Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹرینوں کی ٹکر روکنے کیلئے ’کوچَ‘ سسٹم لگانے کو منظوری مل گئی ہے: اشوینی ویشنو

Updated: August 03, 2024, 1:49 PM IST | Agency | New Delhi

وزیر ریل نے راجیہ سبھا کو بتایا کہ تصادم مخالف ڈیوائس کا بڑے پیمانے پر استعمال کرنے کی منظوری گزشتہ مہینے کئی ٹرائل مکمل ہونے کے بعد ملی ہے۔

Railway Minister Ashwini Vaishnaw. Photo: INN
وزیر ریل اشوینی ویشنو۔ تصویر : آئی این این

وزیر ریل اشوینی ویشنو نے جمعہ کو راجیہ سبھا کو یہ اطلاع فراہم کی کہ ٹرینوں میں تصادم مخالف ڈیوائس یعنی `’کو َچ‘ کا بڑے پیمانے پر استعمال اب شروع ہو جائے گاکیونکہ کووچ ۴ء۰؍ کو گزشتہ مہینےحتمی منظوری مل گئی ہے۔ ایوان میں وقفہ سوالات کے دوران ایک سوال کے جواب میں  ویشنو نے کہا کہ کووچ کو۲۰۱۶ء میں منظوری دی گئی تھی اور تب سے اب تک اس کی مرحلہ وار جانچ جاری تھی لیکن اب گزشتہ مہینے  ۱۶؍ جولائی کو اسے باقاعدہ منظوری دے دی گئی ہے کیوں کہ اس کے تقریباً تمام ٹرائل مکمل ہو گئے ہیں۔  اب جلد ہی ٹرینوں میں اس سسٹم کو نصب کیا جائے گا۔
 وزیر ریل اشوینی ویشنو نے مزید کہا کہ ٹرینوں میں تصادم مخالف آلات کی تنصیب کا کام ۲۰۰۶ءمیں شروع ہوا تھا لیکن اپنے مقاصد میں کامیاب نہ ہونے کی وجہ سے ۲۰۱۲ء میں اس کا استعمال روک دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے ٹرینوں کی رفتار بڑھنے لگی، ویسے ویسے  عالمی سطح پر ٹکراؤ روکنے والے آلات استعمال ہونے لگے لیکن ہندوستان میں ایسا نہیں ہوسکا مگر اب گزشتہ ۸؍ سال کے مسلسل ٹرائلس کے بعد یہ امید کی جاسکتی ہے کہ `’کو َچ‘سسٹم ٹرینوں کا تصادم روکنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ 
ایک ضمنی سوال کے جواب میں وزیر ریل نے یہ اطلاع بھی فراہم کی کہ  طویل  فاصلے کےریلوے ٹریک بچھانے کا کام بھی تیز رفتاری سے کیا جا رہا ہے تاکہ طویل فاصلے پر فکس پلیٹیں لگائی جاسکیں اور ٹریک کو مضبوط بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک ۶۳؍ ہزار کلومیٹر طویل ایسے ٹریک بچھائے جا چکے ہیں ۔ ممبئی احمدآباد بلٹ ٹرین پروجیکٹ میں تاخیر سے متعلق سوالات کے جواب میں اشوینی  ویشنو نے کہا کہ دنیا بھر میں جہاں کہیں بھی بلٹ ٹرین پروجیکٹ شروع ہوا ہے اسے ۲۰؍ لگے ہیں لیکن ہمارے یہاں ایسا نہیں ہو گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK