتے ہوئے مودی نے اعتماد ظاہر کیا کہ ہندوستان-آسٹریلیا کے اقتصادی تعلقات مسلسل ترقی کرتے رہیں گے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK