ایونٹ میں ایپل کے ماہرین کی موجودگی میں۱۰۰؍ سے زیادہ تکنیکی سیشن ہونگے۔
EPAPER
Updated: May 22, 2025, 11:23 AM IST | Agency | California
ایونٹ میں ایپل کے ماہرین کی موجودگی میں۱۰۰؍ سے زیادہ تکنیکی سیشن ہونگے۔
ایپل نے باضابطہ طور پر اعلان کیا ہے کہ اس کی سالانہ ورلڈ وائیڈ ڈیولپرز کانفرنس(ڈبلیو ڈبلیو ڈی سی)۲۰۲۵ء امسال ۹؍ سے۱۳؍ جون کے درمیان منعقد ہو گی۔ یہ تقریب ایپل کے ہیڈکوارٹر ایپل پارک، کپرٹینو، کیلیفورنیا میں منعقد ہوگی۔ اس کا افتتاح ۹؍جون کوصبح ۹؍ بجے پی ٹی (ہندوستانی وقت کے مطابق رات ۹؍ بجےپر ایپل کے سی ای او ٹم کک کے ذاتی طور پر کلیدی اجلاس کے ساتھ کیا جائے گا۔ ایونٹ کو براہ راست آن لائن نشر کیا جائے گا، جس سے دنیا بھر کے ڈیولپرز اور ٹیک کے شوقین افراد اسے دیکھ سکیں گے۔
کانفرنس میں کیا خاص ہوگا ؟
ڈبلیوڈبلیوڈی سی میں ایپل اپنے تمام بڑے پلیٹ فارمس آئی او ایس، آئی پیڈ اوایس، ویژن او ایس، واچ اوایس، ٹی وی اوایس اور میک او ایس کی خصوصیات اور ٹیکنالوجی کی تفصیل پیش کرنے کیلئے ڈیمو دے گا۔ ایونٹ میں ۱۰۰؍ سے زیادہ تکنیکی سیشن ہوں گے جہاں ایپل کے ماہرین ڈیوولپرز کو نئے ٹولز، فریم ورک اور اپ ڈیٹس کے بارے میں آگاہ کریں گے۔ گائیڈز اور دستاویزات بھی ڈیولپرز کو دستیاب کرائی جائیں گی جن میں ایونٹ کے اہم اعلانات اور اپ ڈیٹس کا احاطہ کیا جائے گا۔
محدود نشستیں اور درخواست کا عمل
کلیدی اجلاس میں شرکت کیلئے ڈیولپرز ایپل ڈیولپر ایپ کے ذریعے یا ایپل کی ویب سائٹ پر درخواست دے سکتے ہیں۔ ایپل کے سوئفٹ اسٹوڈنٹ چیلنج کے فاتح بھی ذاتی طور پر ایونٹ میں شرکت کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔
کیا لانچ کیا جا سکتا ہے؟
ایپل نے ابھی تک کسی خاص اعلان کی تصدیق نہیں کی ہے لیکن امید کی جا رہی ہے کہ کمپنی اس ایونٹ میں اپنے اگلے بڑے سافٹ ویئر اپ ڈیٹس کا اعلان کر سکتی ہے۔ آئی او ایس ۱۹؍ اورآئی پیڈ اوایس ۱۹؍ ایک بالکل نئے ڈیزائن اور منفرد فیچر کے ساتھ آسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ میک او ایس۱۶؍، واچ او ایس ۱۲؍ اور ٹی وی او ایس ۱۹؍ کے اپ ڈیٹ ورژن بھی متعارف کرائے جا سکتے ہیں۔