فلسطینی قیدیوں کی دو نمائندہ تنظیموں نے جمعہ کو بتایا کہ تقریباً ۳۵۰؍ فلسطینی بچے اسرائیلی جیلوں میں قید ہیں، جہاں انہیں تشدد، فاقہ کشی اور طبی سہولیات، تعلیم اور اہلِ خانہ سے ملاقات کے حقوق سے محرومی کا سامنا ہے۔
EPAPER
Updated: November 21, 2026, 2:02 PM IST | Ramallah
فلسطینی قیدیوں کی دو نمائندہ تنظیموں نے جمعہ کو بتایا کہ تقریباً ۳۵۰؍ فلسطینی بچے اسرائیلی جیلوں میں قید ہیں، جہاں انہیں تشدد، فاقہ کشی اور طبی سہولیات، تعلیم اور اہلِ خانہ سے ملاقات کے حقوق سے محرومی کا سامنا ہے۔
فلسطینی کمیشن برائے امورِ اسیران و سابق اسیران اور فلسطینی پرزنر سوسائٹی نے ہر سال ۲۰؍ نومبر کو منائے جانے والے بچوں کے عالمی دن (World Children`s Day) کے موقع پر ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے۔ تنظیموں نے بتایا کہ اس وقت اسرائیلی جیلوں میں تقریباً ۳۵۰؍ فلسطینی بچے قید ہیں، جن میں تین لڑکیاں بھی شامل ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ اکتوبر ۲۰۲۳ء میں غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی نسل کش جنگ کے آغاز کے بعد سے مقبوضہ مغربی کنارےبشمول مشرقی یروشلم میں ۲؍ ہزار سے زائد بچوںکی گرفتاریاں ریکارڈ کی گئی ہیں۔ بیان کے مطابق، جنگ کے دوران غزہ سے بھی درجنوں بچوں کو حراست میں لیا گیا، لیکن جبری گمشدگیوں اور ملاقاتوں پر پابندیوں کی وجہ سے ان کی درست تعداد، ٹھکانے اور قید کے حالات کا پتہ لگانا ناممکن ہو گیا ہے۔ تنظیموں نے کہا کہ اسرائیلی افواج مقبوضہ مغربی کنارے میں گھروں پر چھاپوں، فوجی چیک پوسٹوں، سڑکوں اور اسکولوں یا ان کے آس پاس سے بچوں کو گرفتار کرتی ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ درجنوں فلسطینی بچوں کو بغیر کسی فردِ جرم کے ’’انتظامی حراست‘‘ میں رکھا گیا ہے اور اس مدت میں بار بار توسیع کر کے انہیں اپنے دفاع کے حق سے محروم رکھا جاتا ہے اور غیر معینہ مدت تک قید میں ڈال دیا جاتا ہے۔ بیان کے مطابق، بچوں کو گرفتاری کے لمحے سے ہی بعض اوقات باندھ کر مارا پیٹا جاتا ہے، جس کے بعد کسی وکیل یا خاندان کے فرد کی موجودگی کے بغیر ان سے گھنٹوں پوچھ گچھ کی جاتی ہے اور انہیں سونے و آرام کرنے سے محروم رکھا جاتا ہے۔
تنظیموں نے کہا، ’’بچوں کو گنجائش سے زیادہ بھرے ہوئے ایسے کمروں میں رکھا جاتا ہے جہاں مناسب ہوا اور صحت کی دیکھ بھال کا فقدان ہےاور انہیں طبی علاج، تعلیم اور اہلِ خانہ سے ملاقات سے محروم رکھا جاتا ہے۔‘‘ بیان کے مطابق، بھیڑ بھاڑ اور صفائی ستھرائی کے سامان کی کمی کی وجہ سے قیدیوں میں خارش سمیت جلد کی بیماریاں پھیل چکی ہیں، جبکہ طبی علاج میں تاخیر کی جاتی ہے اور مناسب ادویات فراہم نہیں کی جاتیں۔ تنظیموں نے مزید کہا کہ بچوں کو فاقہ کشی پر مجبور کیا جا رہا ہے، جس سے ان کی صحت اور جسمانی حالت بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔انہوں نے راملّہ کے مشرق میں واقع قصبے سلواد کے رہائشی بچے ولید خالد احمد کے معاملے کو خاص طور پر اجاگر کیا، جو مارچ ۲۰۲۵ء میں اسرائیل کی میگیدو جیل میں دم توڑ گئے تھے۔ تنظیموں کے مطابق، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں شدید کمزوری اور جسم میں پٹھوں اور چربی کے مکمل خاتمے کا انکشاف ہوا، جس سے ان کی موت کی وجوہات میں بھوک اور پانی کی کمی کی تصدیق ہوئی۔ بیان میں کہا گیا کہ ان کی موت کی تحقیقات کسی کا تعین کئےبغیر بند کر دی گئیں اور اسرائیلی حکام نے ایک سال سے زیادہ عرصے تک ان کی لاش روکے رکھنے کے بعد منجمد حالت میں اہلِ خانہ کے حوالے کی۔
یہ بھی پرھئے: اسرائیل: وزیر اعظم کی مدت کو۸؍ سال تک محدود کرنے کا بل کنیسٹ میں پیش
دونوں تنظیموں نے اسرائیل کو حاصل استثنیٰ اور فلسطینی بچوں کے تحفظ میں عالمی برادری کی ناکامی پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے بچوں کی انتظامی حراست کے فوری خاتمے، قید نابالغ بچوں کی رہائی اور تشدد، فاقہ کشی اور جبری گمشدگیوں کے ذمہ داروں کے احتساب کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطینی بچوں کا تحفظ ایک بین الاقوامی ذمہ داری ہے اور خبردار کیا کہ بغیر کسی جوابدہی کے مسلسل خلاف ورزیاں بچوں کے حقوق کے پورے عالمی نظام کیلئے خطرہ ہیں۔فلسطینی اور اسرائیلی انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق، اس وقت تقریباً ۹؍ ہزار ۳۵۰؍ فلسطینی ، اسرائیلی جیلوں میں قید ہیں، جن میں تقریباً ۳۵۰؍ بچے اور ۹۰؍ خواتین شامل ہیں۔ حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ قیدیوں کو تشدد، فاقہ کشی اور طبی غفلت کا سامنا ہے، جس کے نتیجے میں درجنوں قیدی اسرائیلی حراست میں ہلاک ہو چکے ہیں۔ اکتوبر ۲۰۲۳ء میں غزہ میں شروع ہونے والی اسرائیلی نسل کشی کے بعد سے فلسطینی قیدیوں کے خلاف مظالم میں شدید اضافہ ہوا ہے، اس جنگ میں اب تک ۷۴؍ ہزارسے زائد فلسطینی شہید اور ایک لاکھ ۷۵؍ ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں، جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔