Inquilab Logo Happiest Places to Work

عید قرباں کےلئےدیونار منڈی میں جانوروں کی آمد

Updated: May 18, 2026, 12:42 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

خریدار اور تفریح کرنے والے بھی پہنچنے لگے، تاجروں سے ۲۱۸؍روپےفی بکرا چارج مگر خریداروں سے کوئی فیس نہیں۔ مختلف انتظامات کا دعویٰ، ہیلپ لائن نمبرات بھی جاری کئے گئے۔

Fewer buyers and more people enjoying themselves were seen in Deonar Mandi on the first day. Photo: INN
دیونار منڈی میں پہلے روز خریدار کم اور تفریح کرنے والے زیادہ لوگ نظر آئے۔ تصویر: آئی این این

عیدقرباں کیلئے دیونار منڈی میں جانوروں کی آمد اتوار ۱۷؍مئی سے شروع ہوگئی ہے اور پہلی گاڑی صبح ۶؍ بجے لائی گئی۔ پہلے دن الگ الگ جگہوں سے جانوروں کی کئی گاڑیاں لائی گئیں۔ اس کے ساتھ ہی خریدار اور تفریح کرنے والے بھی پہنچنے لگے۔ پہلے دن رات۸؍ بجے تک ۲۱؍ ہزار ۷۹۷؍ بکرے لائے گئے اور ۳۳۵؍ بکرے فروخت ہوئے۔ جیسے جیسے عید قرباں کے ایا م قریب آتے جائیں گے، منڈی میں لائے جانے والے جانوروں کی تعداد میں بھی خاطرخواہ اضافہ ہوتا جائے گا اورفروخت میں بھی تیزی آئے گی۔ قربانی کرنے والے بیشتر صاحبِ استطاعت قربانی سے چند دن قبل جانور خریدتے ہیں کیونکہ جانوروں کی نگرانی اور انہیں رکھنے کا بڑا مسئلہ ہوتا ہے۔ 
دوسری جانب نگرانی اور حفاظتی انتظامات سخت کئے گئے ہیں تاکہ جانوروں کی چوری کا اندیشہ نہ رہے۔ اس کیلئے پولیس اہلکاروں ، سلاٹر ہاؤس انتظامیہ کی جانب سے سکیوریٹی اہلکاروں کی تقرری کے ساتھ سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئےہیں تاکہ پورے منڈی کی نگرانی کی جاسکے۔ 
تاجروں سے فی بکرا ۲۱۸؍ روپے چارج مگر خریداروں سے کوئی فیس نہیں 
دیونار مذبح انتظامیہ کی جانب سے تاجروں سے فی بکرا ۲۱۸؍روپے چارج لیا جارہا ہے جبکہ خریداروں سے کوئی فیس نہیں لی جارہی ہے، البتہ انہیں رسید لینی ہوگی تاکہ یہ واضح ہو کہ جانور دیونار منڈی سے باضابطہ خریدا گیا ہے۔ اس ضمن میں جنرل منیجر سے یہ پوچھنے پر کہ گزشتہ فی بکرا ۲۰۰؍ تاجروں سے لیا گیا گیا تھا تو ان کا کہنا تھا کہ ہرسال ۱۰؍ فیصد بڑھایا جاتا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: گھر آکر مردم شماری کرنے والے عملہ کے ساتھ تعاون کریں: اشوینی بھڈے

دیونار منڈی میں انتظامات  
(۱) ۷۷۸۵۰؍اسکوائر میٹر ایریا پر محیط عارضی شیڈ اور ۲۲۲۵۶؍ اسکوائر میٹر کا مستقل شیڈ جس میں بیک وقت ایک لاکھ سے زائدجانوروں (بکرے اوربھینس ) کو رکھنے کی گنجائش ہوگی 
۲) ۶۰۰؍ صفائی ملازمین، ۵۰۰؍ پولیس کے جوان اور ۲۰۰؍ سکیوریٹی گارڈز 
۳)۷۰ا؍ سی سی ٹی وی کیمرے، ۶؍ گھومنے والے اور ۳۴ ؍ ڈرون کیمروں کی تنصیب 
۴) باڑوں کاآن لائن الاٹمنٹ
۵) تاجروں کےہمراہ میٹنگیں 
۶) حسبِ ضرورت اور گرمی کی شدت کے پیش نظر پانی کی وافر مقدار میں فراہمی
۷)ڈاکٹروں کی اضافی ٹیموں کی تعیناتی
۸)گشتی دستہ کی تعیناتی اور (۹)جانوروں کی گاڑیاں منڈی میں داخل کرنے کیلئے پہلی مرتبہ ٹوکن سسٹم جاری کیا جائے گا۔ یہ ٹوکن بالترتیب بیگن واڑی جنکشن کے پاس ہی دے دیا جائے گا تا کہ دیونار گیٹ پر ہنگامہ آرائی اور غیر ضروری ٹریفک سے بچا جاسکے
۱۰) امسال قربانی کرنے کےبعد گوشت لے جانے کےلئے بھی ٹوکن جاری کیا جائے گا
۱۱) صاف صفائی پر خصوصی توجہ اور کچرا گھنٹہ گاڑیوں میں ڈالنے کی تلقین (۱۲) نگرانی کے لئے ہر تھوڑے فاصلے پر پولیس کی چوکیاں۔ 
ہیلپ لائن نمبرات 
دیونار میں خریداری کرنے کے وقت کسی قسم کی دقت ہونے پر ہیلپ لائن نمبرات پر رابطہ قائم کیا جاسکتا ہے۔ اسی طرح بقرعید کیلئے قائم کردہ کنٹرول روم ۲۴؍ گھنٹہ چالو رہے گا۔ ہیلپ لائن نمبرات یہ ہیں۔ 
۹۰۷۶۰۰۰۴۸۱
۹۰۷۶۰۰۰۴۸۲
۹۰۷۶۰۰۰۴۸۳
۹۰۷۶۰۰۰۴۸۴
واضح رہے کہ ان نمبرات پر دیونار کے اندر کسی پریشانی کے لئے رابطہ قائم کیا جاسکتا ہے، باہر کے لئے نہیں ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK