ہندوستانی آرمی نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ’’پلاننگ کی، ٹریننگ کی اور اقدام کیا ‘‘،فوج نے کہا کہ یہ انتقامی کارروائی نہیںبلکہ انصاف تھا۔
EPAPER
Updated: May 19, 2025, 12:42 PM IST | New Delhi
ہندوستانی آرمی نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ’’پلاننگ کی، ٹریننگ کی اور اقدام کیا ‘‘،فوج نے کہا کہ یہ انتقامی کارروائی نہیںبلکہ انصاف تھا۔
ہندوستانی فوج نے آپریشن سیندور کے تعلق سے ایک اور ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری کیا اور کہا کہ پاکستان کی جن چوکیوں سے گولی چلائی گئی ، اس آپریشن میںان چوکیوں کو مٹی میں ملادیاگیا۔ اس ویڈیو میں فوج کے جوان دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو پوری طرح سے نیست و نابود کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ ہندوستانی فوج نے اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے لکھا ’’پلاننگ کی، ٹریننگ کی اور ایکشن لیا۔ انصاف ہوا۔‘‘ فوج نے مزید کہا کہ ’آپریشن سیندور‘ پاکستان کیلئے وہ سبق تھا جو اسے ہمیشہ یاد رہے گا ۔یہ ویڈیوفوج کی مغربی کمان کے ایکس ہینڈل پر جاری کیاگیا ہے۔
ویڈیو کے آغاز میں ایک فوجی کو کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ ’’یہ (آپریشن سیندور)پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد شروع ہوا، یہ غصہ نہیں بلکہ (دشمن کو) ایسا سبق سکھانے کا عزم ہے جو مستقبل میں یادرکھا جائے گا۔یہ انتقامی کارروائی نہیں بلکہ انصاف تھا۔‘‘۹؍مئی کو رات کے قریب ۹؍بجے دشمن کی جن چوکیوں نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی، ان سبھی چوکیوں کو ہندوستانی فوج نے مٹی میں ملا دیا۔ ’آپریشن سیندور‘ صرف ایک کارروائی نہیں، پاکستان کیلئے وہ سبق تھا جو اس نے دہائیوں سے نہیں سیکھا تھا۔
مغربی کمان کے ذریعہ جاری کیے گئے ویڈیو میں جوانوں کو مورٹار فائر کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ دشمن اپنی پوسٹ چھوڑ کر بھاگتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ واضح رہے کہ پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد ہندوستانی فوج نے۶؍ اور۷؍ مئی کی رات ’آپریشن سیندور‘ کو انجام دیا۔ اس آپریشن کے تحت مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردوں کے ۹؍اڈوں کو نشانہ بنا کر انہیں تباہ کر دیا گیا۔ اس حملے میں ۱۰۰؍ سے زیادہ دہشت گرد مارے گئے۔ آپریشن سیندور کے بعد پاکستان نے ہندوستان کے شہروں پر کئی ڈرون اور میزائل حملے کئے جنہیں ہندوستانی فوج نے ناکام بنا دیا۔