رواں مالی سال میں۷۵؍ہزار کروڑ کا سامان فروخت کیا گیا۔ہندوستان میں آئی فونس کی قیمتیں بہت زیادہ ہیں۔ مثال کے طور پر آئی فون۱۶؍ کی ابتدائی قیمت۷۹۹۰۰؍ روپے ہے جبکہ امریکہ میں یہ تقریباً۷۰؍ہزارروپے ہے۔
EPAPER
Updated: September 05, 2025, 3:51 PM IST | New Delhi
رواں مالی سال میں۷۵؍ہزار کروڑ کا سامان فروخت کیا گیا۔ہندوستان میں آئی فونس کی قیمتیں بہت زیادہ ہیں۔ مثال کے طور پر آئی فون۱۶؍ کی ابتدائی قیمت۷۹۹۰۰؍ روپے ہے جبکہ امریکہ میں یہ تقریباً۷۰؍ہزارروپے ہے۔
آئی فون بنانے والی کمپنی ایپل کی ہندوستان میں سالانہ فروخت میں زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ایپل کی فروخت مالی سال ۲۵۔۲۰۲۴ءمیں ریکارڈ۹؍ بلین ڈالرس (تقریباً ۷۵؍ہزارکروڑ روپے) تک پہنچ گئی۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک میں ایپل ڈیوائسز کی مانگ بڑھ رہی ہے۔ بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق مارچ ۲۰۲۵ءکے۱۲؍ مہینوں میں کمپنی کی فروخت میں تقریباً۱۳؍ فیصد اضافہ ہوا ہے۔ پچھلے مالی سال ۲۴۔۲۰۲۳ء میں یہ ۸؍بلین ڈالرس تھا۔
رپورٹ کے مطابق آئی فون کی فروخت سب سے زیادہ رہی جبکہ میک بکس کی مانگ میں بھی اچھی خاصی مانگ رہی ہے۔ یہ اضافہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب عالمی سطح پر موبائل ڈیوائسز کی فروخت سست روی کا شکار ہے۔ ہندوستان فی الحال ایپل کی کل آمدنی کا ایک چھوٹا حصہ ہے لیکن کمپنی یہاں مسلسل سرمایہ کاری کر رہی ہے۔ اسے امید ہے کہ آنے والے برسوں میں ہندوستان ایک بڑی منڈی بن جائے گا۔
چین میں صارفین کے اخراجات میں اتار چڑھاؤ اور وہاں کی جغرافیائی سیاسی صورتحال کے پیش نظر ہندوستان کا کردار مزید بڑھ گیا ہے۔ ہندوستان میں، کمپنی نے اس ہفتے بنگلور اور پونے میں دو نئے ریٹیل اسٹور کھولے ہیں۔ جلد ہی نوئیڈا اور ممبئی میں بھی نئے اسٹور کھلنے والے ہیں۔
ایپل نے ۲۰۲۳ء میں اپنے بین الاقوامی کاروباری انتظام میں تبدیلی کرتے ہوئے ہندوستان کو ایک الگ سیلز ریجن بنا دیا ہے۔ یہ مارکیٹ کے امکانات کو دیکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ ہندوستان میں آئی فون کو اسٹیٹس سمبل سمجھا جاتا ہے۔ اس وقت ہندوستانی اسمارٹ فون مارکیٹ میں ایپل کا حصہ تقریباً ۷؍ فیصد ہے۔ایپل مقامی سورسنگ قوانین کی وجہ سے ہندوستان میں طویل عرصے سے اسٹورس نہیں کھول سکا تھا۔ لیکن آن لائن اسٹور۲۰۲۰ء میں شروع کیا گیا تھا اور پہلے دو اسٹور ممبئی اور دہلی میں۲۰۲۳ء میں کھلے تھے۔ اس کے بعد کمپنی نے اپنے ریٹیل نیٹ ورک کو بڑھایا اور پریمیم ری سیلرس کو بھی شامل کیا۔
ہندوستان میں آئی فون کی قیمتیں کافی زیادہ ہیں۔ مثال کے طور پر آئی فون۱۶؍ کی ابتدائی قیمت ۷۹۹۰۰؍ روپے ہے جبکہ امریکہ میں یہ ۷۰؍ہزار ہے۔ کمپنی نے سیلز بڑھانے کے لیے اسٹوڈنٹ ڈسکاؤنٹ، ٹریڈ ان آفرز اور بینک آفرز جیسے اقدامات کیے ہیں۔ اس سے فروخت میں اضافہ ہوا ہے۔