• Fri, 20 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسرائیلی فوج کی زمینی کارروائی کے بعد وسطی غزہ میں ۶؍ ہزار سے زائد فلسطینی جبری بے دخلی کا شکار

Updated: November 20, 2026, 9:04 PM IST | Gaza

اسرائیلی فوج کی نئی زمینی کارروائی، بمباری اور صلاح الدین اسٹریٹ کی بندش کے باعث وسطی غزہ کے النصیرات اور البریج کیمپوں میں ۶ ؍ ہزار سے زائد فلسطینی جبری بے دخلی کا شکار ہو گئے ہیں، جبکہ غزہ میڈیا آفس نے اسے جنگی جرم قرار دیتے ہوئے عالمی مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔

Photo: X.
تصویر: ایکس۔

غزہ کے سرکاری میڈیا آفس کے مطابق، نام نہاد ییلو لائن کے قریب اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں وسطی غزہ کی پٹی میں جبری نقل مکانی کی ایک نئی لہر سے ۱۵۰۰؍ سے زائد خاندانوں کے ۶؍ ہزار سے زیادہ فلسطینی متاثر ہوئے ہیں۔ اسرائیلی افواج نے غزہ میں ایک بڑی زمینی کارروائی کا آغاز کیا ہے، جو اکتوبر ۲۰۲۵ء میں جنگ بندی کے معاہدے کے بعد فوج کی جانب سے عوامی طور پر اعلان کردہ پہلا بڑا حملہ ہے۔ غزہ کے محکمۂ صحت کے حکام کے مطابق، اس نام نہاد ’’جنگ بندی‘‘ کے نفاذ کے بعد سے اب تک ۱۶۰۰؍ سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ اسرائیلی بمباری، جبری انخلاء کے احکامات اور شہریوں کی نقل و حرکت پر پابندیوں کے درمیان اس بے دخلی سے وسطی گورنریٹ کے النصیرات اور البریج پناہ گزین کیمپوں کے رہائشی متاثر ہوئے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں آمد و رفت کے ایک اہم راستے صلاح الدین اسٹریٹ کو بھی بند کر دیا ہے، جس سے مقامی شہریوں اور انسانی امداد فراہم کرنے والی ٹیموں کی رسائی مزید محدود ہو گئی ہے۔

یہ بھی پرھئے: بین الاقوامی عدالت انصاف کا روہنگیا نسل کشی کے خلاف تاریخی فیصلہ، میانمار ذمہ دار قرار

جمعرات کو جاری کردہ ایک بیان میں سرکاری میڈیا آفس نے کہا کہ ابتدائی میدانی اندازوں کے مطابق اس کارروائی سے ۶؍ ہزار سے زائد افراد بے گھر یا دیگر طریقوں سے متاثر ہوئے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ املاک اور بنیادی پناہ گاہوں کی تباہی سے ہزاروں ڈالر کے مادی نقصانات ہوئے ہیں۔ دفتر کے مطابق متاثرہ علاقوں اور ان کے اطراف میں واقع چھ رجسٹرڈ پناہ گاہوں میں ۶۳۰؍ خاندانوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً ۲؍ ہزار ۸۵۵؍ افراد مقیم تھے۔ ان مراکز میں الحداد (۶۰۳؍ افراد)، الوتین (۴۰۰؍ افراد)، سنابل الامل (۶۳۹؍ افراد)، الدعوہ کیمپ (۶۴۹؍ افراد)، حمیدیہ کیمپ (۳۰۶؍ افراد) اور العز بن عبدالسلام (۲۵۸؍  افراد) شامل ہیں۔ ان مراکز کے گرد و نواح میں تقریباً ۲۳۵؍ خاندانوں کے مزید ۲؍ ہزار ۴۰۵؍ افراد رہائش پذیر تھے، جبکہ نشانہ بنائے گئے اور قریبی علاقوں کے دیگر خاندان بھی اس کارروائی سے متاثر ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: ’’ٹرمپ اسرائیلی دباؤ کے سبب ایران کے خلاف نئے حملوں پر غور کر رہے ہیں‘‘

میڈیا آفس نے خبردار کیا کہ ان فوجی کارروائیوں سے ہزاروں بے گھر فلسطینیوں کو اپنی پناہ گاہوں اور بنیادی امدادی خدمات سے محروم ہونے کا خطرہ لاحق ہو گیا ہے، جبکہ نقل و حرکت پر پابندیوں نے امدادی سرگرمیوں میں رکاوٹ ڈالی ہے اور شہریوں کو مزید خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔ اس کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے سرکاری میڈیا آفس نے چوتھے جنیوا کنونشن، بین الاقوامی فوجداری عدالت کے روم اسٹیچوٹ اور بین الاقوامی انسانی قانون کا حوالہ دیتے ہوئے شہریوں کی جبری بے دخلی اور پناہ گاہوں پر حملوں کو جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم قرار دیا ہے۔ دفتر نے جنگ بندی کے ثالثوں، ضامنوں، اقوامِ متحدہ اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ بے گھر افراد، پناہ گاہوں اور امدادی کارکنوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے مداخلت کریں۔ اس کے ساتھ ہی صلاح الدین اسٹریٹ کو فوری اور مکمل طور پر دوبارہ کھولنے اور شہریوں کی نقل و حرکت سمیت ہنگامی خوراک، طبی اور دیگر امدادی سامان کی ترسیل کیلئے محفوظ اور مستقل انسانی راہداریاں قائم کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK