Updated: November 07, 2025, 5:04 PM IST
| Buenos Aires
ارجنٹائنا کے صدر نے۳۵؍ سالہ پابندی ختم کر کے شہریوں کو سیمی آٹومیٹک ۱۲؍ رائفل خریدنے اور رکھنے کی اجازت دی، یہ اجازت صدر کے انتخابی وعدوں کا ایک حصہ ہے، جنہوں نے وسیع پابندی کی جگہ خصوصی اجازت نامہ حاصل کرنے کیلئے ضروری شرائط کی فہرست متعارف کرائی ہے۔
ارجنٹائنا کے صدر جاویئر مائیلی۔ تصویر: ایکس
ارجنٹائنا کے صدر جاویئر مائیلی نے شہریوں کو نیم خودکار رائفلز خریدنے اوررکھنے کی سرکاری طور پر اجازت دے دی ہے، اس طرح۱۹۹۰؍ میں عائد کردہ پابندی ختم ہو گئی ہے۔منگل کو حکومت کے منظور کیے گئے اس نئے فیصلے میں کھیلوں کو جوازبنا کر اورسراغ لگانے کی صلاحیت پر مبنی ایک کنٹرول سسٹم قائم کیا ہے، جس نے وسیع پابندی کی جگہ خصوصی اجازت نامہ حاصل کرنے کے لیے ضروری شرائط کا ایک سیٹ متعارف کرایا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: واشنگٹن میں ٹرمپ کے خلاف مظاہرے
شہریوں کو رائفل رکھنے کیلئے نافذ شرائط میں ،مطلوبہ نیم خودکار رائفل کی مخصوص شناخت؛ درخواست دہندہ کے پاس جی۲؍ قسم کا رجسٹرڈ اسٹوریج علاقہ ہونا ضروری ہے ، یہ ایک محفوظ، مصدقہ نظام ہے جسے نیشنل آرمز رجسٹری نے منظور کیا ہے، اور درخواست کی مخصوص وجوہات پر مشتمل حلفی بیان، جو معاون دستاویزات اور اسلحہ کی تصاویر کے ساتھ ہوگا۔واضح رہے کہ یہ اصلاحات براہ راست۱۹۹۰ء کی دہائی میں سابق صدر کارلوس مینیم کے دورِ حکومت میں جاری کردہ ایک حکم نامے کی جگہ لے رہی ہیں۔وہ حکم نامہ بنیادی طور پر شہریوں کو نیم خودکار رائفلز حاصل کرنے سے روکتا تھا، سوائے اس کے کہ وزارت دفاع کی طرف سے واضح اجازت دی گئی ہو۔ دریں اثناء جون میں، مائیلی حکومت نے مینیم دور کے حکم نامے کو منسوخ کر کے پہلا قدم اٹھایا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: ظہران ممدانی کی فتح کو اہل یوگنڈا نے ’امید کی کرن‘ قراردیا
تاہم منگل کے فیصلے نے شہریوں کے لیے اس قسم کی بندوقیں قانونی طور پر خریدنے اور رکھنے کا ایک طریقہ کار قائم کیا ہے، جس کی رو سے مکمل پابندی کی جگہ مشروط اور منضبط نظام قائم کیا گیا جو اسلحہ کے قوانین میں نرمی کے تسلسل کا حصہ ہے، جس میں صدر نے اپنی مہم کے دوران اکثر امریکی ماڈل کی مثال دی تھی۔مائیلی، جن کے عوامی بیانات اور طرزکی وجہ سے نقاد انہیں ’’ پمپاس کا ٹرمپ ‘‘کہتے ہیں، مسلسل ہتھیاروں کے غیر محدود حق کی وکالت کرتے رہے ہیں، ساتھ ہی انہوں نے شہریوں کے لیے اسلحہ تک رسائی کی شرائط کو آسان بنانے کا وعدہ کیا تھا۔دسمبر۲۰۲۴ء میں، ان کی انتظامیہ نے ’’ قانونی اسلحہ صارف کارڈ‘‘ کے لیے درخواست دینے کی کم از کم عمر۱۸؍ سال کر دی تھی۔یہ دستاویز اسلح کی اجازت دینے کی طرف پہلا ضروری قدم ہے۔